سیکوریٹی کونسل میں روس کے ڈپٹی چیئرمین نے نیوکلیائی ٹھکانوں کےکلیدی ڈھانچہ اورایندھن کے محفوظ ہونے کی اطلاع دی، کہا:امریکہ نے کیا حاصل کرلیا، انکشاف کیاکہ کئی ملک ایران کو اپنے نیوکلیائی ہتھیار دینے کو تیار ہیں۔
EPAPER
Updated: June 23, 2025, 10:57 AM IST | Agency | Tehran
سیکوریٹی کونسل میں روس کے ڈپٹی چیئرمین نے نیوکلیائی ٹھکانوں کےکلیدی ڈھانچہ اورایندھن کے محفوظ ہونے کی اطلاع دی، کہا:امریکہ نے کیا حاصل کرلیا، انکشاف کیاکہ کئی ملک ایران کو اپنے نیوکلیائی ہتھیار دینے کو تیار ہیں۔
فردو، نطنز اور اصفہان میں ایران کے جوہری ٹھکانوں پر امریکہ کے حملے کی کامیابی پر سوال اٹھنےلگے ہیں۔ ایران کی مہر نیوز ایجنسی نے دعویٰ کیا ہے کہ تہران الرٹ تھا اور اس نے امریکی حملے سے پہلے ہی فردو نیوکلیئر تنصیب میں موجود زیادہ تر یورینیم کو کسی اور مقام پر منتقل کر دیا تھا۔
امریکی حملے کے بہت زیادہ کامیاب نہ ہونے کا اشارہ روس کے سابق نائب صدر اور اقوام متحدہ کی سیکوریٹی کونسل میں ماسکو کے ڈپٹی چیئرمین دمتری میدویدیف کے اس سوال سے بھی ہوتا ہے کہ ’’ آدھی رات کو حملہ کرکے امریکہ نے کیا حاصل کرلیا؟‘‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ ’’ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کلیدی بنیادی ڈھانچہ اور نیوکلیائی ایندھن کو اس حملے سے کوئی نقصان نہیں پہنچا یا پھر بہت معمولی نقصان پہنچا ہے۔‘‘ دمتری میدویدیف نے کہا کہ’’یورینیم کی افزودگی اور اگر صاف صاف کہیں تو مستقبل میں ’نیوکلیائی ہتھیاروں کی تیاری‘ جاری رہےگی۔‘‘ امریکہ کو اس کی ناکامی کا احساس دلاتے ہوئے انہوںنے یہ بھی کہا کہ ’’کئی ملک ایران کو اپنے نیوکلیائی ہتھیار فراہم کرنے کو تیار بیٹھے ہیں۔‘‘انہوں نے کسی ملک کا نام نہیں لیا۔البتہ کچھ دنوں سے شمالی کوریا کے تعلق سے یہ کہا جارہاہے کہ اس نے ایران کو نیوکلیائی ہتھیار فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے۔ امریکی کارروائی کو پوری طرح ناکام قرار دیتے ہوئے روس کے سابق صدر نے کہا کہ امریکہ فوجی ہی نہیں سیاسی محاذ پر بھی ناکام ہوگیا ہے کیوں کہ ’’ایرانی حکومت اور بھی زیادہ مضبوط ہوکر ابھری ہے۔‘‘