Inquilab Logo

۲۱؍ویں سالانہ عرس شہید راہ مدینہ میں بڑی تعداد میں عوام وخواص کی شرکت

Updated: March 28, 2024, 10:21 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مقررین نےمولانا انواراشرف عرف مثنیٰ میاں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پرروشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

The scene of publishing the biography of Mushna Mian. Photo: INN
مثنیٰ میاں ؒ کی سوانح حیات کےاجراء کا منظر۔ تصویر: آئی این این

۲۱؍ویں سالانہ عرس شہید راہ مدینہ میں بڑی تعدادمیں عوام وخواص نے شرکت کی۔ ۱۵؍ رمضان المبارک منگل کی شب میں منعقد ہونےوالے عرس میں مقررین نے مولانا انواراشرف عرف مثنیٰ میاں ؒ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں پرروشنی ڈالتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پرآپؒکی حیات وخدمات پرمبنی سوانح حیات کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ 
مفتی منظر حسن اشرفی نے کہاکہ ’’حضور مثنیٰ میاں ؒ نے عروس البلادمیں ایک قائد، ایک پیر اور ایک قومی رہنما کی حیثیت سے زندگی گزاری۔ آپ نےتعلیم کے میدان میں قوم کی ترقی کیلئے کوشش کی۔ آپؒ کا بارعب چہرہ دیکھ کر کتنے لوگ گناہوں سے دور ہوگئےاورآپؒ کبھی کسی سے مرعوب نہیں ہوئے۔ ‘‘ مولانا مختارالحسن نے کہا کہ’’حضرت مثنیٰ میاں جیسی شخصیت صدیوں میں جنم لیتی ہے۔ آپؒ کی ذات دینی اور عصری علوم کا حسین سنگم تھی۔ آپ نے قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونے کی دعوت دینےکے ساتھ عملی کوشش فرمائی۔ ‘‘جامعہ حنفیہ بستی کے مہتمم مولانا مقصود احمدنےبھی مثنیٰ میاں کی شخصیت پرروشنی ڈالی۔ معروف شاعرنسیم حبیبی، قاری اشفاق احمد، اشہر بہرائچی، قاری قطب الدین اورقاری مشتاق احمدتیغی نے منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ عرس کا آغاز قار ی نظام الدین کی تلاوت سے ہوا۔ مثنیٰ میاں کے صاحبزادے سیدحسین اشرف نے سرپرستی کی جبکہ صدارت مولانا سیدمعین الدین اشرف عرف معین میاں (سجادہ نشین کچھوچھہ اور صدر آل انڈیا سنی جمعیۃ العلماء) نے انجام دی اورآپ ہی کی رقت آمیز دعا پرعرس کی تقریبات ختم ہوئیں۔ اس موقع پرمثنیٰ میاں کے تمام صاحبزادگان سید علی اشرف، سید حسن اشرف اور سید حسین اشرف وغیرہ موجود تھے۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالرحیم نے انجام دیئے۔ 
۲۱؍ویں سالانہ عرس کی تقریبات میں مولانامقصود علی خان، محمد سعید نوری، مولانا ابرار احمد خان، مولانا عبد الجبار ماہر القادری اوردیگر علماء وائمہ کے علاوہ بڑی تعداد میں علماء، سیاسی لیڈران میں محمدعارف نسیم خان، سچن بھاؤ اہیر، اروند ساونت (ایم پی )، راہل نارویکر(اسپیکر )، جتیندر اوہاڑ، ملنددیورا، ورشا گائیکواڑ، وارث پٹھان، سنجے دینا پاٹل، سمیر بھجبل، جگدمبیکا پال، امین پٹیل اور بھائی جگتاپ وغیرہ شریک ہوئے۔ تقریباً ۴؍ ہزار مہمانو ں کیلئے سحری کا انتظام کیا گیا۔ عرس کی تقریبات شب میں ۱۰؍بجے کےبعد سے سحری کے ختم تک جاری رہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK