بھیونڈی روڈ، آسن گاؤں اور بدلاپور ریلوے اسٹیشنوں کو’ امرت بھارت‘ اسکیم میں شامل کرنے کا مطالبہ۔
EPAPER
Updated: March 14, 2026, 9:13 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi
بھیونڈی روڈ، آسن گاؤں اور بدلاپور ریلوے اسٹیشنوں کو’ امرت بھارت‘ اسکیم میں شامل کرنے کا مطالبہ۔
بھیونڈی لوک سبھا حلقہ سے رکن پارلیمان سریش مہاترے( بالیا ماما) نے مرکزی وزیر برائے ریلوے اشونی ویشنو سے ملاقات کر کے بھیونڈی روڈ، آسن گاؤں اور بدلاپور ریلوے اسٹیشنوں کو امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت شامل کر کے ان کا جدید خطوط پر از سرِ نو ترقیاتی کام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے دہلی میں وزیر ریلوے کو مطالبات پر مشتمل ایک تفصیلی تحریری میمورنڈم بھی پیش کیا۔ میمورنڈم میں رکنِ پارلیمان نے اشونی ویشنو کو بتایا کہ بھیونڈی، آسن گاؤں اور بدلاپور جیسے شہر تیزی سے شہری و صنعتی ترقی کی جانب گامزن ہیں اور ان علاقوں میں آبادی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے نتیجے میں متعلقہ ریلوے اسٹیشنوں پر روزانہ مسافروں کی بڑی تعداد جمع ہوتی ہے، تاہم بنیادی سہولتوں کی کمی کے باعث مسافروں کو مختلف دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بھیونڈی روڈ، آسن گاؤں اور بدلاپور ریلوے اسٹیشنوں کو امرت بھارت اسٹیشن اسکیم میں شامل کر کے ان کی جدید طرز پر تعمیر اور توسیع کی جائے تو نہ صرف مسافروں کو بہتر سہولتیں فراہم ہوں گی بلکہ اس پورے خطے کی ترقی کو بھی نئی رفتار ملے گی۔ اس اسکیم کے تحت پلیٹ فارم کی توسیع، بہتر ویٹنگ روم، جدید ٹکٹنگ نظام، صاف ستھری سہولتیں اور مسافروں کیلئے بنیادی انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے جیسے اقدامات ممکن ہو سکیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ڈھابوں میں گیس سلنڈر کی کمی، لکڑی اور کوئلے کے چولہوں کا سہارا
سریش مہاترے نے امید ظاہر کی کہ مرکزی وزارتِ ریلوے اس مطالبے پر سنجیدگی سے غور کرے گی اور بڑھتی ہوئی مسافروں کی تعداد کے پیشِ نظر ان اہم ریلوے اسٹیشنوں کو امرت بھارت اسٹیشن اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔ اسی ملاقات کے دوران رکنِ پارلیمان نے رائے گڑھ ضلع کے نیرل اور کرجت ریلوے اسٹیشنوں کو مقامی مجاہدین آزادی کے نام سے منسوب کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیرل ریلوے اسٹیشن کا نام ’’مجاہد آزادی شہید ویر ہیراجی گومَاجی پاٹل نیرل ریلوے اسٹیشن رکھا جائے جبکہ کرجت ریلوے اسٹیشن کا نام مجاہد آزادی شہید ویر بھائی کوتوال کرجت ریلوے اسٹیشن رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے اور نئی نسل کو ان کے کارناموں سے روشناس کرانے کے لئے اس طرح کے اقدامات نہایت اہم ہیں۔ اگر ان اسٹیشنوں کو ان عظیم شخصیات کے نام سے موسوم کیا جائے تو یہ نہ صرف ان کے تاریخی کردار کا اعتراف ہوگا بلکہ مقامی نوجوانوں اور شہریوں کیلئے بھی باعث ترغیب بنے گا۔