• Tue, 21 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۰۲۷ءکا انتخاب اتر پردیش کا مستقبل طے کرے گا: اکھلیش یادو

Updated: October 21, 2025, 2:23 PM IST | Agency | Etawah

دیوالی کے موقع پر سیفئی پوری طرح سماجوادی رنگ میں رنگا نظر آیا،سماجوادی سربراہ نے آئندہ اسمبلی انتخابات کے لئےواضح رہنما ہدایات دیں۔

Akhilesh Yadav posted this picture on X on the occasion of Diwali. Photo: INN
اکھلیش یادو نے دیوالی کے موقع کی یہ تصویر ایکس پر پوسٹ کی۔ تصویر: آئی این این
سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے پیر کو کہا کہ۲۰۲۷ءکا اسمبلی انتخاب اتر پردیش کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔ اپنے آبائی شہر سیفئی میں دیوالی منانے پہنچے اکھلیش یادو نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب صرف اقتدار کی تبدیلی کا نہیں بلکہ اتر پردیش کے مستقبل اور آئین کی حفاظت کا انتخاب ہوگا۔ 
دیوالی کے موقع پر پیر کو سیفئی پوری طرح سماجوادی رنگ میں رنگا نظر آیا۔ صوبے کے کونے کونے سے ہزاروں کارکن، لیڈر اور عہدیدار پارٹی دفتر میں جمع ہوئے جہاں اکھلیش یادو نے ۲۰۲۷ء کے اسمبلی انتخابات کے لئےواضح رہنما ہدایات دیں۔ 
انہوں نے کہا کہ سماجوادی پارٹی کی جدوجہد ان طاقتوں کے خلاف ہے جو جمہوریت اور آئین کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ عوام کے حقوق اور حقیقی مسائل کے حل کے لئے سماج وادی پارٹی کی حکومت بننا ضروری ہے۔ آنے والا انتخاب ریاست کی سمت اور صورت دونوں طے کرے گا، اس لئے ہر کارکن کو اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری سے نبھانی ہوگی۔ پنچایت انتخابات کے حوالے سے اکھلیش یادو نے کہا کہ ایس پی اپنے امیدوار نہیں اتارے گی، تاہم ضلع پنچایت سطح پر تنظیم کا کردار فیصلہ کن رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخاب تنظیم کو مضبوط بنانے اور عوام سے رابطہ بڑھانے کا موقع ہے۔ 
اکھلیش یادو نے کارکنوں سے کہا کہ ہر سطح پر تنظیم کو مضبوط کریں، عوام کے درمیان جائیں اور سماجوادی نظریات کو گھر گھر تک پہنچائیں۔ اتوار کی شام چار بجے لکھنؤ سے سیفئی پہنچنے کے بعد وہ پیر کو صبح ساڑھے دس بجے سے شام چار بجے تک پارٹی دفتر میں موجود رہے۔ 
اس دوران انہوں نے مختلف اضلاع سے آئے اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، سابق عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کی۔ 
پارٹی دفتر پر اس موقع پر سماجوادی خاندان کے تمام اہم اراکین موجود تھے جن میں پروفیسر رام گوپال یادو، شیو پال سنگھ یادو، دھرمیندر یادو، آدتیہ یادو اور تیج پرتاپ یادو شامل تھے۔ ان سب نے آئے ہوئے کارکنوں کا استقبال کیا اور دیوالی کی مبارکباد دی۔ 
تقریب کے دوران اٹاوہ کے بکیور علاقے کے کتھا واچک مکٹ بہاری شاستری کو جن کے ساتھ حال ہی میں بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا تھا،کواسٹیج پر مدعو کیا گیا۔ انہوں نے ہارمونیم پر سماجوادی نغمے گا ئے۔دفتر کے اندر نوجوان فنکاروں نے سماجوادی گیتوں پر پرفارمنس کیا، جبکہ باہر کارکنوں کی طویل قطاریں لگی رہیں جو اپنے لیڈر سے ملاقات اور دیوالی کی مبارکباد دینے کے لئے بےتاب تھے۔ اکھلیش یادو کو تحفے پیش کرنے والوں کا سلسلہ دیر شام تک جاری رہا۔ 
ایس پی صدر کی ہدایت پر تمام مہمان کارکنوں کے لئے ہیورا کوٹھی کے مشہور پمپولا کے سموسے، جلیبیاں اور پانی کی بوتلیں فراہم کی گئی تھیں۔ پورا دن سیفئی سماجوادی رنگ میں ڈوبا رہا۔ 
اس موقع پر ضلع پنچایت چیئرمین ابھیشیک یادو، ایم پی جیتندر دوہرے، ایم ایل اے پردیپ یادو، ایم ایل اے آشُو ملک، سابق وزیر اشوک یادو، چیئرمین اجمیر یادو گلو، ٹھیکیدار راجویر سنگھ یادو، بلویر سنگھ یادو، آنند یادو، پردیپ آڑھتیا، چندگی رام یادو، گنیش فوجی اور بھارت سنگھ کھادری سمیت بڑی تعداد میں پارٹی عہدیدار اور کارکن موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK