اسرائیلی فضائی حملوں نے یمنی دارالحکومت صنعاء میں دو بڑے اخبارات کے ہیڈکوارٹرز کو تباہ کر دیا جس میں کم از کم ۳۱؍ یمنی صحافی ہلاک اور۲۲؍ زخمی ہوگئے۔
EPAPER
Updated: September 15, 2025, 7:03 PM IST | Sanaa
اسرائیلی فضائی حملوں نے یمنی دارالحکومت صنعاء میں دو بڑے اخبارات کے ہیڈکوارٹرز کو تباہ کر دیا جس میں کم از کم ۳۱؍ یمنی صحافی ہلاک اور۲۲؍ زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فضائی حملوں نے یمنی دارالحکومت صنعاء میں دو بڑے اخبارات کے ہیڈکوارٹرز کو تباہ کر دیا جس میں کم از کم ۳۱؍ یمنی صحافی ہلاک اور۲۲؍ زخمی ہوگئے۔ یمنی وزارت صحت نے کہا کہ۱۰؍ ستمبر کو صنعاء اور الجوف گورنریٹ پر ہونے والے ان حملوں میں مجموعی طور پر۴۶؍ افراد ہلاک ہوئے جن میں ۵؍ بچے اور ۱۱؍خواتین شامل ہیں جبکہ ۱۶۵؍افراد زخمی ہوئے۔ وزارت کے مطابق سول ڈیفنس کی ٹیمیں اب بھی ملبے سے متاثرین کو نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا نے اطلاع دی کہ ’’ستمبر ۲۶‘‘ اور’’یمن‘‘ اخبارات کے دفاتر تباہ ہوگئےجس سے درجنوں میڈیا کارکن ہلاک ہوگئے۔ ان اخبارات نے مشترکہ بیان میں صحافیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور اس حملے کو صحافت پر جان بوجھ کر کیا گیا حملہ قرار دیا۔
بیان میں کہا گیا:’’یہ بھیانک جرم اُن حملوں کی ایک کڑی ہے جن کا مقصد سچائی کی آواز کو خاموش کرنا ہے۔ ‘‘ بیان میں اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور دنیا بھر کی صحافی یونینوں سے اس حملے کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس حملے میں یمنی صحافیوں کی ہلاکت کو اس وسیع تر رجحان سے جوڑا جا رہا ہے جس میں غزہ میں میڈیا کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جہاں تقریباً دو سال سے جاری اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں صحافی بھی ہلاک ہو رہے ہیں۔ یہ اسرائیلی حملہ چند دن بعد ہوا جب حوثیوں نے یافا میں لیڈ ایئرپورٹ، ام الرشراش میں ریمون ایئرپورٹ اور دیمونا میں ایک حساس مقام کو نشانہ بنایا۔ فوجی بیان کے مطابق یہ کارروائی اپنے تمام مقاصد میں کامیاب رہی۔
ہلاک ہونے والے صحافیوں کی فہرست:
عبدالعزیز یحییٰ یحییٰ شیخ، یوسف علی یحییٰ شمس الدین، علی ناجی سعید الشرعی، سمیع محمد حسین الزیدی، محمد اسماعیل حزام العمیسی، مراد محمد علی الفقیہ، علی محمد احمد الفقیہ، عبدالقوی محمد صالح العصفور، بشیر حسین احسن دبلان، عارف علی عبدو السامحی، محمد حمود احمد المتری، عبد الولی عبدو حسین النجار، عبدو طاہر مصلح السعدی، عبدالعزیز صالح احمد شاس، عبداللہ محمد عبدو الحرازی، محمد احمد محمد الزکری، زہیر احمد محمد الزکری، محمد عبدو یحییٰ الصنفی، محمد العزی غالب الحرازی، جمال فراس علی الادی، عصام احمد مرشد الحشیدی اور ان کے بیٹے عبد الولی عصام، سلیم عبداللہ عبدو احمد الوتیری، عباس عبدالملک محمد الدیلمی، لطف احمد ناصر ھدیان، قیس عبدو احمد النقیب، محمد علی حمود الدعوی، فارس عبدو علی الرمیشہ، عبدالرحمن محمد محمد جمان، علی محمد علی العاقل، امل محمد غالب المناخی، عبداللہ مہدی عبداللہ البحری