• Mon, 24 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالونی : کانگریس کے مورچہ کے جواب میں بی جے پی ورکروں کا مورچہ

Updated: November 24, 2025, 10:23 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

رکن اسمبلی اسلم شیخ کے بینر اور پوسٹر پھاڑڈالے، علاقےکی دکانیں بند کروائیں اور اسلم شیخ کا پتلا بھی جلایا۔

Member of Assembly Aslam Sheikh. Photo: INN
رکن اسمبلی اسلم شیخ۔ تصویر:آئی این این
کانگریس کےسینئر لیڈراور رکن اسمبلی اسلم شیخ کو پاکستان کی اولاد کہنے پر گزشتہ روز یوتھ کانگریس کے ورکروں نے ممبئی بی جے پی کے صدر امیت ساٹم کے  اندھیری میں واقع دفتر پر مورچہ نکالا تھا ۔اس کے جواب میں اتوار کو بی جےپی یوتھ ونگ کے ورکروں نے مالونی میں پر تشدد احتجاج کیا۔ علاقے میں لگائے گئے رکن اسمبلی اسلم شیخ کے بینرس اور پوسٹرس پھاڑ دیئے ، دکانیں بند کروائیں، اسلم شیخ کا پتلا نذر آتش کیا اور پاکستان کا پرچم بھی جلایا۔  انہوںنے اپنے ہاتھوں میں زعفرانی جھنڈے لےکر  اسلم شیخ کے مالونی میں واقع دفتر پر مورچہ نکالنے کی کوشش کی جنہیں پولیس نے بیریکیڈ لگاکرمالونی فائر بریگیڈ کے پاس ہی روک لیا۔ مظاہرین کافی نعرے بازی کر رہے تھےجنہیں روکنے کیلئے  پولیس کا بھاری بندوبست طلب کیاگیا تھا اور پولیس کو انہیں روکنے کیلئے کافی مشقت کرنی پڑی۔ مظاہرین اسلم شیخ سے معافی مانگنے او ر ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر رہےتھے۔مظاہرے میں شامل چند افراد نے ’روہنگیا بھگاؤ دیش بچاؤ‘ کے نعرے والا پلے کارڈ بھی لیاہوا تھا۔
اس سلسلےمیں اسلم شیخ نے کہا کہ’’منگل پربھات لودھا کتنا جھوٹ بولتے ہیں، یہ آج ثابت ہو گیا ہے۔ انہوں نے ممبئی پولیس کمشنر کو ایک ویڈیو کلپ دی  اورلیٹر لکھا ہے کہ مَیںنے انہیں اور ان کے اہل خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکی دی جبکہ اس پورے ویڈیو میں کہیں بھی ایسی کوئی بات نہیں کہی گئی ہے۔جب وہ مجھ پر جھوٹا کیس درج کرانے میں ناکام ہو گئے تو ممبئی بھر سے بی جے پی ورکروں کو مالونی بھیج دیا اور اب یہ مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ چونکہ بی جے پی ورکروں کو لگتا ہےکہ جان سے مارنے دی گئی ہے تو اسلم شیخ معافی مانگیں۔‘‘ انہوںنے مزیدکہاکہ ’’ اگر منگل پربھات لودھا منہدم کئے ہوئے افراد کے گھر دوبارہ بنوادے تو مَیں ۱۰؍ مرتبہ معافی مانگنے اور حکومت کے ہاتھ جوڑنے کیلئے تیار ہوں۔‘‘اسلم شیخ کے بقول گزشتہ ۹، ۱۰؍  برس سے وزارت داخلہ بی جے پی کے پاس ہے، گزشتہ ۸؍ برس سے ان کی جانب سے یہ شور مچایا جارہا  ہے کہ مالونی میں روہنگیا اور بنگلہ دیشی مسلمان آباد ہیں اور یہی الزام لگاتے ہوئے ۱۵؍ روز قبل ۴۰۰؍ گھروں کو روہنگیائی مسلمانوں کے گھر کہہ کر منہدم کر دیاگیا ہے، ان میں ۶۰؍فیصد سے زیادہ برادران وطن (ہندو) کے گھر تھے۔ ان کے ۲۵؍  سال پرانے گھروں کو توڑ دیا گیا ، اس کےباوجود انہیں کوئی ایک بھی بنگلہ دیشی یا روہنگیائی ملا کیا؟نہیں۔ان کی اس حرکت سے کئی خاندان تباہ ہو رہے ہیں۔ ان گھروں کے تعلق سے کوئی بات نہیں کر رہا ہے۔ اس طرح ممبئی میں بہت نچلی درجہ کی سیاست ہو رہی ہے۔‘‘
شیو سینا (ادھوٹھاکرے) کے لیڈر اور رکن اسمبلی آدتیہ ٹھاکرے سے مالونی میں پر تشدد احتجاج کے تعلق سے پوچھا گیا تو انہوںنے کہاکہ’’ جب بھی بی جے پی کو یہ محسوس ہونے لگتا ہے کہ وہ الیکشن نہیں جیت سکے گی تو اس طرح ہندو- مسلم اور مراٹھی- غیر مراٹھی تنازع پیدا کر دیتی ہے،اس کے باوجود بھی ووٹ چوری کرتی ہے لیکن اس مرتبہ ہم انہیں بے نقاب کریں گے اور ممبئی کے عوام بھی بی جے پی کی اس حرکت سے  واقف ہو گئی ہے۔‘‘
واضح رہے کہ ممبئی مضافات ضلع کے جوائنٹ نگراں وزیر منگل پربھات لودھا نے الزام لگایا تھا کہ مالونی کے راتھوڑی علاقے میں روہنگیائی مسلمان آباد ہیں۔اس کے جواب میں اسلم شیخ نے اس بستی میں بڑی تعداد میں ہندوؤں کے آباد ہونے کا بھی دعویٰ کیا تھا جس کے بعد ممبئی بی جے پی کےصدر امیت ساٹم نے اسلم شیخ کو پاکستان کی اولاد کہا تھا جس کے خلاف سنیچر کو یوتھ کانگریس کے ورکروں نے اندھیری میں امیت ساٹم کے آفس کے باہر احتجاج کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK