گرم ترین شہروں میں مہاراشٹر کے ۲، یوپی کے ۳۷؍ اور مغربی بنگال کے ۱۸؍ شہر شامل، اکثر درجہ حرارت ۴۲؍ سے ۴۵؍ ڈگری کے درمیان۔
EPAPER
Updated: April 27, 2026, 10:25 AM IST | New Delhi
گرم ترین شہروں میں مہاراشٹر کے ۲، یوپی کے ۳۷؍ اور مغربی بنگال کے ۱۸؍ شہر شامل، اکثر درجہ حرارت ۴۲؍ سے ۴۵؍ ڈگری کے درمیان۔
پوری دنیا میں غیرمعمولی گرم لہر سے ہندوستان بری طرح متاثر ہے۔ دنیا کے۱۰۰؍ گرم ترین شہروں میں سے۹۸؍ اس وقت ہندوستان میں ہیں۔ اے کیو آئی ڈاٹ اِن کے اعدادوشمار ہندوستان عالمی گرم لہر کے مرکز میں آ چکا ہے۔ متعدد علاقوں میں درجہ حرارت۴۰؍ ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر چکا ہےجبکہ کچھ مقامات پر درجہ حرارت میں ۵؍ ڈگری سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔
جن شہروں میں درجہ ٔ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے ان میں دہلی، اتر پردیش کا لکھنؤ، مہاراشٹر کے ناگپور اور آکولہ، ادیشہ کا بھونیشور اور مدھیہ پردیش کا بھوپال شامل ہیں۔ درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر، محکمہ موسمیات نے عوام کو گرمی سے متعلق بیماریوں سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ آنے والے دنوں میں جموں کشمیر، ہماچل، پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اتر پردیش، راجستھان اور وسطی ہندوستان کے کچھ علاقوں میں گرم لہر کے برقرار رہنے کا اندیشہ ہے۔
اس کے علاوہ، ساحلی اور مشرقی علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ شمالی ہندوستان کے بعض حصوں میں راتیں بھی گرم رہنے کا امکان ہے، جس سے تکلیف اور صحت کے خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔
اپنی توسیعی پیش گوئی میں محکمہ موسمیات نے آئندہ ۷؍ دنوں تک مختلف علاقوں میں گرم لہرجیسی صورتحال برقرار رہے گی جن میں شمال مغربی علاقوں جیسے پنجاب، ہریانہ، دہلی، راجستھان اور اتر پردیش کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، ودربھ اور جنوبی علاقوں میں کیرالا اور ماہے شامل ہیں۔ ۹۵؍ ہندوستان کے رہے۔
یہ بھی پڑھئے: بنگال: آخری مرحلے کی پولنگ، انتخابی مہم زور پر، امیت شاہ پر بدزبانی کا الزام
سنیچر کو پورے ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ۴۷ء۴؍ ڈگری سیلسیس اتر پردیش کے باندہ کا رہا۔ اس کے بعد الہ آباد میں ۴۵ء۵؍ ڈگری، بنارس میں ۴۵؍ ڈگری، جھانسی میں ۴۴ء۸؍ ڈگری اورغازی آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت ۴۳؍ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ اس کےعلاوہ کئی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے۵؍ڈگری یا اس سے زیادہ ہے، جس کی وجہ سے گرم لہر کے حالات پیدا ہورہے ہیں۔
اس موسم میں ۱۰۰؍ سب سے زیادہ گرم شہروں میں یوپی کے۳۷؍ شہر شامل ہیں۔ وہیں مغربی بنگال کے۱۸؍ پنجاب میں ۷؍تلنگانہ اور چھتیس گڑھ کے۶-۶، بہار اور ادیشہ کے۵، مہاراشٹر کے۴؍ اور اتراکھنڈ اور آندھرا پردیش کے۲-۲؍ شہر شامل ہیں۔ زیادہ تر شہروں میں درجہ حرارت ۴۲؍تا۴۵؍ ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں دہلی میں سنیچر کو درجہ حرارت ۴۳؍ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے رام منوہر لوہیا اسپتال میں ہیٹ اسٹروک یونٹ قائم کیا گیا ہے۔ اس میں کولنگ ٹب، ۲۰۰؍ کلو برف بنانے والی مشینیں اور پورٹیبل آئس پیک بھی رکھے گئے ہیں۔
شدید گرمی کے موسم میں اتر پردیش کے آگرہ، متھرا، فیروز آباد اور مین پوری میں دوپہر۱۲؍ سے شام۴؍بجے کے درمیان مزدوروں کے کام کرنے پر پابندی لگادی گئی ہے۔ ادیشہ میں پیر سے تمام سرکاری اسکول بند رہیں گے جبکہ کیرالہ میں لوگوں سے دن میں ۱۱؍ سے۳؍ بجے کے درمیان باہر نہ نکلنے اور سیلف لاک ڈاؤن اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی طرح کرناٹک میں تمام اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک یونٹ قائم کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے مشورہ دیا ہے کہ وافر مقدار میں پانی پییں اورہلکے لباس پہنیں ۔