اب تک ۲۰۲؍ لاشیں لواحقین کے حوالے کی جاچکی ہیں جن میں ۱۵۱؍ ہندوستانی تھے، باقی لاشوں کی حوالگی کیلئے ڈی این اے جانچ جاری ہے۔
EPAPER
Updated: June 21, 2025, 12:30 PM IST | Agency | Ahmedabad
اب تک ۲۰۲؍ لاشیں لواحقین کے حوالے کی جاچکی ہیں جن میں ۱۵۱؍ ہندوستانی تھے، باقی لاشوں کی حوالگی کیلئے ڈی این اے جانچ جاری ہے۔
گجرات کے احمدآباد میں ۱۲؍جون کوہونے والے ایئر انڈیا طیارہ حادثے کے بعد ہلاک ہونے والے ۲۲۰؍افراد کے ڈی این اے نمونے میچ کر گئے ہیں۔ گجرات کے وزیر صحت رِشی کیش پٹیل نے `ایکس پر اس بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں لکھاکہ اب تک کی اطلاع کے مطابق لاشوں کی شناخت اور ان کی لواحقین تک حوالگی کے عمل میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ اب تک ۲۲۰؍ ڈی این اے نمونے میچ ہو چکے ہیں اور تمام متاثرہ خاندانوں سے رابطہ کیا جا چکا ہے جبکہ ۲۰۲؍ لاشیں ورثاء کے حوالے کی جا چکی ہیں۔ وزیر صحت کے مطابق ان۲۰۲؍ لاشوں میں ۱۵۱؍ ہندوستانی شہری، ۳۴؍ برطانوی، ۷؍ پرتگالی اور ایک کینیڈین شہری شامل ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جان گنوانے والوں میں ۹؍ہندوستانی ایسے تھے جو طیارے میں سوار نہیں تھے۔
لاشوں کی حوالگی کے طریقہ کار کے بارے میں رشی کیش پٹیل نے بتایا کہ ۱۵؍ لاشیں ہوائی راستے سے منتقل کی گئیں جبکہ ۱۸۷؍ لاشوں کو ایمبولینس کے ذریعے زمینی راستے سے بھیجا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ باقی لاشوں کی حوالگی کا عمل تیزی سے جاری ہے تاکہ وہ جلد از جلد ان کے اہل خانہ تک پہنچائی جا سکیں۔ دوسری طرف گجرات کے وزیر داخلہ ہرش سانگھوی نے بھی `ایکس پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے احمدآباد پولیس، ضلع انتظامیہ اور سماجی کارکنوں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے لکھاکہ احمدآباد پولیس، ضلع انتظامیہ اور سماجی رضاکاروں کو مبارکباد، جنہوں نے ہلاک ہونے والےافراد کے لواحقین کو ان کا قیمتی سامان واپس کرنے کا شاندار کام کیا۔ ان کی محنت اور لگن نے متاثرہ خاندانوں کے دلوں کو چھو لیا ہے۔ ایسے ہیروز کو سلام۔ قبل ازیں وزیر داخلہ ہرش سانگھوی نے یہ بھی بتایا تھا کہ حادثے کے مقام سے ملنے والا تمام سامان تحقیقات کے بعد لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس دلخراش طیارہ حادثے میں طیارہ پر سوار ۲۴۱؍ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔