• Fri, 12 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے سنّی دعوتِ اسلامی کے۳۳؍ویں سہ روزہ اجتماع کاآغاز

Updated: December 12, 2025, 10:38 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

آج کا دن خواتین کیلئے مختص ہوگا ۔ سخت حفاظتی انتظامات ۔کچھ اہم نکات پر منتظمین نے شرکائے اجتماع کوتوجہ دلائی

View of the assembly hall built in Azad Maidan. Picture: Inquilab
آزادمیدان میں بنائی گئی اجتماع گاہ کا منظر۔ تصویر: انقلاب
 آج بروزجمعہ ۱۲؍دسمبرکو بعد نمازِجمعہ خواتین کیلئے مختص اجتماع سے  سنّی دعوتِ اسلامی کے ۳۳؍ ویں سہ  روزہ اجتماع کا آغاز عمل میں آئے گااور اتوار کی شب میںدعا پرختم ہوگا ۔ تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔شرکاءکی کثرت کے پیش نظر حفاظتی نقطۂ نظر سے انتظامات پرخصوصی توجہ دی گئی ہے ۔اجتماع گاہ میں تقریباً ۲؍ہزاررضاکار تعینات کئے جائیں گے اورسی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کے علاوہ سی آئی ڈی برانچ کا عملہ اورپولیس کے جوان بڑی تعداد میں تعینات کئے جائیں گے۔ اعلیٰ پولیس افسران بھی انتظامات کا جائزہ لیں گے۔ 
منتظمین ِ اجتماع کی جانب سے یہ پیغام دیا گیا کہ یہ اجتماع محض ایک جلسہ نہیں دلوں کو بدلنے، گھروں کو سنوارنے اور نسلوں کو سنبھالنے کا ایک اہم موقع ہے۔اجتماع میں خواتین کی آمد سے گھروں میں دینی ماحول مستحکم ہوگا، بچوں کی صحیح تربیت میں آسانی ہوگی، ایمان و یقین تازہ ہوگااور سنت ِ رسول وعشق رسول ؐ کی لَودلوں میں مزید روشن ہوگی۔
اس اجتماع میں مولانا قمرالزماں خان اعظمی (جنرل سیکریٹری ، ورلڈ اسلامک مشن، لندن)، مولانا محمدشاکر علی نوری، تینوں دن خطاب کریں گے۔ مفسرِ قرآن مولانا ظہیر الدین خان رضوی کا بھی خطاب ہوگا۔ اجتماع کےآخری دن بعد نمازِ ظہر ختم ِ بخاری شریف کی خصوصی نشست ہوگی ۔ آخری حدیث پاک کا درس مفتی محمد نظام الدین رضوی (جامعہ اشرفیہ مبارک پور) دیں گے۔
منتظمین اورپولیس کی جانب سے یہ بھی یاددہانی کرائی گئی ہے کہ سامان کم لے کرآئیں، چاقو ،چھری ، ماچس ، لائٹر،کیمرہ ، لیپ ٹاپ، وائر ، بیٹریز، نیل کٹر اور بیٹری سے چلنے والے دیگرآلا ت نہ لائیں۔اسی طرح  موٹرسائیکل اور دیگر گاڑیاں آزاد میدان نہ لائیں اورنہ ہی کھڑی کریں،جہاںجگہ مقرر کی گئی ہے وہیںکھڑی کریں۔  اس کے علاوہ رضاکاروں اورپولیس سے تعاون کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK