• Mon, 29 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

متنازع ویڈیو کے بعد للت مودی کی معافی، حکومتِ ہند کے احترام کا اظہار

Updated: December 29, 2025, 4:00 PM IST | London

سابق آئی پی ایل چیئرمین للت مودی نے وجے مالیا کے ساتھ متنازع ویڈیو پر شدید عوامی ردِعمل کے بعد معافی مانگ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بیان غلط معنی میں لیا گیا اور وہ حکومتِ ہند کا مکمل احترام کرتے ہیں۔

Vijay Mallya and Lalit Modi. Photo: X
وجے مالیا اور للت مودی۔ تصویر: ایکس

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کےسابق چیئرمین اور مفرور ملزم للت مودی نے معافی مانگ لی ہے، یہ معافی اس ویڈیو کے چند دن بعد سامنے آئی ہے جس میں انہوں نے اور وجے مالیا نے خود کو ’’ ہندوستان کے سب سے بڑے مفرور‘‘کہا تھا۔ یہ ویڈیو ہندوستانی عوام میں شدید غم و غصے کا باعث بنی تھی۔ شدید تنقید کے بعد، للت مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ حکومتِ ہند کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ 
للت مودی نے ایکس پر لکھا:’’اگر میرے کسی بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہو، خاص طور پر ہندوستانی حکومت کی، جس کا میں بے حد احترام اور قدر کرتا ہوں، تو میں معذرت خواہ ہوں۔ میرے بیان کو غلط معنی میں لیا گیا اور اس کا مقصد وہ ہرگز نہیں تھا جیسا کہ پیش کیا گیا۔ ایک بار پھر میری دلی معذرت قبول کی جائے۔ ‘‘

للت مودی – وجے مالیا کی ویڈیو
گزشتہ ہفتے، للت مودی نے انسٹاگرام پر لندن میں وجے مالیا کی سالگرہ کی تقریب کی ایک ویڈیو شیئر کی۔ اس ویڈیو میں للت مودی نے خود کو اور وجے مالیا کو’’ہندوستان کے سب سے بڑے مفرور‘‘قرار دیا، جو بظاہر ملک کا مذاق اڑانے کے مترادف تھا۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا تھا:’’چلو ہندوستان میں ایک بار پھر انٹرنیٹ توڑ دیتے ہیں۔ سالگرہ مبارک ہو میرے دوست ہیش ٹیگ وجے مالیا۔ محبت کے ساتھ۔ ‘‘ یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں کی ہندوستان حوالگی کے مطالبات مسلسل کئے جا رہے ہیں۔ اس ویڈیو پر شدید ردِعمل سامنے آیا، اور ہندوستانی سوشل میڈیا صارفین نے للت مودی کے بیان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہ بھی پڑھئے: روس کو جنگ بندی میں کوئی دلچسپی نہیں ہے: زیلینسکی کا الزام

ہندوستانی وزارتِ خارجہ کا ردِعمل
وزارتِ خارجہ (MEA) نے اس ویڈیو پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ دونوں کو واپس لانے کیلئےقانونی کارروائیاں جاری ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا:’’ہم مفرور افراد کو واپس لانے کیلئے پُرعزم ہیں، اور ہم ان ممالک سے رابطے میں ہیں جہاں وہ موجود ہیں۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، ایسے معاملات میں کئی سطحوں پر قانونی کارروائی شامل ہوتی ہے۔ ‘‘یاد رہے کہ وجے مالیا اور للت مودی دونوں اپنے نام مالی بدعنوانی اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں سامنے آنے کے بعد ہندوستان سے فرار ہو گئے تھے۔ وجے مالیا کنگ فشر ایئرلائنز کیلئے لئےگئے قرضوں کے سلسلے میں منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں اور وہ۲۰۲۶ءمیں ہندوستان سے فرار ہوئے تھے۔ جبکہ للت مودی پر آئی پی ایل کے ابتدائی برسوں میں، بطور چیئرمین، مالی بدعنوانی اور بے ضابطگیوں کے الزامات ہیں۔ وہ۲۰۱۰ء میں ہندوستان چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK