ناندیڑ میں انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب دل خراش واقعہ پیش آیا۔
EPAPER
Updated: April 17, 2026, 11:22 AM IST | Z. A. Khan | Mumbai
ناندیڑ میں انتظامیہ کی لاپروائی کے سبب دل خراش واقعہ پیش آیا۔
ناندیڑ میں ایک نہایت افسوسناک واقعہ پیش آیاہے۔ شہر کے دیگلور ناکہ علاقے میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری نالے کے کام کے دوران کھودے گئے گڑھے میں جمع پانی میں ڈوب کر چار کمسن بچوں کی موت ہوگئی۔ اطلاع کے مطابق، گرمیوں کی تعطیلات کے باعث دوپہر کے وقت بچے کھیلنے کیلئے گھروں سے باہر نکلے تھے۔ شدید گرمی کے دوران کھیلتے کھیلتے یہ بچے دیگلور ناکہ علاقے کے نالے کے قریب پہنچ گئے، جہاں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے نالے کی تعمیر کا کام جاری ہے اور اس کیلئے بڑے بڑے گڑھے کھودے گئے ہیں۔ ان گڑھوں میں پانی بڑی مقدار میں جمع تھا جس کا بچوں کو علم نہیں تھا۔یہ بچے گڑھے کے قریب کھیلنے لگے اور پھسل کراسی میں گرگئے۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت محمد عدنان فیروز(۱۰)، محمد علی ادریس(۱۳)، سید عرفان فیروز(۱۳) اور ایان ابراہیم باغبان(۱۱) کے طور پر ہوئی ہے، یہ چاروں اسلام پورہ علاقے کے رہائشی تھے۔ چاروں بچوں کی لاشیں پانی سے نکال کر سرکاری اسپتال پہنچائی گئی۔اس المناک حادثے کے بعد والدین کے آہ و بکا سے ماحول سوگوار ہو گیا ہے۔ ایک ہی وقت میں چار معصوم جانوں کے ضیاع نے پورے ناندیڑ شہر کو غم میں مبتلا کر دیا ہے۔مقامی شہریوں نے الزام لگایا ہے کہ نالے کے کام کے دوران کھودے گئے گڑھوں کے اطراف کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کئے گئے تھے، جو اس حادثے کی بڑی وجہ بنا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کی اسی غفلت اور لاپروائی کے سبب معصوم بچوں کی جانیں گئیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور پنچنامہ کیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اس دلخراش واقعے کے بعد شہریوں کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔