موبائل فون کا حد سے زیادہ استعمال کرنے کے نقصانات سے آگاہی کے بعد ڈجیٹل ڈیٹاکس کی اصطلاح تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ آپ بھی ڈجیٹل ڈیٹاکس کے ذریعہ خود کو فون کا حد سے زیادہ استعمال کرنے سے روک سکتی ہیں۔ ساتھ ہی گھر کے بچوں اور بڑوں کو بھی برقی آلات سے دور رکھنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔
ایک اصول بنائیں کہ جب گھر میں سبھی اکٹھے ہوں اس وقت موبائل فون استعمال نہیں کرنا ہے۔ تصویر: آئی این این
بچے کیا بڑے آج کل ہر کوئی موبائل فون کی دُنیا میں مگن رہتا ہے۔ اس عادت نے ہر کسی کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ موبائل فون کا ضرورت سے زیادہ استعمال کرنا ہمیں آنکھوں اور سر درد کے مسائل سمیت مختلف بیماریوں کی طرف لے جاتا ہے۔ اس عادت میں مبتلا افراد کے لئے سب سے زیادہ ضروری یہ ہے کہ وہ موبائل فون استعمال کرنے کے لئے کچھ وقت یعنی گھنٹے متعین کر لیں تاکہ وہ اس حد میں رہ کر ہی موبائل فون استعمال کریں۔ موبائل فون کا حد سے زیادہ استعمال کرنے کے نقصانات سے آگاہی کے بعد ڈجیٹل ڈیٹاکس کی اصطلاح تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ آپ بھی ڈجیٹل ڈیٹاکس کے ذریعہ خود کو فون کا حد سے زیادہ استعمال کرنے سے روک سکتی ہیں۔ ساتھ ہی گھر کے بچوں اور بڑوں کو بھی برقی آلات سے دور رکھنے میں کامیاب ہوسکتی ہیں۔ اس حوالے سے چند تجاویز بتائی جا رہی ہیں جن پر عمل کرکے آپ کافی حد تک اس عادت پر قابو پانے میں کامیاب ہوجائیں گی۔
موبائل فون استعمال کرنے کا وقت متعین کرلیں
موبائل فون استعمال کرنے کی عادت پر قابو پانے کے لئے سب سے زیادہ اہم چیز یہی ہے کہ آپ گھر میں موجود بچوں یا نوجوانوں کے موبائل استعمال کرنے یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے کا ایک وقت متعین کرلیں کہ دن بھر میں اتنے گھنٹے ہی موبائل فون استعمال کرنا ہے۔ وقت متعین کرنے کے بعد ضروری ہے کہ بڑے بچوں پر نظر رکھیں اور ساتھ ہی خود بھی موبائل فونز استعمال کرنے کی ایک حد مقرر کر لیں، جب گھر کے تمام افراد ایک ہی اصول پر چلیں گے تو ایسے اس عادت پر قابو پانا آسان ہوجاتا ہے۔
اصول بنائیں
اپنے گھر میں موبائل فون استعمال کرنے کے حوالے سے اصول بنائیں، خاص طور پر کھانا کھاتے وقت یا جب سب گھر والے مل کر ساتھ بیٹھیں تو اس وقت کسی کو بھی موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے۔ اس دوران ایک دوسرے سے بات چیت کریں۔
بستر پر لیٹنے سے پہلے موبائل فون دور رکھ دیں
اپنے گھر میں یہ اصول سب کے لئے طے کر دیں کہ رات میں بستر پر لیٹتے وقت ٹی وی اور موبائل فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، کیونکہ ہم سب سے زیادہ بستر پر سونے کے وقت لیٹ کر موبائل فون استعمال کرتے ہیں جس کی وجہ سے یہ ہماری عادت بن جاتی ہے جو صحت کے لئے بھی بے حد نقصاندہ ہے۔
موبائل فون کے مضر اثرات سے آگاہ کریں
یہ بہت ضروری ہے کہ گھر میں موجود ہر شخص کو موبائل فون کے استعمال کے مضر اثرات کے بارے میں بات چیت کرکے انہیں آگاہ کیا جائے تاکہ کوئی بھی موبائل فون کا زائد استعمال کرنے سے پہلے ایک بار اس کے نقصانات کے بارے میں ضرور سوچے۔
گھر سے باہر وقت گزاریں
برقی آلات انسان کے ذہن کو تھکا دیتے ہیں۔ ایسے میں اس کا حل یہ ہے کہ آپ بچوں کے ساتھ گارڈن یا سمندر کنارے گھومنے جائیں۔ روزانہ یا ہفتے میں ایک بار آس پڑوس میں جائیں یا کسی پارک چلے جائیں۔ اس دوران ضرورت پڑنے پر ہی موبائل فون کا استعمال کریں۔
کتب بینی کی عادت ڈالیں
ڈجیٹل ڈیٹاکس کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ کتابوں سے دوستی کرلیں۔ اس دوران دلچسپی سے پُر کتابیں پڑھیں۔ اس سرگرمی میں گھر کے بڑے اور بچوں کو بھی شامل کریں۔ سبھی اکٹھے مل کر کتابوں کی فہرست تیار کریں اور ایک دوسرے کو پڑھنے کی ترغیب دیں۔
کاموں میں مصروف رہیں
بلاشبہ مصروفیت کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ مصروف انسان غیر ضروری سرگرمی میں ملوث ہونے سے بچ جاتا ہے۔ ڈجیٹل ڈیٹاکس کے لئے اپنے آپ کو کاموں میں مصروف رکھیں۔ دن بھر کے اوقات کو منظم کریں۔ کب کون سا کام کرنا ہے؟ یہ سب طے کریں۔ اس سے آپ کی کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی۔ اپنے کاموں میں بچوں کا بھی تعاون بھی حاصل کریں۔ اس طرح وہ بھی آپ کے ساتھ کام میں مصروف رہیں گے اور موبائل فون سے دور رہیں گے۔
آرام بھی کریں
آپ نے حالیہ برسوں میں غور کیا ہوگا کہ موبائل فون کے بڑھتے استعمال کے سبب ہم سب آرام کرنا بھول گئے ہیں۔ جبکہ ہمارے جسم کو آرام کی بھی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ اس سے ذہنی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔ بوریت کا وقت تخلیقی عمل متحرک کرنے میں مدد دیتا ہے، اس لئے دن میں آدھا یا ایک گھنٹہ آرام کے لئے نکالیں۔ اس دوران موبائل فون کو سائیلنٹ کردیں اور آس پاس کے لوگوں کو مطلع کردیں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں وہ آپ سے کسی اور ذریعہ سے رابطہ کر سکیں۔