اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ انروا کے سربراہ فلپ لارزینی نے خدشہ ظاہرکیاکہ اسرائیل کی غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام کی تیاری میں ہے۔
EPAPER
Updated: October 04, 2025, 12:56 PM IST | Agency | Gaza
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ انروا کے سربراہ فلپ لارزینی نے خدشہ ظاہرکیاکہ اسرائیل کی غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام کی تیاری میں ہے۔
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ ’اونروا‘ کے چیف فلپ لازارینی کا کہنا ہے کہ اسرائیل غزہ شہرمیں بڑے پیمانے پر قتل عام کی تیاری کر رہا ہے، اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر میں موجود فلسطینیوں کو دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اونروا چیف فلپ لازارینی نے اسرائیلی اعلان کوخطرناک اشارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ غزہ سے نہیں نکل سکتے انہیں نشانہ بنایا جائیگا۔ رپورٹس کے مطابق غزہ اور شمالی علاقوں میں ۲؍ لاکھ۵۰؍ ہزار فلسطینی پھنسے ہوئے ہیں۔ فلسطینی شہریوں کو دہشت گرد قرار دینا بڑے پیمانے پر قتل عام کی تیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی منصوبے کے تحت مزید خواتین، بچے اور بزرگ نشانہ بنیں گے، غیر محفوظ اور بے بس شہریوں کو جان سے مارنے کی منصوبہ بندی ہو رہی ہے۔اونروا چیف کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں جاری بین الاقوامی جرائم کو مزید برداشت نہیں کیا جانا چاہیے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں۔ گزشتہ ۳۶؍گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں۶۶؍ فلسطینی شہید اور ۲۲۷؍زخمی ہو گئے۔ ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق قابض افواج نے غزہ شہر پر مسلسل بمباری سے علاقے کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا ہے۔ روزانہ درجنوں افراد شہید ہورہے ہیں، بے شمار رہائشی عمارتیں اور اسکول تباہ ہو چکے ہیں، ہزاروں فلسطینیوں کو جنوب کی جانب ہجرت پر مجبور کیا گیا ہے، جہاں راستے میں بھی اُن پر حملے کیے جاتے ہیں۔ساحلی سڑک ’الرشید‘ سے رپورٹنگ کرتے ہوئے الجزیرہ کے نمائندے ہانی محمود نے بتایا کہ اسرائیلی فوج پہلے لوگوں کو نکلنے کا حکم دیتی ہے اور پھر ہیلی کاپٹرز، ڈرونز اور ٹینکوں کے ذریعہ انہیں نشانہ بناتی ہے، جس سے مزید ’افراتفری اور خوف‘ پھیلتا ہے۔طبی ذرائع کے مطابق غزہ میں انصار کے علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے کے دوران ایک بچہ شہید ہوا، مرکزی غزہ میں اسرائیلی اسنائپرز نے۹؍افراد کو شہید اور ۱۳؍ کو زخمی کردیا۔البریج پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر ڈرون حملے کے دوران فلسطینی جوڑے شہید ہو گیا۔ دیر البلح کے جنوب میں ایک اور ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید اور ۱۰؍سے زائد زخمی ہوئے۔خان یونس میں اسرائیلی ڈرون نے الاقصیٰ یونیورسٹی کے کیمپس میں بے گھر افراد کے خیمے کو نشانہ بنایا، جس سے ۸؍ افراد زخمی ہوئے۔اگرچہ اسرائیل کی جانب سے غزہ شہر پر وحشیانہ بمباری شہریوں کو جنوب کی طرف نکلنے پر مجبور کر رہی ہے،تاہم پھر بھی کچھ لوگ خطرہ مول لیتے ہوئے شمال کی طرف واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔
دریں اثناءغزہ میں ایک سیکورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مزاحمت سے وابستہ ایک سیکورٹی فورس نے رفح کے مشرقی علاقے میں غدار یاسر ابو شباب کے ٹھکانے پر کامیاب کارروائی کی اوراس کے کرائے کے غداروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان میں کئی ہلاک اور زخمی ہو گئے۔ذرائع کے مطابق ’رادع‘ فورس کے جنگجوؤں نے ابو شباب کے غداروں کے اڈے پر دھاوا بولا جو قابض اسرائیلی فوج کی براہ راست سرپرستی اور سیکورٹی میں وہاں سرگرم تھے۔