Updated: October 08, 2025, 12:44 PM IST
|
Agency
| London
خراب دور سے گزر رہے لیورپول کے اسٹار کھلاڑی کا ٹیم کے منیجر آرنیسلاٹ نے دفاع کیا۔
لیورپول کے محمد صلاح خراب دور سے گزر رہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
لیورپول کے منیجر آرنی سلاٹ نے چیلسی کے خلاف ٹیم کی شکست کے دوران اپنے مصری اسٹار محمد صلاح کی جانب سے متعدد مواقع ضائع کرنے کے باوجود ان کا دفاع جاری رکھا ہے۔ سلاٹ نے زور دیا ہے کہ صلاح کے لئے بعض میچوں میں معمول سے کم کارکردگی دکھانا فطری ہے کیونکہ آخرکار وہ بھی ایک انسان ہے۔
واضح رہے کہ ۳۳؍سالہ ا سٹار کھلاڑی نے اس سیزن میں اب تک تمام مقابلوں میں لیوپول کےلئے۳؍ گول کئے ہیں اور اتنے ہی گول کرنے میں اسسٹ کیا ہے۔سنیچر کو چیلسی کے خلاف دو ایک کی شکست میں کوئی گول یا اسسٹ کرنے میں ناکامی کا مطلب ہے کہ یہ اس سیزن میں لیگ کا تیسرا میچ ہے جس میں محمد صلاح گول کرنے یا کروانے میں ناکام رہے ہیں۔
کوچ سلاٹ نے سنیچر کو اپنے مصری اسٹار کو آرام دیا تھا، جہاں انہوں نے چمپئن لیگ میں گیلٹسرائے کے خلاف میچ میں صرف ۲۸؍ منٹ کیلئے متبادل کھلاڑی کے طور پر شرکت کی تھی۔ اس فیصلے کے اثرات کے حوالے سے سلاٹ نے الجھن کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’یہ ایک دلچسپ نقطہ ہے۔ کیا انہوں نے آج اتنے مواقع اس لئے پیدا کئے کیونکہ وہ ہفتے کے دوران نہیں کھیلے؟ یا کیا انہوں نے یہ مواقع اس لئے ضائع کئے کیونکہ ان میں وہ تیزی کی کمی تھی جو گلیٹسرائے کے خلاف کھیلنے پر ہو سکتی تھی؟ ہم کبھی نہیں جان پائیں گے۔‘‘
ڈچ کوچ نے مزید کہا’’مجھے یہ بات پسند ہے کہ وہ کئی بار ان پوزیشنز پر پہنچے جہاں وہ اور میں دونوں چاہتے تھے کہ وہ پہنچیں۔ انہوں نے اپنے پورے کریئر میں اور جب سے میں یہاں آیا ہوں یہ دکھایا ہے کہ وہ گول کر سکتے ہیں۔ہم نے جیتنے کے لئے کافی مواقع پیدا کئے۔‘‘سلاٹ نے اس بات پر زور دیا کہ مواقع ضائع کرنا کھیل کا حصہ ہے اور صلاح کوئی گول کرنے والی مشین نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا’’آج انہیں وہی کرنے کے بہت سے مواقع ملے جو وہ اکثر کرتے رہے ہیں، لیکن وہ ایک انسان ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ ہر موقع جو انہیں ملتا ہے وہ ہمیشہ گول ہی ہو۔ وہ ایسے میچ بھی کھیل سکتے ہیں جہاں انہیں وعدہ کن پوزیشنوں پر مواقع ملیں اور وہ گول یا اسسٹ نہ کر سکیں۔‘‘ انہوں نے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اپنی بات ختم کی’’ہم نے ایک گول سے زیادہ کرنے کے لئے کافی سے زیادہ مواقع پیدا کئے پچھلے ہفتے بھی اور آج بھی۔ جب ہم نے گول کیا، تو میں نے سوچا کہ ہم جیت جائیں گے۔ میں یہ نہیں کہوں گا کہ ہم فتح کے مستحق تھے، لیکن ہم یقینی طور پر برابری کے مستحق تھے۔‘‘