• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرینوں میں بے تحاشہ بھیڑ بھاڑ، مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور

Updated: November 09, 2026, 4:04 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

مسافروں کا بیت الخلاء جانا بھی مشکل۔ دوسرے زمرے کی سیٹیں گھٹاکر پریمیم تتکال کے نام پر۹؍ ہزار روپے سے زائد چارج۔ ان حالات کے باوجود ریلوے کے بلند بانگ دعوے۔

The images presented here give an idea of ​​the hardships passengers are enduring on long-distance trains. Photos: Inqilab
زیرنظرتصویروں سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ طویل مسافتی ٹرینوں میں مسافروں کو کتنی تکلیف اٹھانی پڑرہی ہے۔ تصاویر: انقلاب

دیوالی اور چھٹھ کے تہواروں اور موسم سرما کی جاری تعطیلات  کے پیش نظر  ٹرینوں میں مسافروں کی اس قدر بھیڑ بھاڑ ہے کہ ان مناظر کو دیکھنے کے بعد یہ اندازہ ہوتا ہے کہ مسافر بیٹھے نہیں، ٹھسے ہوئے ہیں اور وہ بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ 

’’بیت الخلاء جانا بھی آسان نہیں‘‘

ایل ٹی ٹی سی  سے بنارس جانے والی ٹرین  نمبر ۱۲۱۶۷؍  کے کوچ نمبر ایس- ون میں گزشتہ روز  مسافروں کی بدحالی اور ان کی پریشانی بیان کرنے والا ایک ویڈیو سماجی خدمتگار وارث علی شیخ  نے مہیا کرایا۔ اس میں ان کے شناسا اسد شیخ بھی سفر کررہے تھے۔ اس ڈبے کے مناظر انہوں نے ویڈیو میں قید کئے۔ اس میں ایک خاتون اپنی بچی کو بیت الخلاء لے جانے کیلئے پریشان نظر آئی  ، وہ راستہ دینے کی دیگر مسافروں سے درخواست کررہی ہے مگر ناکام رہی۔ اس لئے کہ راستے میں بھی مسافر ٹھسے ہوئے تھے، تل دھرنے کی جگہ نہیں تھی۔ یہ سلیپر ڈبے کا حال ہے تو جنرل میں کیا حالت ہوگی، اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ انہوں  نے ریلوے کے دعوؤں کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ جب کاغذ پر ٹرینیں چلائی جائیں گی یعنی صرف لمبے چوڑے دعوے ہوں گے تب مسافروں کی یہی درگت بنے گی۔

’’لگتا ہے ریلوے نے خود دلالی شروع کردی ہے ‘‘

وارث علی شیخ نے پریمیم تتکال کی بے تحاشہ قیمت وصول کرنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اصل میں ایسا لگتا ہے کہ ریلوے نے خود دلالی شروع کردی ہے۔ جب زائد پیسے لے کر دلال ٹکٹ دلاتا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے اور جب یہ کام ریلوے خود کرے تو اس کو اور کیا کہا جائے گا ؟ اصل میں یہ سب کچھ ریلوے کی غلط منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے جس کا خمیازہ ہرسال مسافر بھگتنے پر مجبور ہیں۔ 

ایک اور مسافر کے مطابق  ٹرینوں میں اس قدر رش کے باوجود ٹکٹ چیکروں کی پوری فوج ڈبے میں داخل ہوجاتی ہے تاکہ کوئی مسافر بلاٹکٹ نہ نکل جائے مگر جب ان سے کہا جاتا ہے کہ صاحب، مسافروں کی یہ بدتر حالت سے بھی ریلوے انتظامیہ کو آگاہ کرائیں تو وہ کہتے ہیں کہ تہواروں کا سیزن ہے ، بھیڑ بھاڑ تو ہوگی ہی۔ دراصل مسافروں کی پریشانی سے ریلوے کو کوئی مطلب نہیں ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: شہرومضافات میں آتشزدگی کے ۴؍واقعات۔ سیکوریٹی گارڈ ہلاک، ۳؍افراد زخمی

’’پریمیم تتکال کے ذریعے مسافروں کی جیب کس طرح خالی کی جارہی ہے‘‘

بھیڑ بھاڑ کے سبب پریشان مسافروں کی جیب کس طرح خاص طور پر تتکال ٹکٹ کے نام پر خالی کی جارہی ہے، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔ ٹرینیں وہی، ڈبہ وہی، سیٹوں کی بناوٹ وہی ۔ ریلوے نے سیٹیں کم کرکے درجے بندی کردی اور مسافروں کے مطابق کمائی کا نیا طریقہ ڈھونڈ لیا۔ اس تعلق سے چند ٹرینوں کی پوزیشن ذیل میں درج کی جارہی ہے۔

  کشی نگر سلیپر میں نارمل تتکال۴۸؍ سیٹیں اور پریمیم تتکال کی۴۸؍ سیٹیں،  اے سی میں  تھری ٹائر نارمل تتکال کی ۸۷،  نارمل تتکال اور پریمیم تتکال۸۶؍سیٹیں۔ سکینڈ اے سی میں۱۶؍ نارمل اور ۱۶؍ پریمیم تتکال۔ پہلے نارمل تتکال کی۹۶؍ سیٹیں تھیں اور پریمیم بھی ۹۶؍ تھیں، اسے گھٹاکر آدھا کردیا  گیاہے۔ 

مغربی بنگال ہاؤڑہ جانے والی گیتانجلی ایکسپریس میں۸۴؍ نارمل اور۸۴؍ پریمیم تتکال ہے۔ تھرڈ اے سی۴۳؍ اور پریمیم تتکال کی ۴۳؍ سیٹیں. سیکنڈ اے سی۱۶؍ سیٹوں کا کوٹہ ہے۔ پہلے ۱۵۰؍ نارمل تتکال اور۱۵۰؍ پریمیم تتکال کا کوٹہ ہوا کرتا تھا۔ 

جیا نگر دربھنگہ ایکسپریس میں نارمل تتکال ۹۶؍  اور پریمیم۹۶؍ سلیپر۔ اے سی تھری ٹائر۶۵؍  اور پریمیم بھی۶۵۔ سکینڈ اے سی میں۸؍ نارمل تتکال کا اور۸؍ پریمیم تتکال کا کوٹہ ہے ۔ 

کشی نگر سیکنڈ اے سی پریمیم تتکال۸۱۰۰؍ روپے میں فروخت ہوا ہے۔ سیکنڈ اے سی نارمل تتکال ۳؍ہزار ۴۱۵؍ روپے ۔ سلیپر تتکال کی قیمت ۹۸۵؍ روپے، پریمیم تتکال ۲؍ ہزار ۴۳۰؍  روپے۔ اے سی تھری ٹائر نارمل تتکال ۲؍ ہزار ۴۳۵؍ روپے اور پریمیم تتکال ۶؍ ہزار ۷۳۵؍ روپے۔ 

جیا نگر ایکسپریس میں نارمل تتکال ایک ہزار روپے، پریمیم تتکال ۲؍ ہزار ۴۶۵؍، اے سی تھری  ٹائر میں نارمل تتکال ۲؍ہزار ۴۷۰؍ اور پریمیم تتکال ۶؍ ہزار ۸۴۰؍  روپے، سیکنڈ اے سی نارمل تتکال ۳؍ہزار ۴۷۰؍  روپے اور پریمیم تتکال ۸؍ ہزار ۹۳۵؍  روپے۔

گیتانجلی ایکسپریس میں سلیپر نارمل تتکال ایک ہزار ۴۰؍ روپے، پریمیم تتکال ۲؍ ہزار ۵۱۵؍ روپے، اے سی تھری ٹائر میں نارمل تتکال ۲؍ ہزار ۵۴۰؍ روپے اور پریمیم تتکال ۶؍ ہزار ۴۶۰؍ روپے اور سیکنڈ اے سی میں نارمل تتکال ۳؍ ہزار ۵۴۰؍  روپے اور پریمیم تتکال ۹؍ ہزار ۵۵؍ روپے ہے۔ اس کے باوجود سب فروخت ہوچکا ہے۔

  ٹکٹ کی مذکورہ قیمتوں میں دوری کی مناسبت سے کچھ کم زیادہ کرایہ ہے مگر سب سے اہم مسافروں کا سوال یہ ہے کہ ریلوے انتظامیہ آخر پریمیم تتکال کے نام پر۹؍  ہزار روپے سے زائد کرایہ کیوں وصول کرتا ہے۔ اگر واقعی مسافروں کو فائدہ پہنچانا  مقصد ہے تو ٹرینوں میں پریمیم تتکال کا الگ ڈبہ جوڑ دے، ایسا کرنے سے کم ازکم عام مسافروں کی حق تلفی تو نہیں ہوگی۔

ریلوے کا گھسا پٹا جواب 

ریلوے   افسران عموماً اسے پالیسی کا حصہ بتاکر پلہ جھاڑ لیتے ہیں۔ ان سوالوں پر بھی گھسا پٹا جواب دیتے ہوئے یہی کہا اور یہ جواز بھی پیش کیا کہ لاکھوں مسافروں کو ان کی منزل تک بحفاظت پہنچانے اور آرام دہ سفر مہیا کرانے کیلئے ریلوے مسلسل کوشاں ہے۔

’’ریلوے کا دو مقصد پیش نظر رہتا ہے ‘‘

ایک ٹکٹ ایجنٹ نے بتایا کہ دراصل ریلوے کو مسافروں کی پریشانی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، اس کے پیش نظر دو مقصد ہیں۔ اوّل سیزن میں زیادہ سے زیادہ کمانا اور دوسرے کسی طرح بھگڈر نہ مچے، کوئی حادثہ نہ ہو تاکہ انتظامات پر سوال نہ قائم ہوں۔ مسافر جانوروں کی طرح سفر کررہے ہیں، بیت الخلاء  میں بیٹھ کر جارہے ہیں ، راستے میں بیٹھے یا سوئے ہوئے ہیں، اس سے ریلوے انتظامیہ کو کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اس لئے کہ ریلوے کی ترجیحات اس سے الگ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK