• Tue, 13 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی میں پارہ ۲ء۳۸؍ ڈگری پہنچا، اس مہینے گرمی مزید بڑھنے کا خدشہ

Updated: October 13, 2026, 2:25 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بجلی کی مانگ گرمیوں کے موسم کی سطح کے قریب پہنچی، پانی سنبھال کر استعمال کرنے کی اپیل، جھیلوں میں موجودہ پانی ۳۱؍ اگست ۲۰۲۷ء تک چلانا ہے۔

City residents are troubled by the heat. Photo: Ashish Raje
گرمی سے شہری پریشان ہیں۔ تصویر:آشیش راجے

 پیر کو ممبئی میں پارہ ۲ء۳۸؍ ڈگری سیلسیئس تک پہنچ گیا جو نہ صرف اس سال اکتوبر کی سب سے اونچی سطح ہے بلکہ ۲۰۱۵ء کے بعد سے یعنی گزشتہ ۱۱؍ برسوں میں سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ البتہ ماہرین کے مطابق شہریوں کو گرمی سے راحت ملنے کے بجائے اس میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ اس دوران بجلی کی مانگ میں گرمیوں کے موسم کی طرح اضافہ ہوگیا ہے اور شہری انتظامیہ نے عوام کو پانی سنبھال کر استعمال کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ جھیلوں میں جمع شدہ پانی کو اگست ۲۰۲۷ء تک چلایا جاسکے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو سانتا کروز میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۲ء۳۸؍ اور قلابہ میں ۵ء۳۶؍ جبکہ تھانے میں ۳۸؍ ڈگری سیلسیئس ریکارڈ کیا گیا۔اگرچہ قلابہ میں درجہ حرارت سانتا کروز سے زیادہ تھا لیکن جنوبی ممبئی میں فضاء میں رطوبت کی مقدار ۶۲؍ فیصد تھی جبکہ سانتا کروز میں ۴۸؍ فیصد تھی۔ رطوبت زیادہ ہونے کی وجہ سے قلب شہر میں گرمی کی شدت ریکارڈ شدہ درجہ حرارت سے کافی زیادہ محسوس کی جارہی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: نانا پاٹیکر کثیرجہتی شخصیت کے حامل تھے جن کی زندگی فن، بیباکی اورانسانیت کا ایک انوکھا امتزاج رہی

بجلی کی مانگ میں اضافہ

ممبئی میں ۹؍ اکتوبر کو ہی اے سی اور پنکھوں کا زیادہ استعمال ہونے سے بجلی کی مانگ ۴۳۹۴؍ میگا واٹ پہنچ گئی تھی۔ اس سے قبل ۲۶؍ مئی کو ممبئی میں بجلی کی سب سے مانگ تھی جو ۴؍ ہزار ۵۵۸؍ میگا واٹ پہنچی تھی۔ اس دوران الیکٹرک وہیکل کے چارجنگ اسٹیشنوں اور میٹرو لائن کی وجہ سے ۱۵۰؍ میگا واٹ مزید بجلی کی مانگ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔

پانی کا مسئلہ

اس سال بارش کم ہونے کی وجہ سے ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر پانی گزشتہ ۳؍ برسوں کے مقابلے سب سے کم سطح پر ہے۔ پیر کو بی ایم سی نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ پانی کو بہت سنبھال کر استعمال کریں کیونکہ اس سال جھیلوں میں جتنا پانی جمع ہوا ہے اسے ۳۱؍ اگست ۲۰۲۷ء تک چلانا ہے۔ بی ایم سی نے شہریوں سے یہ بھی درخواست کی ہے کہ کھانے پینے کے علاوہ دیگر کاموں کیلئے دیگر ذرائع سے حاصل کیا ہوا ایسا پانی استعمال کرنے کی کوشش کریں جو پیا نہیں جاسکتا۔ واضح رہے کہ ایل نینو کے اثرات سے اس سال بارش کم ہوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK