Inquilab Logo Happiest Places to Work

عوام کے لیے ریزروبینک آف انڈیا کے۳؍ بڑے اعلان

Updated: August 06, 2025, 4:10 PM IST | Mumbai

جن دھن کے دوبارہ کے وائی سی سے لے کر سرمایہ کاری تک سب کچھ آسان ہوگا۔ اب بینکنگ آسان ہو جائے گی۔ہر گاؤں تک پہنچیں گی سہولیات

RBI Governer Sanjay Malhotra.Photo:PTI
آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا۔ تصویر:پی ٹی آئی

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی )کے گورنر سنجے ملہوترا نے اگست میں مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی )  کی میٹنگ کے بعد عوام  کے لیے ۳؍ نئی اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔ ان اسکیموں کا مقصد ہر شخص کو بینکنگ اور سرمایہ کاری کی سہولیات فراہم کرنا ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو اب تک ان سے دور ہیں۔ گورنر نے کہا کہ ’’ہر شہری کی بھلائی، خاص طور پر معاشرے کے آخری فرد کی مدد کرنا آر بی آئی کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔‘‘ یہ اسکیم  عوام  کے لیے بینکنگ اور سرمایہ کاری سے جڑنا آسان بنائیں گی۔
 دوبارہ کے وائی سی  کی سہولت اب آپ کی دہلیز تک ہوگی
پردھان منتری جن دھن یوجنا  نے۱۰؍ سال مکمل کر لیے ہیں۔ اس دوران لاکھوں لوگوں نے بینک اکاؤنٹس کھولے لیکن اب ان میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس کو دوبارہ کے وائی سی کی ضرورت ہے، جو ایک ضروری عمل ہے۔ اب لوگوں کو بینک جانے اور لائن میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ یکم جولائی سے۳۰؍ ستمبر تک پنچایت سطح پر کیمپ لگائے جائیں گے، جہاں دوبارہ کے وائی سی کی سہولت براہ راست گاؤں میں دی جائے گی۔ ان کیمپوں میں نہ صرف دوبارہ کے وائی سی  کی سہولت دستیاب ہوگی بلکہ نئے بینک کھاتے بھی کھولے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو مائیکرو  فائنانس اور پنشن اسکیموں کے بارے میں بھی جانکاری دی جائے گی تاکہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس کے علاوہ صارفین کی شکایات کو موقع پر سن کر حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان تمام کوششوں سے گاؤں کے لوگوں کو بڑی راحت ملے گی اور ان کے گھر کے قریب بینکنگ خدمات دستیاب ہوں گی۔
  کسی کی موت کے بعد بینک سے رقم یا لاکر کی اشیاء حاصل کرنے کا عمل آسان ہو جائے گا 
آج کل، اگر کسی کھاتہ دار کی موت ہو جاتی ہے تو اس کے گھر والوں کو بینک سے پیسے یا لاکر کی اشیاء لینے کے لیے بہت سارے کاغذات جمع کروانے پڑتے ہیں اور ایک طویل عمل سے گزرنا پڑتا ہے۔ ہر بینک کے اپنے اصول ہوتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانی ہوتی ہے۔ اب آر بی آئی ایک یکساں اور آسان عمل لانے جا رہا ہے، جس کے تحت تمام بینکوں میں ایک جیسے دستاویزات مانگے جائیں گے اور دعویٰ کرنے کے لیے ایک مقررہ وقت مقرر کیا  جائے گا۔ اس سے متوفی کھاتہ دار کے اہل خانہ کی بینک اکاؤنٹ یا لاکر میں رکھی گئی چیزوں تک جلدی اور آسانی سے رسائی  ہو سکے گی۔ اس نئے نظام سے عوام کو دکھ کی گھڑی میں بڑی راحت  ملے گی اور انہیں مختلف بینکوں کے قوانین میں الجھ کر ادھر ادھر نہیں بھٹکنا پڑے گا۔
  اب چھوٹے سرمایہ کار بھی ایس آئی پی  کے ذریعے سرکاری بونڈس میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔
آر بی آئی نے۲۰۲۱ء میں `ریٹیل ڈائریکٹ  کے نام سے ایک سہولت شروع کی ہے، جس میں عام لوگ براہ راست آر بی آئی سے سرکاری بونڈ (گورنمنٹ سیکیورٹیز) خرید سکتے ہیں۔ اب آر بی آئی اس میں مزید سہولت شامل کرنے جا رہا ہے۔ اب چھوٹے سرمایہ کار بھی ایس آئی پی  (سسٹمیٹک انویسٹمنٹ پلان) کے ذریعے ٹریژری بلز یعنی حکومت کے مختصر مدتی بونڈس میں ہر ماہ تھوڑی سی سرمایہ کاری کر سکیں گے۔اس سے عام لوگوں کو سرکاری سرمایہ کاری کے محفوظ آپشن ملیں گے اور ان میں باقاعدگی سے سرمایہ کاری کرنے کی عادت بھی پیدا ہو جائے گی۔ ایس آئی پی کے ذریعے سرمایہ کاری کرنا کافی آسان ہے کیونکہ اس میں مقررہ رقم خود بخود ایک مقررہ تاریخ پر لگ جاتی ہے۔ یہ طریقہ نہ صرف آسان ہے بلکہ چھوٹے سرمایہ کاروں کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK