Inquilab Logo

کووڈ-۱۹؍ کی ڈیوٹی سے غیرحاضررہنے والے ۲۳؍اساتذہ معطل

Updated: May 30, 2020, 7:40 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

دو سو سے زائد ٹیچروں کو وجہ بتائو نوٹس۔ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونے والے ٹیچروں کی تنخواہ روکنے کی بھی ہدایت جاری ۔ تعلیمی تنظیموں نےٹیچروں کو بے قصور بتایا۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 کووڈ- ۱۹؍ سے متعلق دی گئی ڈیوٹی پر حاضر نہ ہونےوالے ۲۲۶؍ٹیچروں کو وجہ بتائو نوٹس جاری کیاگیاہے جبکہ ڈی اور ای وار ڈ میں ۲۳؍ٹیچروں کو ڈیوٹی نہ دینے کی پاداش میں معطل کردیاگیاہے نیز جن ٹیچروں نے کووڈ- ۱۹؍ کی ڈیوٹی نہیں دی ہے، ان کی تنخواہ روکنےکی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ تعلیمی تنظیموں نے ٹیچرو ں کو بے قصور قرار دیاہے۔واضح رہےکہ لاک ڈائون نافذ ہونے سے قبل مارچ کے اواخر میں سیکڑوں اساتذہ بیرون ِ ممبئی چلے گئے تھے ۔و ہ لاک ڈائون کی وجہ سے آمدورفت کے ذرائع نہ ہونے کےسبب ممبئی لوٹ نہیں سکے ہیں جس کی وجہ سے وہ ڈیوٹی جوائن نہیں کرسکے ہیں ۔ ایک طرف حکومت لاک ڈائون میں پھنسے تمام افراد سے اپیل کررہی ہے کہ وہ بلاوجہ گھر سے باہر نہ نکلیں ، دوسری جانب ٹیچروں کوکووڈ-۱۹؍ کی ڈیوٹی پر ہرحال میں حاضر ہونےکی شرط عائد کردی گئی ہے۔ اس تعلق سے مہانگر پالیکاشکشک سبھا کے جنرل سیکریٹری کے کے سنگھ نے انقلاب کو بتایاکہ کووڈ- ۱۹؍ سے متعلق بی ایم سی ٹیچروں کو وہ ڈیوٹی دے رہی ہے جس سے ٹیچرس بالکل واقف نہیں ہیں ، اس کےباوجود جو ٹیچر ممبئی شہرو مضافات میں ہیں وہ پابندی سے ڈیوٹی انجام دے رہےہیں ۔ حالانکہ ٹیچروں کو کسی طرح کی سہولت نہیں دی جارہی ہےاور کوئی احتیاطی اقدامات بھی نہیں کئے گئے ہیں ۔ حالانکہ ان دنوں ٹیچروں کی گرمی کی چھٹی جاری ہے ۔ بی ایم سی کی طرف سے ان چھٹیوں کو منسوخ کرنےکا کوئی نوٹس جاری نہیں کیا گیا ہے پھر بھی ٹیچرڈیوٹی دےرہے ہیں ۔
 انہوں نے مزید کہا کہ ’’ ہمیں بھی ہنگامی صورت حال کا احساس ہے ۔ ہم ڈیوٹی کرنے سے انکار نہیں کررہےہیں لیکن ڈیوٹی کیلئے ہمارے جو مطالبات ہیں ، انہیں پورا کیاجائے تو ہم ضرور اپنا فرض ادا کریں گے۔ جو ٹیچر اپنے گائوں میں پھنسے ہیں ، اگر شہری انتظامیہ ان کیلئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرتی ہے تو وہ ضرور ڈیوٹی پر حاضر ہوں گے۔ جب وہ گائوں سےآ ہی نہیں سکتے تو پھر ڈیوٹی پرکیسے حاضر ہوں گے۔ یہ بات بی ایم سی انتظامیہ کو سمجھنا چاہئے، اس کے باوجود بھی ایف نارتھ وارڈ کے ۱۲۸؍اور ایف سائوتھ وارڈ کے ۹۲؍ٹیچروں کو بی ایم سی نے وجہ بتائو نوٹس جاری کیاہے جو سراسر غلط ہے۔اسی طرح جنوبی ممبئی کےڈی وارڈ کے ۸؍اور ای وارڈ کے ۱۵؍ٹیچروں کو اسسٹنٹ میونسپل کمشنر نے کووڈ- ۱۹؍ کی ڈیونی انجام نہ دینے پر معطل کردیا ہے۔ اندھیری ایچ ویسٹ وارڈ کے ان ٹیچروں کی تنخواہ روکنےکی ہدایت جاری کی گئی ہے جو مختلف وجوہات کی بنا پر ڈیوٹی نہیں جوائن کرسکے ہیں ۔ بی ایم سی کےان فیصلوں کی ہم مخالفت کرتے ہیں اورمطالبہ کرتےہیں کہ ٹیچروں کے ساتھ ناانصافی نہ کی جائے۔ ‘‘ کے کے سنگھ کے مطابق ان معاملات سے متعلق میونسپل کمشنر، ڈپٹی میونسپل کمشنر (ایجوکیشن) اور ایجوکیشن آفیسر کو مکتوب روانہ کیاگیاہے جس میں مطالبہ کیاگیا ہےکہ جن ٹیچروں کو وجہ بتائو نوٹس دیاگیاہے ، جنہیں معطل کیاگیاہے اور جن کی تنخواہ روکنےکی ہدایت جاری کی گئی ہے ، اسے واپس لیا جائے اور ٹیچروں کی گرمی کی چھٹی سےمتعلق باضابطہ سرکیولر جاری کرکے انہیں ڈیوٹی جوائن کرنےکی ہدایت دی جائے ۔ علاوہ ازیں جو اساتذہ بیرون ممبئی پھنسے ہوئے ہیں ، ان کیلئے آمدورفت کا انتظام کیاجائے تاکہ وہ ممبئی آکر اپنی ڈیوٹی جوائن کرسکیں نیز ٹیچروں کو حفاظتی کٹ وغیرہ مہیاکی جائے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK