دہیسر تا کاشی گاؤںمیٹرو-۹؍ اور ڈائمنڈ گارڈن تا منڈالے میٹرو۲؍بی کووزیراعلیٰ اور نائب وزرائے اعلیٰ نے ہری جھنڈی دکھائی گئی ۔ ان پروجیکٹوں سے شہریوں کو سفر میں راحت ملے گی۔
کاشی گاؤں میٹرو اسٹیشن پر میٹرو۹ ۔تصویر:آئی این این
وزیراعلیٰ دیویندرفرنویس کے ہاتھوں ممبئی کے ۴؍ اہم پروجیکٹوں کا منگل کو افتتاح ہوا۔ملک کی سب سے طویل تھانے-بوریولی شہری ٹنل کا کام منگل سے کام شروع کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس، نائب وزرائے اعلیٰ ایکناتھ شندے اور سونیترا پوار، وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک اور دیگر معززافراد کے موجودگی میں سرنگ کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے دعویٰ کیا ہے کہ ۱۱ء۸۴؍ کلو میٹر سرنگ مکمل ہونے کےبعد ۹۰؍منٹ تا ڈیڑھ گھنٹے کا سفر محض ۱۵؍ منٹ میں طے کیا جاسکے گا۔ بوریولی جڑواں ٹنل پروجیکٹ ۲۰۲۸ء تک مکمل ہو جائے گا۔وزیر اعلیٰ فرنویس نے دعویٰ کیا کہ تھانے تا بوریولی ٹنل کسی شہری علاقوں میں بنائی جانے والی پہلی سب سے طویل سرنگ ہے۔
دہیسر تا کاشی میرا میٹرو کا افتتاح
اسی طرح دہیسر تا کاشی میرا میٹرو - ۹ کے پہلے مرحلے کو وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے افتتاح کیا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ، وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک ، میرا بھائندر کے رکن اسمبلی نریندر مہتا ، میئر ڈمپل مہتا ، اعلیٰ حکام اور افسران موجود تھے۔ سب سے پہلے دہیسر میں وزیراعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے میٹرو کو ہری جھنڈی دکھائی پھر وزیر اعلیٰ فرنویس نائب وزیر اعلیٰ شندے ، وزیر ٹرانسپورٹ سرنائک نے دہیسر سے کاشی میرا تک میٹرو ٹرین میں سفر کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ فرنویس نے کہا کہ تھانے ضلع کی پہلی میٹرو لائن ہونے کا میرا بھائندر کواعزاز حاصل ہوا ہے۔واضح رہے کہ پہلا مرحلہ دہیسر سے کاشی میرا اور دوسرا مرحلہ کاشی گاؤں سے بھائندر مغرب میں واقع سبھاش چندر بوس میدان تک ہے۔
میٹرو لائن ۹ کے سبب میرا بھائندر ممبئی میٹرو لائن سے مربوط ہوگئی ہے۔ اب گندولی میٹرو اسٹیشن سے کاشی میرا تک تقریباً ۱۹ ؍کلومیٹر طویل روٹ کو میٹرو سے جوڑا گیاہے جس سے اندھیری مشرق سے کاشی میرا تک بذریعہ میٹرو لائن براہ راست سفر ممکن ہو گیا ۔
دہیسر تا کاشی گاؤں میٹرو اسٹیشنوں کے نام:
دہیسر (مشرق)، پانڈورنگ واڑی، میراگاؤں (امر پیلس)، اور کاشی گاؤں (زنکار کمپنی)۔
میٹرو۲؍بی کا افتتاح، پوڈٹیکسی پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا
وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے میٹرو لائن۲؍بی (ڈی این نگر تا منڈالے) پروجیکٹ کے پہلے مرحلے: ڈائمنڈ گارڈن سے منڈالے ان ۵؍ اسٹیشنوں پر مشتمل روٹ کا افتتاح کیا ۔ اسی موقع پر باندرہ کرلا کمپلیکس میں پوڈ ٹیکسی پروجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے، نائب وزیر اعلیٰ سونیترا اجیت پوار، رکن پارلیمان ثنا ملک، تکارام کاٹے، منگیش کڈلکر، ایم ایم آر ڈی اے) کمشنر سنجے مکھرجی، ایڈیشنل کمشنر اشون مدگل اور کئی معززافراد موجود تھے۔
میٹرو۲؍بی کے اسٹیشن
منڈالہ۔ مانخورد۔بی ایس این ایل میٹرو۔شیواجی چوک اور ڈائمنڈ گارڈن(آچاریہ ادیان) ۔