ماٹنگا میں ۲۲؍ ایکڑ کی ریلوے لائن سائٹ پر۱۰؍ ٹاور تعمیر کئے جائیں گے۔ دھاراوی بچائو آندولن کی مخالفت کے باوجود تعمیرات کی طرف پہلا قدم بڑھادیا گیا۔
EPAPER
Updated: October 13, 2026, 2:04 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
ماٹنگا میں ۲۲؍ ایکڑ کی ریلوے لائن سائٹ پر۱۰؍ ٹاور تعمیر کئے جائیں گے۔ دھاراوی بچائو آندولن کی مخالفت کے باوجود تعمیرات کی طرف پہلا قدم بڑھادیا گیا۔
اڈانی کمپنی کے ذریعہ دھاراوی کی بازآباد کاری(ڈی آر پی) کی بہت بڑی تعداد میں مقامی افراد کے ذریعہ شدید مخالفت کے درمیان پیر کو اس پروجیکٹ میں اس وقت پیش رفت ہوئی جب کمپنی کے ڈائریکٹر کی موجودگی میں اس کام کے پہلے مرحلے کا تعمیراتی کام شروع کرنے کیلئے بھومی پوجن کردیا گیا۔بھومی پوجن ماٹنگا ریلوے کی سائٹ پر واقع ۲۲؍ ایکڑ کی قطعہ اراضی پرکیا گیا اور منصوبے کے مطابق یہاں ۱۰؍ ٹاور تعمیر کئے جائیں گے جن میں بازآباد کاری کے ۱۰؍ ہزر ۴۳۲؍ رہائشی اور ایک ہزار ۳۷۹؍ کمرشیل یونٹ فراہم کئے جائیں گے۔حکومت مہاراشٹر یہ ۱۰؍ ٹاور ڈی آر پی/ ایس آر اے کو ۳؍ مرحلوں میں سونپے گی۔ منصوبے کے تحت پہلے ۵؍ ٹاور مارچ ۲۰۲۹ء تک دیئے جانے ہیں۔ اس کے بعد مزید ۲؍ ٹاور اگست ۲۰۲۹ء میں اور بقیہ ۳؍ ٹاور اگست ۲۰۳۰ء میں دیئے جائیں گے۔ ڈی آر پی نے بھومی پوجن اور یہاںتعمیر کئے جانے والے ۱۰؍ ٹاوروں کا کمپیوٹر سے تیار شدہ خاکہ میڈیا کیساتھ پیر کو شیئر کیا گیا۔ اڈانی انٹرپرائزیس لمیٹڈ (اے ای ایل)کے ڈائریکٹر پرنو اڈانی کے ہاتھوں بھومی پوجن کیا گیا جبکہ کمپنی کے سی ای او انل سرڈانا، ڈی آر پی / ایس آر اے کے سی ای او مہندر کلیانکر، اَربن ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ریاستی ایڈیشنل چیف سیکریٹری اسیم کمار گپتا اور اڈانی ریئلٹی کے سی ای او جیک بیسٹیئن نزاریتھ تقریب میں موجود تھے۔مکینوں کے لئے پانی، بجلی کی سپلائی، صاف صفائی اور بنیادی ضرورتوں کے ساتھ ڈیجیٹل خدمات بھی فراہم کی جائیں گی۔ ان کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ مقامی افراد کے روزگار اور ان کی تجارت کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
پہلے یہاں سیکٹر ۶؍ اور ایک کے اہل مکینوں کو بسایا جائے گا اور پھر دھاراوی کے دیگر ۴؍ہزار ۵۰۰؍ مکینوں کو ترجیح دی جائے گی۔
اس پروجیکٹ کو عملی جامہ پہنانے کیلئے ’اڈانی نوبھارت ڈیولپرس پرائیویٹ لمیٹڈ‘ (اے این ڈی پی ایل) نامی ڈیولپر کمپنی تشکیل دی گئی ہے۔ اس کمپنی کی ذمہ داری ہوگی کہ تمام اہل مکینوں کو کم از کم ۳۵۰؍ مربع فٹ کے مکان ملیں۔
یہ بھی پڑھئے: آئن لائن سیل میں ۲؍دنوں میں ۲۴؍ ہزار کروڑ کی فروخت
اے این ڈی پی ایل کے سی ای او انل سرڈانا نے کہا کہ ’’اب جبکہ تعمیرات کی طرف پیش رفت ہوگئی ہے تو ہماری اولین ترجیح وقت پر مکانات فراہم کرنے اور طویل مدت تک ان کی دیکھ ریکھ پر ہوگی۔ ہم ہر عمارت اور کامن ایریا سونپنے کے بعد ۱۰؍ برسوں تک ان کی دیکھ ریکھ کریں گے۔
اس موقع پر پرنو اڈانی نے کہا کہ ’’ہر خاندان ایسے مکان کا مستحق ہے جہاں اسے تحفظ کا احساس ہو اور اپنے مستقبل کے تعلق سے منصوبہ بندی کر سکے۔ ہمیں پتہ ہے کہ دھاراوی کے خاندانوں کیلئے یہ بات کیا معنی رکھتی ہے۔ ہم ماٹنگا میں ۱۰؍ عمارتیں تعمیر کررہے ہیں۔ یہ رہنے کیلئے ایسی جگہ ہوگی جہاں لوگ معیاری زندگی بسر کرسکیں گے اور اپنے بچوں کا بہتر مستقبل بنا سکیں گے۔‘‘
ڈی آر پی کا دعویٰ ہے کہ بہتر تعمیرات فراہم کرنے کیلئے عالمی سطح کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اس پروجیکٹ کیلئے ڈیزائن، انجینئرنگ اور شہری منصوبہ بندی میں مہارت رکھنے والی امریکی کمپنی ساسکی، لندن کی انجینئرنگ کمپنی بُرو ہاپولڈ، ممبئی کی اسٹوڈیو پوڈ، معروف آرکیٹیکٹ حفیظ کانٹریکٹر، پی اینڈ ٹی اور آرک اسٹوڈیو اور سنگار پور کے شہری منصوبہ بندی کے ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
سہولیات پر ایک نظر
ایس آر اے کے سی ای او مہندرا کلیانکر کے مطابق ہر ٹاور ۳۷؍ یا ۳۹؍ منزلے کا ہوگا اور ہر ٹاور میں ۱۰؍ سے۱۲؍ لفٹ مہیا کی جائیں گی جن میں سے ۲؍ فائر لفٹ ہوں گی۔ ان کے علاوہ ۲؍ مزید لفٹ کمرشیل اور انڈسٹری والوں کے استعمال کیلئے ہوں گی۔ دیگر سہولیات میںچھوٹے بچوں کی تعلیم کیلئے ’کے جی‘، کمیونٹی ہال، پوڈیم گارڈن، سائٹ آئوٹ ایریا، سوسائٹی کا دفتر، عبادت گاہیں، دکانیں، اسکولیں، دوا خانے، پبلک ٹرانسپورٹ اور ایسے ڈھانچے فراہم کئے جائیں گے جہاں مکین بیٹھ کر آپس میں ملاقاتیں اور باتیں کرسکیں۔ ضروری سہولیات اس طرح سے مہیا کی جائیں گی کہ ہر ۱۵؍ منٹ چلنے پر ان تک پہنچا جاسکتا ہو۔