Inquilab Logo

دہلی میں آکسیجن نہ ملنے پر ۱۲؍ ہلاک، ہائی کورٹ شدید برہم

Updated: May 02, 2021, 10:28 AM IST | New Delhi

مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا، دہلی کیلئے مختص آکسیجن کا پورا کوٹہ فوراً فراہم کرنے کا حکم بصورت دیگر توہین عدالت کی کارروائی کا انتباہ، پیر تک کا وقت دینے سے انکار

A relative of a patient undergoing treatment at home cries from the administration after the sale of oxygen cylinders stopped in Gurgram.PicturePTI
گروگرام میں آکسیجن کے سلنڈر کی فروخت بند ہونے پر گھر پر زیر علاج مریض کا ایک رشتہ دار انتظامیہ سے روتے ہوئےتصویر: پی ٹی آئی

 مودی حکومت    کے ان دعوؤں کے برخلاف کہ ملک میں آکسیجن کی کوئی کمی نہیں ہے، دہلی کے ایک اسپتال میں سنیچر کو پھر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے ۱۲؍ مریضوں نے دم توڑ دیا۔ان  میں ایک ڈاکٹر بھی شام ہے۔ اس حادثہ نے ایک بار پھر پورے ملک کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ اس دردناک سانحہ کے بعد دہلی ہائی کورٹ بھی سنیچر کو آپے سے باہر ہوگیا اوراس نے مودی حکومت کو انتہائی سختی سے پیش آتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ وہ دہلی کیلئے مختص کیاگیاآکسیجن کا پورا کوٹہ اسے فوری طور پر فراہم کرے یا پھر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے تیار ہوجائے۔ 
 بترا اسپتال میں دردناک سانحہ
 بترا اسپتال جہاں آکسیجن کی سپلائی پہنچنے میں ۸۰؍ منٹ کی تاخیر نے ۱۲؍ مریضوں کی جان لی ہے، کےایکزیکیٹیو  ڈائریکٹر سدھانشو بنکاتا نے بتایا کہ ’’ایک بار اگر آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریض کی حالت خراب ہوجائے تو پھر اسے بحال کرنا مشکل ہوجاتاہے۔ افسوس کہ ہمیں  مزید اموت کا خطرہ ہے۔‘‘   ان کے مطابق ۸۰؍ منٹ تک بغیر آکسیجن کے رہنے والے جن مریضوں  کی حالت  خراب ہوگئی ہے، ان میں سے مزید کچھ  کے آکسیجن کی بحالی کے بعد بھی دم توڑ  دینے کا خطرہ موجود ہے۔ اسی اسپتال کے گیسٹرولوجی محکمہ کے سربراہ ڈاکٹر آر کے ہمتھانی بھی مہلوکین میں شامل ہیں۔ اسپتال کے دائریکٹر ایس سی ایل گپتا نے بتایا کہ سنیچر کی صبح جب اسپتال میں صرف ۲۵۰۰؍ لیٹر آکسیجن بچی تھی تبھی حکام کو آگاہ کرتے ہوئے آکسیجن کی فوری فراہمی کی اپیل کی گئی تھی۔ دوپہر ساڑھے ۱۲؍ بجے آکسیجن ختم ہوگئی اور ۸۰؍ منٹ تک مریض بغیرآکسیجن کے رہے۔ دوپہر ایک بجکر ۳۵؍ منٹ پر آکسیجن پہنچی۔ 
آکسیجن کی کمی کے سبب فورٹس اسپتال نے داخلے بند کردیئے
  قومی راجدھانی کے اسپتالوں میں آکسیجن کی قلت کا اندازہ  اس بات سے لگایا جاسکتاہے کہ وسنت کنج میں واقع فورٹس اسپتال  نے داخلے بند کردیئے ہیں۔ جس وقت یہ خبر لکھی جارہی ہے، اسپتال کے پاس صرف ۴؍ گھنٹے کا آکسیجن بچا ہے۔ یہاں  کورونا کے ۱۰۶؍ مریض زیر علاج ہیں۔ ایک دوسرے اسپتال  ’سہگل نیو‘نے بھی آکسیجن کی کمی کا ہنگامی پیغام  بھیجا ہے۔  پورے دہلی میں اسپتالوں کا یہی  حال ہے۔ آکسیجن کی کمی کی وجہ سے مریضوں  کو داخل نہیں کیا جارہا اور وہ  اسپتال کے باہر ہی دم توڑ رہے ہیں۔ 
ہائی کورٹ  نے مودی سرکار کو سخت ڈانٹ پلائی
  اس صورتحال نے ہائی کورٹ  کو شدید برہم کردیاہے۔ اس نے مرکزی حکومت کو سخت ڈانٹ پلاتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ دہلی کے لئے  مختص آکسیجن کا پورا کوٹہ فوری طورپر فراہم کرے   ورنہ   توہین عدالت کی کارروائی کیلئے تیار ر ہے۔ مرکزی حکومت  کے وکیلوں نے عدلت  سے پیر تک کا وقت مانگنے کی کوشش کی مگر کورٹ نے درخواست مسترد کردی ہے اور سنیچر کو حکم دیا کہ فوری طور پر دہلی کے کوٹے کا پورا آکسیجن اسے پہنچایا جائے۔ 
 ہائی کورٹ نے بترا اسپتال میں آکسیجن کی  شدید قلت  سے متعلق درخواست کی فوری سماعت کرتے ہوئے یہ سخت ہدایت دی۔  مریضوں کی اموات کی اطلاع ملنے کے بعد جسٹس وپن سانگھی اور  ریکھا پلی کی  بنچ نے کہا  کہ’’ہم مرکزی حکومت کو ہدایت دیتے ہیں کہ وہ کسی بھی حال میں دہلی کو۴۹۰؍ ٹن آکسیجن کی فراہمی آج (سنیچر کو) ہی یقینی بنائے۔‘‘
 اب پانی سر سے اونچا ہوگیاہے: ہائی کورٹ
 جسٹس سانگھی نے مرکز کی جانب سے پیش ہونے والے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل چیتن شرما سے کہا کہ’’اب پانی سر سے اوپر ہوگیا ہے، اور اب  بہت ہوچکا۔‘‘ جج نے کہاکہ’’ہم۴۹۰؍  ٹن سے زیادہ آکسیجن دینے کو  نہیں کہہ رہے ہیں۔ آپ نے  خود یہ مختص کیا ہے۔ آپ  پر واجب ہے کہ اس کی فراہمی جلد کریں۔‘‘ عدالت نے کہا کہ مرکزی حکومت نے دہلی کیلئے روزانہ۴۹۰؍ ٹن میڈیکل آکسیجن مختص کیا تھا  جو صرف کاغذ پر ہے۔ 

oxygen Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK