Inquilab Logo

۲۰۲۳ء: ملک میں ہوئے اہم واقعات پر ایک نظر

Updated: December 28, 2023, 9:16 PM IST | Mumbai

۲۰۲۳ء ملک کیلئے اچھا سال بھی رہا اور برا بھی۔اس دوران کئی ایسے واقعات ہوئے جو تاریخی لحاظ سے اہمیت کے حامل تھے مگر وہیںکچھ ایسے بھی تھے جن سے ملک کا سر شرم سے جھک گیا۔ یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ یہ سال ہندوستانیوں کیلئے کئی معاملوں میںیادگار ثابت ہوگا۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

جنوری
(۱) پہلوانوں کا احتجاج
۲۰۲۳ءکے آغاز ہی میں پہلوانوں کا معاملہ زور پکڑنے لگا۔پہلوانوں نے جن میں وینش پھوگاٹ، ساکشی ملک اور بجرنگ پورنیا شامل تھے، نےریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا(ڈبلیو ایف آئی) کے صدر اور بی جے پی رکن پارلیمان برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ پہلوانوں نے برج بھوشن پر جنسی ہراسانی کا سنگین الزام عائد کیا تھا اور انہیں ڈبیلو ایف آئی سے معطل کرنے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔

فروری
(۱) دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی گرفتاری
’آپ‘ لیڈراوردہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کی طرف سے تقریباً آٹھ گھنٹے کی پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ان پر دہلی ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگی کرنے کا الزام ہے۔ سی بی آئی کے ذریعہ سسوڈیا کی گرفتاری کے نتیجے میں ہونے والے واقعات کا سلسلہ جولائی۲۰۲۲ء میں اس وقت شروع ہوا، جب دہلی کے چیف سیکریٹری نریش کمار نے لیفٹیننٹ گورنر ونائی کمار سکسینہ کو ایک رپورٹ پیش کی، جس میں سسودیا پر الزام لگایا گیا کہ وہ شراب فروشوں کے لائسنس دہندگان کو ’کک بیکس‘ اور‘کمیشن‘ کے بدلے ناجائز فائدہ پہنچا رہے ہیں ۔

مارچ
(۱) شمال مشرقی ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی فتح
بی جے پی نے تریپورہ اسمبلی انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی تھی اور میگھالیہ اور ناگالینڈ میں حکمران اتحاد میں جونیئر پارٹنر کے طور پر اقتدار میں واپسی کی تھی۔ اس نے سینئر اتحادی پارٹنر نیشنلسٹ ڈیموکریٹک پروگریسو پارٹی کے ساتھ ناگالینڈ میں اقتدار برقرار رکھا۔ میگھالیہ میں نیشنل پیپلز پارٹی واحد سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری۔ 
(۲) راہل گاندھی کی لوک سبھا رکنیت کی منسوخی
اس مہینے کے آخر میں ، کانگریس پارٹی کو سخت اس وقت دھچکا لگا جب راہل گاندھی کو لوک سبھا سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا، جس کے ایک دن بعد انہیں سورت کی ایک عدالت نے ہتک عزت کے مقدمے میں سزا سنائی تھی۔

اپریل
(۱) آبادی کے معاملے میں ہندوستان سرفہرست 
ہندوستان، چین کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک بن گیا۔اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق ہندوستان کی آبادی اگلی تین دہائیوں تک بڑھے گی جس کے بعد اس میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔
(۲)عتیق احمد اور اشرف کا قتل
۱۵؍ اپریل کو عتیق احمد اور اس کے بھائی اشرف کو اتر پردیش کے پریاگ راج میں پولیس اہلکاروں اور میڈیا والوں کی موجودگی میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
(۳) امرت پال سنگھ کی گرفتاری
اس واقعے کے چند دن بعد خالصتانی اورحامی وارث پنجاب ڈی کے سربراہ امرت پال سنگھ کو ایک ماہ کے طویل تعاقب کے بعد ضلع موگا سےگرفتار کر لیا گیا تھا۔ 

مئی
(۱)منی پور تشدد
اس مہینے کا آغاز منی پور کے مختلف مقامات پر آل ٹرائبل اسٹوڈنٹس یونین کی طرف سے ۳؍مئی کو بلائے گئے `’قبائلی یکجہتی مارچ‘ کے دوران پرتشدد جھڑپوں سے ہوا۔ اس تشدد نےریاست میں ایک پرانی نسلی فالٹ لائن کو دوبارہ کھول دیا جو میتی کمیونٹی اور پہاڑی قبائل کے درمیان ہے۔
(۲)پارلیمنٹ کی نئی عمارت کا افتتاح
مہینے کے آخر میں یعنی ۲۸؍ مئی کو ہندوستان کو پارلیمنٹ کی ایک نئی عمارت ملی جس میں پوری قوم کی ثقافت، فخر اور جذبے کو مجسم کیا گیا ہے۔اس تاریخی موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اہم خطاب کیا۔

جون
(۱) ادیشہ ٹرین حادثہ
جون کی شروعات ہندوستانی عوام کیلئے اچھی نہیں رہی۔۲؍ جون کو بہاناگا بازار اسٹیشن کے قریب، چنئی جانے والی کورومنڈیل ایکسپریس، ایس ایم وی ٹی بنگلورو-ہاؤڑا ایکسپریس اور ایک مال ٹرین کے خوفناک تصادم کے بعد ہندوستان کا ماحول سوگوار ہوگیا تھا۔اس حادثے میں ۲۸۰؍ سے زائد افراد اور ہلاک ہوئے تھے جبکہ زخمی ہونے والوں کی مجموعی تعداد ۸۵۰؍ سے تجاوز تھی۔

یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۳ء: عالمی سطح پر ہوئے اہم واقعات پر ایک نظر

جولائی
(۱)منی پور میں خواتین کی توہین
ہندوستان کیلئے سانحات کا سلسلہ اگلے مہینے بھی جاری رہا کیونکہ ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا جس سے ملک کو شرمسار ہونا پڑا۔ ویڈیومیں کوکی زومی کمیونٹی کی دو خواتین کو مردوں کے ہجوم کے ہاتھوں برہنہ پریڈ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔جس کے بعد ملک بھر میں شدید ناراضگی اورغم و غصہ پایا گیا۔
(۲)ہماچل پردیش میں لینڈ سلائیڈنگ
ابھی ملک اس سانحے سے ابھر ہی رہا تھا کہ ہماچل پردیش میں تیز بارش کے سبب سیلاب، بادل پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اور زمین کے دھنسنے سے جانوں اور املاک کو بہت نقصان پہنچا۔ خاص طور پر منڈی، کلو، منالی، شملہ اور کانگڑا کے کچھ حصوں میں زیادہ تباہی ہوئی۔ حکومت کے تخمینہ کے مطابق اس تباہی سے ریاست کو ۱۲؍ ہزارکروڑ کا نقصان ہوا۔
(۳)چندریان تھری کی کامیاب لانچنگ
۱۴؍ جولائی ملک کیلئے تاریخی دن ثابت ہوا کیونکہ اس دن چندریان تھری کو کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا۔

اگست
(۱)چندریان تھری کی چاند کی سطح پر کامیاب لینڈنگ
۲۳؍ اگست کو ملک کا سراس وقت فخر سے بلند ہوگیا جب چندریان تھری نے چاند کے جنوبی قطب پر کامیاب لینڈنگ کی جس کے بعد ایسا کرنے والا ہندوستان پہلا ملک بن گیا۔
(۲)راہل گاندھی کی پارلیمنٹ میں واپسی
سیاسی محاذ پر، کانگریس نے راحت کی سانس لی کیونکہ ان کے سینئر لیڈر راہل گاندھی پارلیمنٹ میں واپس آئے جب سپریم کورٹ نے ۲۰۱۹ء کے ایک مجرمانہ ہتک عزت کے مقدمے میں `مودی کنیت پر ان کے ریمارکس پر ان کی سزا پر روک لگا دی۔

ستمبر
(۱)جی ٹوینٹی سمٹ
یہ مہینہ نئی دہلی میں جی ٹوینٹی سربراہی اجلاس کے متعلق یاد رکھا جائے گا جب دنیا کے طاقتور ترین ممالک کے لیڈران دارالحکومت پہنچے۔ جی ٹوینٹی کی ہندوستان کی سال بھر کی صدارت کا اختتام، سربراہی اجلاس کے لیڈروں کے اعلامیہ کو اپنانے کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ ہندوستان کی صدارت ایک ایسے وقت میں ہوئی جب دنیا ایک جغرافیائی سیاسی منتھن سے گزر رہی تھی۔
(۲)منی پور تشدد کو پانچ ماہ مکمل 
اس کے علاوہ منی پور تشدد کوتقریباً پانچ ماہ مکمل ہوچکے تھے لیکن حالات بدستور کشیدہ رہے۔اس عرصے میں ۱۷۵؍ سے زیادہ جانیں گئیں اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے۔

اکتوبر
(۱)سکم سانحہ
شمال مغرب میں ۱۷؍ ہزارفٹ کی بلندی پر واقع ’ ساؤتھ لوناک جھیل‘ مسلسل بارش کی وجہ سے پھٹ پڑا جس کے بعد سکم میں فوج کے اہلکاروں سمیت ۷۰؍سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ اس نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی کا اخراج شروع ہو گیا اور تیستا ندی میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیاجس نے کم از کم چار اضلاع بشمول منگن، گنگ ٹوک، پاکیونگ اور نمچی میں سیلابی صورتحال پیدا کردیا۔
(۲)ہم جنس شادیوں کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ 
اس مہینے کے آخر میں ، سپریم کورٹ نے متفقہ طور پر ہم جنس شادیوں کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔
(۳) عیسائی فرقے کی دعائیہ تقریب میں دھماکہ
اس مہینے میں کیرالامیں کوچی کے قریب عیسائی فرقے یہوواہ کے گواہوں کے اتوار کی دعائیہ تقریب میں بھی دھماکوں کی ایک سیریز دیکھی گئی۔ جس میں کم از کم۷؍ افراد ہلاک اور۳۰؍ سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

نومبر
(۱)ملک کی پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات 
مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں اس ماہ اسمبلی انتخابات ہوئےجس نے عوام کی توجہ حاصل کی۔
(۲)کرکٹ ورلڈ کپ میں ہندوستان کی شکست
 اسی مہینے ملک بھر میں ۱ء۴؍بلین لوگوں کا دل اس وقت ٹوٹ گیا جب کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل مقابلے میں ہندوستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونا پڑا۔
(۳)اتر کاشی ریسکیو آپریشن کامیاب
تاہم، اس مہینے کی خاص بات یہ رہی کہ اتراکھنڈ میں سرنگ کے گرنے کے بعد پھنسے ہوئے ۴۱؍ کارکنوں کو نکالنےکیلئے بہت بڑا ریسکیو آپریشن کیا گیا جس کی کامیابی کے بعد پورے ملک میں راحت کی ایک اجتماعی سانس لی گئی۔

دسمبر
(۱)۵؍ ریاستوں میں نئی حکومتوں کا قیام
اس مہینے کا آغاز مدھیہ پردیش، راجستھان، چھتیس گڑھ، تلنگانہ اور میزورم میں نئی حکومتوں کے قیام ساتھ ہوا۔
(۲)پارلیمنٹ کی سیکوریٹی میں کوتاہی
پارلیمنٹ پر حملوں کی۲۲؍ ویں برسی پر،۱۳؍ دسمبر کو وزیٹرس گیلری سے دو افراد لوک سبھا کے چیمبر میں کود پڑے، نعرے بازی کی اور کنستر کھولے جس سے پیلا دھواں نکلنے لگا۔ بعد ازاں وہاں موجود لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پارلیمنٹ کی سیکوریٹی اور حفاظتی انتظامات میں ہونے والی کوتاہی پرحکومت سے جواب طلب کیا گیا۔

تمام تصاویر: آئی این این

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK