دوپہر ۱۲؍ بجے سے ۲؍ بجے تک وقفے وقفے سے آنے والے جھٹکوں نے ہرات کے علاقے میں تباہی مچادی، ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ۔
EPAPER
Updated: October 08, 2023, 11:49 AM IST | Agency | Kabul
دوپہر ۱۲؍ بجے سے ۲؍ بجے تک وقفے وقفے سے آنے والے جھٹکوں نے ہرات کے علاقے میں تباہی مچادی، ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ۔
افغانستان میں سنیچر کی دوپہر ۱۲؍ بجے آنے والے۶ء۳؍کی شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی جس کے بعد وقفے وقفے سے مزید ۴؍ بار جھٹکے محسوس کئے گئے۔ ابتدائی رپورٹوں میں ۱۵؍ ہلاکتوں اور ۴۰؍ افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے مگر اس میں اضافے کا اندیشہ بھی ظاہر کیاگیاہے۔
زلزلے کا مرکز خطے کے سب سے بڑے شہر کے ہرات کے قریب تھا ۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ مغربی افغانستان میں ۶ء۳؍ شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کے ساتھ ہی کئی علاوہ میں مٹی کے تودے اور عمارتیں گرنے کی اطلاعات بھی ہیں، جس کے سبب متاثرین کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔امریکہ کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے بتایا کہ زلزلے کا مرکز ہرات کے شمال مغرب میں ۴۰؍ کلومیٹر دور تھا اور اس کے فوری بعد ۵ء۵ ، ۴ء۷؍ اور ۶ء۲؍ کی شدت کے تین مابعد زلزلہ جھٹکے محسوس کئے گئے ۔شہر میں موجود اے ایف پی کے ایک نمایندے نے بتایا کہ جب صبح ۱۱؍ بجے کے قریب پہلا زلزلہ آیا، تو شہری اور دکاندار اپنی جان بچاکر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ انہوں نے بتایا کہ لوگ پریشان اور خوفزدہ ہیں، خواتین، مرد، بچے اور ہر شخص گھر سے باہر نکل آیا، اس کے بعد آفٹر شاکس بھی آئے، ہر شخص پریشان ہے، کوئی بھی اپنے گھر کے اندر نہیں جانا چاہتا۔
یو ایس جی ایس نے ابتدائی رپورٹ میں بتایا کہ ممکنہ طور پر سیکڑوں افراد کی ہلاکت ہو سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اہم جانی نقصان کا امکان ہے اور تباہی ممکنہ طور پر وسیع ہوسکتی ہے، اس الرٹ کی سطح کے ساتھ ماضی کے واقعات کے لیے علاقائی یا قومی سطح کے ردعمل کی ضرورت ہے۔امریکہ کے جیولوجیکل سروے نے رپورٹ کیا کہ زلزلے کی شدت ۶ء۲؍ تھی۔ ہیرات شہر ایران کی سرحد سے۱۲۰؍ کلومیٹر مشرق میں واقع ہے، یہ افغانستان کا ثقافتی مرکز سمجھا جاتا ہے۔یو ایس جی ایس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت ۶ء۲؍ اور اس کی گہرائی صرف ۱۴؍ کلومیٹر تھی۔