دہلی، ممبئی اور بنگلور سمیت کئی ہوائی اڈوں پر مسافروں کا احتجاج اور ہنگامہ
رائے پور ایئر پورٹ پر مسافروں کی بھیڑ دیکھی جاسکتی ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی
نجی ایئر لائن انڈیگو نے پروازوں کی تاخیر کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) کی منظوری سے شروع کی گئی پہل کے ضمن میں جمعرات کو تقریباً ۴۰۰؍پروازیں منسوخ کر دیں جس کی وجہ سے پورے ملک میں ہنگامہ مچ گیا۔ دہلی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ پر دی گئی معلومات کے مطابق، صرف دہلی میں آج۱۰۰؍ سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ بنگلور ہوائی اڈے پر بھی تقریباً ۱۰۰؍ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ ممبئی میں کمپنی کی ۷۰؍سے زیادہ پروازیں منسوخ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں انڈیگو کی تقریباً ۴۰۰؍ پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ حالانکہ کمپنی نے اعداد و شمار ظاہر نہیں کئے ہیں۔ پروازوں کی منسوخی سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ کمپنی نے اپنے بین الاقوامی آپریشن کو متاثر نہیں کیا اور اندرون ملک روٹس پر پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔ یہ صورتحال جمعہ کے روز بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
انڈیگو نے جمعرات کی شام کو اعلان کیا کہ وہ مختلف وجوہات کی بنا پر اپنی پروازوں میں آنے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئےکنٹرولڈ شیڈول تبدیلیاںنافذ کر رہی ہے، جو اگلے ۴۸؍ گھنٹے (جمعہ کی شام تک) تک جاری رہے گی۔ اس کے نتیجے میں بدھ کو تقریباً ۲۰۰؍پروازیں منسوخ کی گئیں اور جمعرات کو بھی کئی پروازیں منسوخ ہوئیں۔ ریگولیٹر ڈی جی سی اے نے بتایا کہ نومبر میں انڈیگو کی۱۲۳۲؍ پروازیں منسوخ ہوئیں۔ واضح رہے کہ انڈیگو اس وقت ملک کی سب سے بڑی ایئر لائن کمپنی ہے جو روزانہ کی بنیاد پر تقریباً ۱۲؍ سو فلائٹس کا آپریشن کرتی ہےجس میں بین الاقوامی اور گھریلو دونوں ہی پروازیں شامل ہیں۔ ایسے میں اگر اس کی ایک فلائٹ بھی منسوخ ہوتی ہے تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ سسٹم پر کتنا اثر پڑتا ہو گا۔