رتناگیری، تعلقہ چپلون ، گوولکوٹ کی سمیہ مجاہد میئرنے ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی کے ایل ایل ایم ( ماسٹرآف لاء) کے امتحان میں ۹ء۴۴؍ سی جی پی اے حاصل کر کے فرسٹ کلاس وتھ ڈسٹنکشن اینڈ آئوٹ اسٹینڈنگ گریڈ سے شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔
گوولکوٹ کی ہونہار طالبہ سمیہ مجاہد میئر۔ تصویر:آئی این این
رتناگیری، تعلقہ چپلون ، گوولکوٹ کی سمیہ مجاہد میئرنے ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی کے ایل ایل ایم ( ماسٹرآف لاء) کے امتحان میں ۹ء۴۴؍ سی جی پی اے حاصل کر کے فرسٹ کلاس وتھ ڈسٹنکشن اینڈ آئوٹ اسٹینڈنگ گریڈ سے شاندار کامیابی حاصل کی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ اس ہونہار طالبہ نے ایل ایل بی میں بھی اوّل درجے سے کامیابی درج کرائی تھی ۔سمیہ کی امتیازی کامیابی اس کی انتھک محنت، لگن، مکمل وابستگی اور والدین کی بہترین تربیت کا نتیجہ ہے۔ سمیہ کی کامیابی سے مئیر خاندان کے ساتھ پورے گوولکوٹ کا سر فخر سے بلند ہوا ہے ۔
سمیہ نے گوولکوٹ کی اُردو پرائمری اسکول سےساتویں اور کالُستہ کے حاجی دائود امین ہائی اسکول سے۹۳ء۴۰؍فیصد سے ایس ایس سی امتحان پاس کیا ہے۔ سمیہ کی دلچسپی و ذہانت کا ہی نتیجہ ہے کہ اوّل سے دہم تک ہمیشہ ۹۰؍فیصد سے زیادہ مارکس حاصل کئے ۔اسی ادارہ میں واقع لیڈی فاطمہ آر بی دلوائی جونیئر کالج میں آرٹس میں داخلہ لیا۔ایچ ایس سی میں ۸۸ء۴۰؍فیصد نمبرات سے کامیابی پائی ۔ بی اے ایل ایل بی کی پڑھائی پونے کے اعظم کیمپس سے کیا۔ ۲۰۲۴ءمیں فرسٹ کلاس وتھ ڈسٹنکشن سے ایل ایل بی مکمل کیا ۔بعدازیں ایل ایل ایم کی پڑھائی بھی اسی ادارہ سے مکمل کی۔ سمیہ گوولکوٹ کی پہلی مسلم طالبہ ہے جس نے ایل ایل ایم امتیازی نمبرات سے مکمل کیا ہے ۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ سمیہ کی سب سے بڑی بہن عفیفہ وکیل اور ان سے چھوٹی بہن جویریہ مجاہد میئر ڈاکٹر ہیں۔
سمیہ نے پڑھائی کے علاوہ اسکول میں ہونےوالے ثقافتی مقابلوں اور پروگراموں میں بھی اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے ۔ تقریری اور بیت بازی کے مقابلوں میں بہترین کارکردگی پیش کی ہے ۔سمیہ کو کوکن ٹیلنٹ فورم کی جانب سے منعقد ہونے والے تعلیمی مقابلوں میں متواتر ۵؍سال ٹاپر ہونے کا اعزاز بھی حاصل رہاہے۔