Updated: October 08, 2025, 12:40 PM IST
|
Agency
| Mackay
ہینل پٹیل اور کھلن پٹیل نے ۳۔۳؍ وکٹیں لے کر آسٹریلیا انڈر۔ ۱۹؍ کو دوسرے یوتھ ٹیسٹ کے پہلے دن منگل کے روز پہلی اننگز میں صرف ۱۳۵؍ رنوں پر سمیٹ دیا۔
ہینل پٹیل نے ۲۱؍رن دے کر ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔ تصویر: آئی این این
ہینل پٹیل اور کھلن پٹیل نے ۳۔۳؍ وکٹیں لے کر آسٹریلیا انڈر۔ ۱۹؍ کو دوسرے یوتھ ٹیسٹ کے پہلے دن منگل کے روز پہلی اننگز میں صرف ۱۳۵؍ رنوں پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کی انڈر ۔۱۹؍ ٹیم نے اس کے جواب میں اسٹمپ تک ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۴؍ رن بنا کر ۹؍ رنوں کی برتری حاصل کر لی ہے۔اس طرح یوتھ ٹیسٹ کے پہلے ہی روز کُل ۱۷؍وکٹیں گر گئی ہیں۔ آسٹریلیا انڈر۔۱۹؍کی جانب سے ایلکس لی ینگ نے سب سے زیادہ ۶۶؍رن بنائے جبکہ یش دیشمکھ نے ۲۲؍رنوں کا تعاون دیا ۔ ہینل نے ۲۱؍ رنوں پر ۳؍ وکٹیں، کھلن نے ۲۳؍ رنوں پر ۳؍ وکٹیں اور اُدھَو موہن نے ۲۳؍ رن پر ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں ہندوستان کی انڈر۔۱۹؍ ٹیم نے اسٹمپ تک ۷؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۴؍رن بنا لئے۔ ٹیم انڈیا نے ۸۲؍رن پر اپنے۶؍ وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن کھلن نے ۲۶؍اور ہینل نے ناٹ آؤٹ ۲۲؍رن بنا کر ٹیم کو سنبھالا اور برتری دلوائی۔ ودانت ترویدی نے ۲۵؍ اور ویبھو سوریہ ونشی نے ۲۰؍رنوں کا تعاون دیا۔ اسٹمپ کے وقت ہینل کے ساتھ دپیش دویندر ۶ ؍رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔آسٹریلیائی ٹیم کی جانب سے کیسی بارٹن نے ۳؍ اور ول بائروم نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔