جاپان اے آئی اور سیمی کنڈکٹر سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کرکے اگلے۱۰؍برسوں میں ہندوستان میں کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع لائے گا۔جاپان کے وزیر اعظم نے ہندوستان میں۱۰؍ ٹریلین ین کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔
EPAPER
Updated: August 26, 2025, 6:51 PM IST | New Delhi
جاپان اے آئی اور سیمی کنڈکٹر سیکٹر میں بھاری سرمایہ کاری کرکے اگلے۱۰؍برسوں میں ہندوستان میں کاروبار اور روزگار کے نئے مواقع لائے گا۔جاپان کے وزیر اعظم نے ہندوستان میں۱۰؍ ٹریلین ین کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔
جاپان کے وزیر اعظم شیگیرو ایشیبا نے ہندوستان میں ۱۰؍ ٹریلین ین (تقریباً ۶۸؍ بلین ڈالر یعنی تقریباً ۶؍ لاکھ کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کا منصوبہ بنایا ہے۔ اس کا مقصد اگلے۱۰؍برسوں میں ہندوستان-جاپان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔ یہ معلومات نکی ایشیا کی رپورٹ میں دی گئی ہے۔ وزیر اعظم ایشیبا جمعہ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔ پی ایم مودی ۲۹؍ اور ۳۰؍ اگست کو جاپان کے دورے پر ہوں گے، جہاں۱۵؍ویں ہندوستان- جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس منعقد ہوگی۔
یہ بھی پڑھئیے:امریکہ نے ٹیرف کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا
سلامتی اور تجارت دونوں پر زور
دونوں ممالک کے وزرائے اعظم۱۷؍ سال بعد پہلی بار سیکوریٹی تعاون کے مشترکہ اعلامیے کو نئی شکل دیں گے۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے لیے۸؍ اہم شعبوں میں جاپان کی سرمایہ کاری کی جائے گی بشمول نقل و حرکت، ماحولیات اور ادویات جیسے شعبے۔
اے آئی اور سیمی کنڈکٹرس
رپورٹ کے مطابق یہ سرمایہ کاری خاص طور پر جاپانی کمپنیوں کو مصنوعی ذہانت(اے آئی ) اور سیمی کنڈکٹرس کے شعبے میں ہندوستان میں توسیع میں مدد دے گی۔ ان کمپنیوں میں ہندوستانی ماہر انجینئرس کو نوکریاں ملیں گی۔ دونوں ممالک کے درمیان اے آئی تعاون پہل کے نام سے ایک معاہدہ ہوگا، جس کے تحت نوجوان محققین کا تبادلہ کیا جائے گا۔
اسٹارٹ اپس اور ٹیلنٹ پر زور
جاپان ہندوستان کے اسٹارٹ اپس کو بھی فروغ دے گا۔ جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جے آئی سی اے )پہلے ہی تلنگانہ اسٹارٹ اپس کو قرض دے چکی ہے۔ اس کے علاوہ جاپان ہندوستان میں ٹیلنٹ کی بھرتی پر توجہ دے گا۔ جاپان کو۲۰۳۰ء تک تقریباً ۹ء۷؍لاکھ ماہر ملازمین کی ضرورت ہوگی جب کہ ہندوستان ہر سال تقریباً۱۵؍ لاکھ انجینئرنگ گریجویٹس تیار کرتا ہے۔
جاپانی کمپنیاں پہلے ہی خدمات حاصل کر رہی ہیں
سومپو کیئر (جاپانی نرسنگ کمپنی) نے ہندوستان میں ایک تربیتی مرکز کھولا ہے اور۲۰۲۴ء سے ہندوستانی ملازمین کو بھرتی کرنا شروع کر دیا ہے۔ سیکیشو (انرجی کمپنی) ہندوستانی طلباء کو جاپانی کمپنیوں سے جوڑنے کے لیے کام کر رہی ہے۔ یہ کمپنی جاپانی زبان کی تعلیم اور ملازمت کے تعین میں بھی مدد کرے گی۔