Inquilab Logo Happiest Places to Work

۹۵ فیصد کمپنیاں صارفین کو دھوکہ دینے کیلئے’ڈارک پیٹرنز‘ استعمال کرتی ہیں؛ سیبی سے کارروائی کا مطالبہ

Updated: July 09, 2026, 10:12 PM IST | New Delhi

’لوکل سرکلز‘ کی تحقیقی رپورٹ نے خود ضابطگی کی ناکامی کو بھی بے نقاب کیا۔ ’سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی‘ میں جن ۲۳ کمپنیوں نے خود ساختہ حلف نامے جمع کرائے تھے کہ وہ ڈارک پیٹرنز سے پاک ہیں، ان میں سے صرف ۷ کمپنیاں ہی حقیقت میں اس عمل سے پاک پائی گئیں۔ رپورٹ میں میشو (Meesho)، جاکی (Jockey)، ہیملز (Hamleys) اور ایزی مائی ٹرپ (EaseMyTrip) سمیت محض چند کمپنیوں کو ہی حقیقی معنوں میں ڈارک پیٹرنز سے پاک قرار دیا گیا۔

Photo: X
تصویر: ایکس

آن لائن مارکیٹ سے وابستہ، پبلک لسٹڈ (اسٹاک مارکیٹ میں رجسٹرڈ) کمپنیوں میں سے ۹۵ فیصد سے زائد کمپنیاں ’ڈارک پیٹرنز‘ (dark patterns) یعنی دھوکہ دہی پر مبنی ایسے انٹرفیس ڈیزائن جو صارفین کے فیصلوں کو متاثر یا تبدیل کرتے ہیں، کا استعمال کر رہی ہیں۔ یہ انکشاف ۷ جولائی کو ’لوکل سرکلز‘ (LocalCircles) کی شائع کردہ ایک حالیہ تحقیقی رپورٹ میں ہوا ہے۔ ان نتائج کے بعد مارکیٹ ریگولیٹر سیبی (SEBI) سے کیا جانے والا یہ مطالبہ زور پکڑ گیا ہے کہ وہ تمام لسٹڈ کمپنیوں اور ہندوستان میں لسٹنگ کا ارادہ رکھنے والی کمپنیوں کیلئے ’ڈارک پیٹرنز سے پاک‘ ہونے کی تعمیل کو لازمی شرط بنائے۔

’لوکل سرکلز‘ کی تحقیقی رپورٹ گزشتہ ۱۲ مہینوں کے دوران ۳۰۰ پلیٹ فارمز پر موصول ہونے والی صارفین کی شکایات کو جمع کرکے اور اے آئی سے لیس ایک تشخیصی ٹول کا استعمال کرکے تیار کی گئی ہے۔ شناخت کئے گئے ڈارک پیٹرنز میں ڈرپ پرائسنگ (آہستہ آہستہ قیمتیں بڑھانا)، سبسکرپشن ٹریپس (بغیر بتائے سبسکرپشن جاری رکھنا)، پوشیدہ چارجز، بیٹ اینڈ سوئچ (دکھانا کچھ اور دینا کچھ)، سبسکرپشن کی منسوخی کے مشکل طریقۂ کار، گمراہ کن ڈیفالٹ سیٹنگز اور انٹرفیس میں مداخلت شامل ہیں۔ یہ طریقے صارفین کے آن لائن مصنوعات منتخب کرنے، لین دین کرنے اور واپسی یا رقم کی واپسی (ریفنڈ) کے مراحل کے دوران استعمال کئے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: تیل کمپنیوں کو پیٹرول اور ڈیزل پر ۱۱؍ روپے تک منافع

سب سے عام ڈارک پیٹرنز

ان ڈارک پیٹرنز میں سب سے عام ہتھکنڈہ ’ڈرپ پرائسنگ‘ (drip pricing) ہے جو ۲۱۴ پلیٹ فارمز یا زیرِ تحقیق کمپنیوں میں سے ۶۵ فیصد کمپنیوں کی ویب سائٹس پر پایا گیا۔ اس کے علاوہ، ۵۲ فیصد کمپنیاں انٹرفیس میں مداخلت (interface interference) جیسا ڈارک پیٹرن استعمال کرتی ہے۔ بیٹ اینڈ سوئچ (bait and switch) والا ڈارک پیٹرن ۱۷۱ پلیٹ فارمز یعنی ۵۲ فیصد کمپنیوں کے ذریعے استعمال کیا جاتا ہے۔ ۱۱۸ پلیٹ فارمز یعنی ۳۶ فیصد کمپنیاں نیگنگ یعنی بار بار تنگ کرتے ہیں۔ ۱۱۰ پلیٹ فارمز یعنی ۳۳ فیصد کمپنیاں، سبسکرپشن ٹریپس (subscription traps) استعمال کرتی ہے۔ پرائیویسی زکرنگ یعنی دھوکے سے ذاتی ڈیٹا لینا (privacy zuckering) ۶۸ پلیٹ فارمز پر نشان زد کیا گیا۔ جن شعبوں میں ڈارک پیٹرنز کی سب سے زیادہ بھرمار دیکھی گئی ان میں ڈجیٹل لینڈنگ (آن لائن قرضہ)، ایڈٹیک، آن لائن بینکنگ، ای کامرس، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، فوڈ ڈیلیوری، آن لائن گیمنگ اور ٹریول وغیرہ شامل ہیں۔

اس تحقیق نے خود ضابطگی (self-regulation) کی ناکامی کو بھی بے نقاب کیا ہے۔ ’سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی‘ کو جن ۲۳ کمپنیوں نے خود ساختہ حلف نامے جمع کرائے تھے کہ وہ ڈارک پیٹرنز سے پاک ہیں، ان میں سے صرف ۷ کمپنیاں ہی حقیقت میں اس عمل سے پاک پائی گئیں۔ رپورٹ میں میشو (Meesho)، جاکی (Jockey)، ہیملز (Hamleys) اور ایزی مائی ٹرپ (EaseMyTrip) سمیت محض چند کمپنیوں کو ہی حقیقی معنوں میں ڈارک پیٹرنز سے پاک قرار دیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: چین: ببل ٹی فرم ”مولی ٹی“ کو لوگو کاپی رائٹ کیس میں لوئی ویتون کو ۵ء۱؍ملین ڈالر ہرجانہ ادا کرنےکاحکم

سیبی کا مجوزہ کامن ایڈورٹائزمنٹ کوڈ

تحقیق میں سیبی کے مجوزہ ’کامن ایڈورٹائزمنٹ کوڈ ۲۰۲۶ء‘ کا خیرمقدم کیا گیا ہے جو سیبی کے زیرِ انتظام کام کرنے والے تمام اداروں کی ویب سائٹس، موبائل ایپس، آن بورڈنگ کے مراحل، ای میل مہمات اور سوشل میڈیا پروموشنز میں مصنوعی عجلت پیدا کرنے، سبسکرپشن ٹریپس، پوشیدہ چارجز، کنفرم شیمنگ (صارف کو شرمندہ کرکے رضامندی لینا) اور بھیس بدل کر کئے گئے اشتہارات جیسے ڈارک پیٹرنز کو واضح طور پر ممنوع قرار دیتا ہے۔ ’لوکل سرکلز‘ نے سیبی کو ایک سیلف ڈیکلریشن فریم ورک جمع کرایا ہے اور ریگولیٹر پر زور دیا ہے کہ وہ تمام لسٹڈ اور لسٹ ہونے والی کمپنیوں کیلئے ’ڈارک پیٹرن سے پاک سرٹیفیکیشن‘ کو لازمی قرار دے، کیونکہ ان کے مطابق موجودہ خود تشخیصی فریم ورک ناکافی ہے اور اس کیلئے زیادہ سخت تصدیقی نظام کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK