مغربی سوڈان کے شمالی دارفور کے دارالحکومت الفاشرمیں پیر کو نیم فوجی فورس ’ ریپڈ سپورٹ فورس‘ (آر ایس ایف) کی جانب سے رہائشی علاقوں پر کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم ۱۳؍شہری جاں بحق اور۱۹؍ زخمی ہو گئے۔
حملوں سے لو گ بے گھر ہورہےہیں۔ تصویر: آئی این این
مغربی سوڈان کے شمالی دارفور کے دارالحکومت الفاشرمیں پیر کو نیم فوجی فورس ’ ریپڈ سپورٹ فورس‘ (آر ایس ایف) کی جانب سے رہائشی علاقوں پر کی گئی گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم ۱۳؍شہری جاں بحق اور۱۹؍ زخمی ہو گئے۔
سوڈان ڈاکٹرز نیٹ ورک نے ایک بیان میں کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ۷؍ بچے اور ایک حاملہ خاتون شامل ہیں۔ نیٹ ورک کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مزید لاشیں اور زخمی افراد اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جن کی درست تعداد معلوم نہیں ہو سکی۔ اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مکمل جنگی جرم قرار دیا گیا ہے۔
الفاشر کے سعودی اسپتال کے طبی ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ طبی عملہ اور ضروری ساز و سامان کی شدید کمی کے باوجود اسپتال میں کم از کم ۱۲؍لاشیں اور تقریباً۲۰؍ زخمی لائے گئے ہیں۔
ادھر آر ایس ایف نے پیر کودعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے الفاشر میں کئی اہم فوجی مقامات پر قبضہ کر لیا ہے جن میں سوڈانی فوج کے چھٹے انفنٹری ڈویژن کے میڈیکل کور ہیڈکوارٹرز شامل ہیں۔ تاہم ایس اے ایف کے مشترکہ دستوں اور ان کے اتحادی گروپوں نے آر ایس ایف کے کسی بھی قبضے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے الفاشر میں آر ایس ایف کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے اور بڑی تعداد میں آر ایس ایف کے جنگجوؤں کو ’غیر مؤثر‘ کر دیا ہے۔