یہ دعویٰ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مہایوتی کے اتحادیوں میں اختلافات زور پکڑرہے ہیں ،اسی کا اثر ہے کہ پچھلے دنوں کابینی میٹنگ میں شندے سینا کے وزراء نے شرکت نہیں کی تھی۔
نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے اور وزیراعلیٰ فرنویس ایکساتھ تو نظر آرہے ہیںمگر اختلافات کی قیاس آرائیاں ہیں۔ تصویر:آئی این این
شیو سینا (ادھو گروپ) نے شیوسینا (شندے ) پر زبردست لفظی حملہ کیا ہے ۔ شیوسینا یوبی ٹی کے ترجمان اخبار ’سامنا‘ میں ہفتے کے روز شائع ہونے والے اداریے میں ’آپریشن لوٹس‘ کی پیشگوئی کی گئی ہے اور دعویٰ کیا گیا ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی شیو سینا کے۳۵؍ اراکین اسمبلی جلد ہی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے والے ہیں۔ ’سامنا‘ کے اس اداریے کے مطابق، ’’آپریشن لوٹس نے شندے کے لوگوں کو لالچ دے کر اُنہیں اُن کی اوقات دکھانا شروع کر دی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ شندے کی اس شکایت پر ہنسے بغیر نہ رہ سکے کہ رویندر چوہان نے اُن کے لوگوں کو بڑی رقم دے کر بہلایا ہے۔ دوسروں کو لالچ دینے والے شندے کا اپنے لوگوں کو بہلانے پر فکر مندی ظاہر کرنا واقعی ایک بڑا مذاق ہے۔‘‘
سامنا کے اداریے میں مزید کہا گیا ہے کہ’’ یہ طے ہے کہ بی جے پی بلدیاتی انتخابات ایکناتھ شندے کے بغیر لڑے گی۔ اس میں کہا گیا ہے، ’’یہ بالکل واضح ہے کہ شندے گروپ کے کم از کم۳۵؍ اراکین اسمبلی بی جے پی میں شامل ہوں گے۔ بی جے پی نے ’آپریشن لوٹس‘ کے ذریعے بالاصاحب ٹھاکرے کی اصلی شیو سینا کو توڑا تھا۔ ایکناتھ شندے اس بٹوارے کے ماسٹر مائنڈ تھے۔ اب دوسرے آپریشن لوٹس کے تحت شندے کی اپنی پارٹی کو ہی توڑا جا رہا ہے۔‘‘ ’سامنا‘ کے اس اداریے میں یہ بھی کہا گیا ہے، ’’مہاراشٹر میں جو ڈراما چل رہا ہے، اسے سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ شندے نے دہلی میں اپنی اصل پارٹی کے سربراہ امیت شاہ سے ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور بی جے پی کی مہاراشٹر یونٹ کے صدر رویندر چوہان کے بارے میں شکایت کی کہ وہ اُن کی پارٹی کو توڑ رہے ہیں اور ان کے لوگوں کو خرید رہے ہیں۔ لیکن امیت شاہ نے اس پر ہنستے ہوئے بات ٹال دی۔‘‘
اداریے میں کہا گیا ہے، ’’ایکناتھ شندے نے دعویٰ کیا کہ ان کا دہلی دورہ کامیاب رہا، لیکن یہ محض دکھاوا ہے۔ رویندر چوہان تھانے ضلع سے ہیں، جسے شندے کا بھی گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ آنے والے وقت میں مزید سنسنی خیز باتیں سامنے آئیں گی۔‘‘