Inquilab Logo Happiest Places to Work

سابق بس ڈرائیور کے پاس سے ۲۸؍ کروڑ نقد برآمد

Updated: July 31, 2026, 11:45 AM IST | Kolkata

۱۵؍کلوسے زائد سونا بھی برآمد ، سونے کی مالیت ۲۱؍ کروڑ روپے سے زائد ہے، نوٹ گنتے گنتے مشینیں خراب ہو گئیں، ملزم گرفتار۔

Birbhum policemen can be seen counting notes. Photo: INN
بیر بھوم کے پولیس اہلکار نوٹ گنتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں پولیس نے بدھ کی دیر رات ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے ۲۸ء۵؍کروڑ روپے سے زائد نقد رقم اور ۱۵؍کلو سونا برآمد کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ برآمدگی بس ڈرائیور سے پتھر کے کاروباری بننے والے  مینار منڈل کے گھر سے ہوئی  جہاں سے ملنے والے سونے کی مالیت تقریباً ۲۱ء۵؍کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق گھر سے برآمد نوٹوں کی گنتی کے دوران  ۵؍ کرنسی کاؤنٹنگ مشینیں خراب ہوگئیں۔ کارروائی کے بعد مینار منڈل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ پہلے ریاستی ٹرانسپورٹ محکمہ میں بس ڈرائیور تھا اور بعد میں پتھر کے کاروبار سے وابستہ ہو گیا اور اسی دوران  اس کے تعلقات سیاسی لوگوں سے ہوئے۔ فی الحال اسے حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کی دولت کا حساب لگایا جارہاہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اوپن اے آئی: ایک لاکھ محققین کو طاقتور ترین اے آئی ماڈل تک مفت رسائی کا اعلان

پولیس نے بتایا کہ مینار منڈل کا بہنوئی اور ساتھی تاجر  تلو منڈل عرف محمد نجیب الدین  فرار ہے۔ تلو منڈل۲۰۲۴ء میں اس وقت سرخیوں میں آیا تھا جب اس نے اپنی بیٹی کی شادی پر تقریباً ۱۰۰؍ کروڑ روپے خرچ  کئے تھے۔تلو منڈل کو سابق ٹی ایم سی لیڈر انوبرتا منڈل کا قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔ انوبرتا حال ہی میں ٹی ایم سی کے باغی  لیڈر رتبرت بنرجی  کے گروپ میں شامل ہوئے تھے۔ وزیر اعلیٰ شوبھندو ادھیکاری نے پولیس کارروائی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے اس کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بدھ کی رات مینار منڈل کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ ابتدا میں تقریباً ۲۰؍کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے، تاہم پوری رات جاری رہنے والی گنتی کے بعد یہ رقم بڑھ کر ۲۸ء۵؍کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔ نقدی کو لوہے کے صندوقوں میں بھر کر محمد بازار تھانے منتقل کیا گیا جہاں سے اسے بینک میں جمع کرایا جائے گا۔چھاپے کے دوران پولیس نے ایک ایک کلو وزنی ۱۴؍ سونے کی سلاخیں  اور۱۰۰؍ ۱۰۰؍ گرام کے۱۰؍ سونے کے بسکٹ بھی ضبط  کئے۔ گرفتار مینار منڈل نے ابتدائی پوچھ گچھ میں دعویٰ کیا کہ نقد رقم اور سونا تلو منڈل کا ہے۔ اس کا اس رقم سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان نے ’پاکستان مقبوضہ کشمیر‘ کو ’پاکستانی کشمیر‘ کہنے پر نیویارک ٹائمز پر سخت تنقید کی

تفتیشی  ایجنسیاں اب یہ معلوم کرنے میں مصروف ہیں کہ اتنی بڑی مقدار میں نقدی اور سونا کہاں سے آیا اور اس کے پیچھے کون کون لوگ شامل ہیں۔ پولیس کو شبہ ہے کہ یہ رقم پتھر کی کانوں سے وصول کئے گئے سرکاری محصولات کا حصہ ہو سکتی ہے، جو سرکاری خزانے میں جمع کرانے کے بجائے ہڑپ کرلی گئی۔پولیس کے مطابق تلو منڈل نے ۲۰۱۶ء کے آس پاس بیربھوم کی  پتھر کی کانوں میںڈی سی آر (ڈسٹرکٹ کلیکشن ریٹ)  وصولی کا کام سنبھالا تھا اور اسی دوران سرکاری ٹیکس وصولی میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں کے الزامات سامنے آئے تھے۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ پہلے سرکاری خزانے میں روزانہ صرف ۲۰؍ سے ۳۰؍ لاکھ روپے جمع ہوتے تھے  جب کہ اب یہ رقم بڑھ کر ۸۳؍کروڑ روپے ماہانہ ہو گئی ہے۔اسی سے واضح ہو رہا ہے کہ بدعنوانی کتنی بڑی تھی ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK