وزیر داخلہ کی ’’دھمکی آمیز‘‘ تقریروں پر وزیراعلیٰ نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا، بی جے پی لیڈر نے کہا: غنڈوں کو للکارتا ہوں تو ممتا بنرجی غصہ ہو جاتی ہیں۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 11:24 AM IST | Mumbai
وزیر داخلہ کی ’’دھمکی آمیز‘‘ تقریروں پر وزیراعلیٰ نے قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا، بی جے پی لیڈر نے کہا: غنڈوں کو للکارتا ہوں تو ممتا بنرجی غصہ ہو جاتی ہیں۔
مغربی بنگال میں ۲۹؍ اپریل کو دوسرے اور آخری مرحلے کی پولنگ کیلئے انتخابی مہم سنیچر کو اپنے شباب پر پہنچ گئی ۔ اس دوران جہاں امیت شاہ نے ’’ممتا کےغنڈو ں کو اُلٹا لٹکا کر سیدھا‘‘ کردینے کی دھمکی دہرائی ہے وہیں راج ناتھ سنگھ نے بھی کہا ہے کہ مذکورہ غنڈے’’اوپر ہوںگے یا جیل میں ہوںگے۔‘‘ حکمراں محاذ کی انتخابی تقریروں میں ٹی ایم سی کارکنوں اور لیڈروں کیلئے استعمال کی جانےوالی دھمکی آمیز زبان پر ممتا بنرجی نے سخت برہمی کا اظہار کرتےہوئے اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: تھانے: گاؤں دیوی میدان میں یکم تا ۱۰؍ مئی مینگو فیسٹیول کا انعقاد
ہگلی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سنیچر کو ممتا بنرجی نے امیت شاہ کی تقریر کا حوالہ دیا اور کہا کہ ’’امیت شاہ کے پرتشدد تبصروں کے خلاف ہم مقدمہ دائر کریں گے۔ وزیر داخلہ ہونے کے ناطے وہ اس طرح کی زبان کا استعمال نہیں کرسکتے۔‘‘ امیت شاہ نے دھمکی دی ہے کہ ’’میں ٹی ایم سی کے غنڈوں کو الیکشن کے دن گھروں میں رہنے کا مشورہ دیتا ہوں ورنہ ہم انہیں ایک ایک کرکے اٹھائیں گے اور ۴؍ مئی کو جیل میں ڈال دیں گے۔‘‘ امیت شاہ کی ’’الٹا لٹکا دینے‘‘ کی دھمکی پر ممتا بنرجی نے انتخابی تقریر میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر داخلہ یہ کیسی زبان استعمال کررہے ہیں؟ یہ کہنا کہ الیکشن بعد آپ لوگوں کو الٹا لٹکا دیںگے، قابل قبول نہیں ہے۔ اس ذہنیت کے ساتھ آپ بنگال کو کبھی نہیں جیت سکتے۔‘‘ دوسری طرف ممتا کے اعلان پر امیت شاہ نے جمال پور میں ریلی میں کہا کہ ’’غنڈوں کو دھمکی دینے پر ممتا کوغصہ آجاتاہے۔‘‘