Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’شہریوں کوبہتر علاج کی سہولت کیلئے مزید ۲۶؍ آپلا دوا خانہ شروع کئے جائیں گے‘‘

Updated: May 25, 2026, 2:01 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

صحت عامہ کے وزیر پرکاش ابیتکرکا اعلان ۔ یقین دلایا کہ ان دواخانوں میں عام آدمی کا مفت علاج اور جانچ کی جارہی ہے۔

Public Health Minister Prakash Abitkar.Photo:INN
صحت عامہ کے وزیر پرکاش ابیتکر۔ تصویر:آئی این این
ریاست کے شہری، کچی آبادیوں، عام اور معاشی طور پر کمزور شہریوں کو معیاری اور مفت صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کیلئے شروع کی گئی ’’ہندو ہردئے سمراٹ بالاصاحب ٹھاکرے آپلادواخانہ‘‘ اسکیم کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جا رہا ہے ۔ صحت عامہ کے وزیر پرکاش ابیتکر نے بتایا کہ شہریوںکو ان کے گھر کے قریب علاج کی بہتر سہولت مہیا ہوسکے اس کیلئے مزید ۲۶؍ کلینک جلد کھولے جائیں گے۔اب تک ریاست میں ۶۷۴؍کلینک جاری ہے۔گزشتہ دنوں منترالیہ میں آپلا دواخانہ کے جائزہ کیلئے منعقد میٹنگ  کے دوران وزصحت یہ یقین دہانی کرائی ۔
وزیر صحت ابیتکر نے کہا کہ ریاستی حکومت کے ۱۱؍جولائی ۲۰۲۳ءکوکئے گئے فیصلے کے مطابق، ریاست بھر میں ۷۰۰؍’آپلا دواخانہ‘ شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اس کا مقصد شہری علاقوں کے غریب اور عام شہریوں کو ان کے اپنے علاقے میں مفت بنیادی علاج کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ اس اسکیم کے تحت۴۷۵؍ کلینک سرکاری ادارے چلا رہے ہیں اور ۲۲۵؍ کلینک بیرونی ادارے چلا رہے ہیں۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ اس وقت ۴۴۹؍ دوا خانے ’اِن ہاؤس‘طرز پر کام کر رہے ہیں اور ۲۲۵؍ دواخانے بیرونی اداروں کے ذریعے جاری ہیں اور کل ۶۷۴؍ دواخانہ شہریوں کو خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ پونے میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں۲۱؍ آپلا دواخانے اور چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے علاقے میں ۵؍آپلا دواخانے جلد ہی شروع کئےجائیں گے۔
 
 
وزیر صحت نے مزید بتایاکہ یہ دواخانے مفت آؤٹ پیشنٹ چیک اپ،۱۰۵؍ اقسام کی مفت ادویات،۳۰؍ قسم کے لیباریٹری ٹیسٹ، حاملہ ماؤں کا چیک اپ، ذہنی صحت سے متعلق مشاورت، ضرورت کے مطابق ریفرل سروسیز اور شہریوں کو ویکسی نیشن کی مفت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔وزیر پرکاش ابیتکر کے بقول ’’آپلا دواخانہ‘‘ اسکیم صرف علاج تک محدود نہیں ہے بلکہ شہریوں کی روزانہ صحت کی حفاظت کیلئے ایک اہم بنیاد بن رہی ہے۔ حکومت ریاست کے ہر ضرورت مند شہری کو مفت اور قابل رسائی صحت خدمات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
 
 
اس اسکیم کے تحت ہر آپلا دواخانہ کیلئے سالانہ مالیاتی انتظامات کئےگئے ہیں اور افرادی قوت کے انتظامات جیسے کہ میڈیکل آفیسرز، اسٹاف نرسز، ہیلتھ ورکرز، سیکوریٹی گارڈز اور سینی ٹیشن ورکرز بھی دستیاب ہیں۔ اپریل۲۰۲۶ءکے آخر تک ۳؍ہزار ۵۰۰؍ منظور شدہ اسامیوں میں سے۲؍ہزار ۹۵۷؍ اسامیاں پُر ہو چکی ہیں اور باقی اسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔میٹنگ میں محکمہ صحت کے سیکریٹری ڈاکٹر نپن ونائک، ہیلتھ سروسیز کمشنر ڈاکٹر کادمبری بلکاواڑے، ہیلتھ سروسیز (اربن) کمشنر سنیل بھوکرے، ایڈیشنل کمشنر (این یو ایچ ایم) جگن ناتھ ویرکر اور جوائنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر سنیتا گولہیت پرمکھ نے شرکت کی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK