’من کی بات‘ میں مودی نے کہا کہ ملک کی سیکوریٹی سے لے کر کھیل کے میدان اور سائنس کی تجربہ گاہوں تک، ہندوستان نے ہر جگہ اپنی مضبوط چھاپ چھوڑی۔
وزیر اعظم نریندر مودی۔ تصویر: آئی این این
وزیر اعظم نریندر مودی کے ’من کی بات‘ پروگرام کی۱۲۹؍ ویں قسط اتوار(۲۸؍ دسمبر) کو نشر کی گئی جو۲۰۲۵ءکی آخری قسط تھی۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ۲۰۲۶ء کے چیلنجوں، امکانات اور ترقی پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے سال رفتہ کی کامیابیوں پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۲۵ء ہندوستان کیلئے فخر سے بھرپور سنگ میل کا سال رہا۔وزیر اعظم مودی نےکہا کہ۲۰۲۵ء نے ہمیں کئی ایسے لمحے دیے جن پر ہر ہندوستانی کو فخر ہوا۔ ملک کی سیکوریٹی سے لے کر کھیل کے میدان اور سائنس کی تجربہ گاہوں تک، ہندوستان نے ہر جگہ اپنی مضبوط چھاپ چھوڑی۔سائنس اور خلائی شعبہ میں ہندوستان نے بڑی چھلانگیں لگائیں۔ شبھانشو شکلا پہلے ہندوستانی بنے جو بین الاقوامی اسٹیشن تک پہنچے۔۲۰۲۵ء میں ماحولیات اور جنگلی حیات کے تحفظ سے متعلق کئی اقدامات بھی کیے گئے تھے۔ ہندوستان میں چیتوں کی تعداد اب۳۰؍ سے تجاوز کر چکی ہے۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کچھ دنوں میں ۲۰۲۶ء دستک دینے والا ہے اور آج جب میں آپ سے بات کر رہا ہوں تو من میں پورے ایک سال کی یادیں گھوم رہی ہیں۔ کئی تصاویر، بہت سی بحثیں اور بہت سی کامیابیاں جنہوں نے ملک کو متحد کیا۔ اس کےساتھ ہی انہوں نے کہا کہ رواں سال ’آپریشن سیندور‘ ہر ہندوستانی کیلئے فخر کی علامت بن گیا۔ دنیا نے واضح طور پر دیکھا کہ آج ہندوستان اپنی سیکوریٹی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا ہے۔
وزیراعظم مودی کے بقول ’اسمارٹ انڈیا ہیکاتھون ۲۰۲۵ء‘ کا اختتام رواں ماہ ہی ہوا ہے۔ اس ہیکاتھون کے دوران ۸۰؍ سے زیادہ سرکاری محکموں کے ۲۷۰؍ سے زائد مسائل پر طلبہ نے کام کیا۔ طلبہ نے ایسے حل پیش کیے جو حقیقی زندگی کے چیلنجوں سے منسلک تھے۔ اس کےساتھ ہی انہوں نے کھیلوں میں ۲۰۲۵ء میں ہندوستان کی کامیابی پر بھی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ مرد کرکٹ ٹیم نے آئی سی سی چمپئن ٹرافی جیتی، خواتین کرکٹ ٹیم نے پہلی بار عالمی کپ اپنے نام کیا، ہندوستان کی بیٹیوں نے ویمنس بلائنڈ ٹی۲۰؍ورلڈ کپ جیت کر تاریخ رقم کی، ایشیا کپ ٹی ۲۰؍ میں ترنگا شان سے لہرایا اور پیرا ایتھلیٹ نے عالمی چمپئن شپ میںکئی تمغے جیتے۔
اسی کے ساتھ انہوں نے دیسی مصنوعات پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے دیسی مصنوعات کے لیے بہت جوش و جذبہ دکھایا۔ وہ صرف ہندوستانیوں کی محنت سے بنی چیزیں خرید رہے ہیں۔ آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ سال۲۰۲۵ء نے بھارت کو اور بھی زیادہ اعتماد دیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بہت سے نوجوان مجھ سے پوچھتے ہیں کہ وہ اپنے خیالات کو مجھ سے کیسے شیئر کر سکتے ہیں۔ نوجوان ذہنوں کے اس تجسس کا جواب ڈیولپ انڈیا ینگ لیڈرز ڈائیلاگ ہے۔ اگلے مہینے کی ۱۲؍ تاریخ کو سوامی وویکانند کےیوم پیدائش کے موقعے پر قومی یوتھ ڈے منایا جائے گا اور میں اس میں ضرور حصہ لوں گا، اس میں نوجوان لیڈرز بھی شرکت کریں گے۔ میں اس تقریب کا منتظر ہوں۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے جہان پورہ میںکھدائی کے دوران ایک بدھ بستی کی باقیات کی دریافت کا بھی ذکر کیا جس نے کشمیر کی نئی اور شاندار تاریخ کو منظر عام پر لایا ہے۔انہوں نے منی پور میںشمسی توانائی کے استعمال کو بھی موضوع گفتگو بنایا ۔ علاوہ ازیں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس میں شروع کی گئی موسیقی کی ایک چھوٹی سی پہل’ گیتانجلی آئی آئی ایس سی‘کا بھی تذکرہ کیا۔