بڑھتی گرمی میں زیادہ استعمال اور پانی کی قلت کے دوران شہری انتظامیہ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئےمتحرک۔
EPAPER
Updated: October 13, 2026, 2:09 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
بڑھتی گرمی میں زیادہ استعمال اور پانی کی قلت کے دوران شہری انتظامیہ پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لئےمتحرک۔
بڑھتی گرمی میں پانی کے زیادہ استعمال اور پانی کی قلت کے دوران شہری انتظامیہ پانی کے موجودہ ذخیرے کو احتیاط سے استعمال کرنے کیلئے متعدد پروگراموں پر عمل کر رہا ہے ۔اس کے تحت پانی کے رسنے اور چوری کے کنکشن پر کارروائی کی جا رہی ہے تاکہ پانی کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔ جنوری سے اگست ۲۰۲۶ء کے درمیان پانی کے اخراج کی ۱۷؍ ہزار ۹۰۶؍اور اسی عرصے میں ۴؍ہزار ۹۰؍ غیر قانونی نل کنکشن کی شکایتیں درج ک گئی ہیں۔
خیال رہے کہ ممبئی کو ویترنا، مودک ساگر، تانسا، بھاتسا، وہار اورتلسی جھیلوں سے روزانہ ۴؍ ہزار ۱۰۰؍ ملین لیٹر پانی ملتا ہےجبکہ ممبئی کو روزانہ ۴؍ ہزار ۶۰۰؍ملین لیٹر پانی کی ضرورت ہوتی ہے۔ بڑھتی آبادی کو پانی سپلائی کرنے کی وجہ سےان آبی ذخائر میں پانی کی قلت ہو رہی ہے ۔ اس لئے پانی کے ذرائع کو بڑھانے کیلئے میونسپل انتظامیہ لگ گئی ہے اور ڈیم پروجیکٹ ا ور سیوریج ری سائیکلنگ جیسے مختلف پروجیکٹوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہی ہے۔ میونسپل انتظامیہ نے اعتراف کیا ہے کہ جھیلوں سے روزانہ تقریباً ۴؍ہزار ۸۰۰؍ ایم ایل ڈی پانی لیا جاتا ہے جس میں سے ۴؍ ہزار ۱۰۰؍ ایم ایل ڈی پانی شہریوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ باقی پانی کا ایک بڑا حصہ لیکیج اور چوری کی وجہ سے ضائع ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دھاراوی ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کا بھومی پوجن کردیا گیا
ممبئی کو پانی فراہم کرنے والی ۷؍جھیلیں امسال ۹۷؍ فیصد بھری تھیں ۔ اکتوبر کے پہلے ہفتے میں ان جھیلوں میں آبی ذخائر ۹۴؍ فیصد تک آگئے ہیں ۔ شہری انتظامیہ کے سامنے اگلے سال اگست تک اس پانی کی فراہمی کا چیلنج درپیش ہے۔ ممبئی اس وقت ۱۰؍ فیصد پانی کی کٹوتی کا سامنا کر رہا ہے۔ اس لئے میونسپل انتظامیہ نے ممبئی کی پانی کی فراہمی کے حوالے سے اسٹینڈنگ کمیٹی میں ایک پریزنٹیشن بھی دیا ہے ۔
دریں اثناء شیو سینا (شندے) کی کارپوریٹر ورشا ٹیمباولکر نے پرانی اور نئی بچھائی گئی پائپ لائنوں میں جدید ٹیکنالوجی کے کیمرے لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ا س سے پائپ لائنوں میں رسائو اور پانی کی آلودگی کی ممکنہ شکایات کا بروقت پتہ لگایا جا سکے گا۔ یاد ہے کہ پانی برباد ہونے سے بچانے کی ہر مکن کوشش کی جا رہی ہے۔ میونسپل انتظامیہ نے واضح کیا کہ مختلف مینوفیکچررز کے جدید لیک ڈٹیکشن سسٹم کی جانچ کر کے مناسب ٹیکنالوجی کا تعین کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔تمام پرانی پائپ لائن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے اور رسائو کا پتہ لگانے والی مشینوں کا مشتبہ مقامات پر استعمال کیا جائے گا۔