Inquilab Logo

ممبرا: آن لائن پڑھائی سے ۸۲؍ فیصد طلبہ کی صحت متاثر

Updated: December 28, 2020, 11:39 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbra

حکومت سےمنظورشدہ انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل ٹریننگ کے طلبہ کے سروے میں انکشاف ۔ ممبرا کوسہ کے ۱۵؍ مختلف اسکولوں کے طلبہ اور والدین کا سروے کیا گیا

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 یہاں کے ایک تعلیمی ادارے نے  اس بارے میں سروے کیا کہ آن لائن پڑھائی کا ممبرا کوسہ کے طلبہ پر کیا اثر پڑ رہا ہے جس کے دوران  یہ بات سامنےآئی کہ ۸۲؍ فیصد طلبہ گھروں پر موبائل فون اور لیپ ٹاپ پر آن لائن پڑھائی کے سبب صحت سے متعلق متعدد مسائل کا شکار ہو رہے ہیں جبکہ ۸۲؍ فیصد سرپرستوں کا کہنا ہےکہ آن لائن پڑھائی  میں طلبہ یکسوئی سے تعلیم حاصل نہیں کرپاتے اور دیگر چیزوں پر زیادہ توجہ دیتے ہیں ۔ اسی لئے سرپرستوں کی اکثریت آن لائن اسٹڈی کرانا نہیں چاہتی بلکہ آف لائن پڑھائی کو ترجیح دیتی ہے۔
 یہ تحقیق اسٹیٹ انسٹی ٹیوٹ آف ووکیشنل ٹریننگ (حکومت ہند کے این بی ٹی ای بورڈ  سے منظور شدہ) کے ان طلبہ نے کی ہے جو ٹیچرس ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ  کے ایک ذمہ دار پروفیسر ایڈوکیٹ حسن ملانی  سے رابطہ قائم کرنے پرانہوں نے بتایا کہ’’اس سروے میں ۱۵؍اسکولوں کے تقریباً ۵۰؍ سرپرستوں کو  شامل کیا گیا تھا۔ ان اسکولوںمیں میونسپل کارپوریشن کے اسکولوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور بڑے پرائیویٹ اسکولوں کو بھی شامل کیا گیا تھا۔‘‘
 انہوں نے مزید بتایا کہ’’اتوار ۲۷؍ دسمبر کو یہ سروے مکمل کیا گیا ہے جس کے بعد ہم نے اس کی رپورٹ جاری کی ۔ اس سروے رپورٹ کو ہم وزیر تعلیم اور تھانے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ تعلیم کو بھی بھیجیں گے تاکہ آن لائن  ایجوکیشن کے تعلق سے انہیں بھی سرپرستوں کے مسائل معلوم ہو سکیں۔‘‘
سروے میں کیا معلوم ہوا؟
 سروے کرنے والی  ٹیم میں شامل سید تحسین نے  چند نکات بتائے ہیں جو درج ذیل ہیں
طلبہ کی صحت پر اثر: ۸۲؍ فیصد نے آن لائن پڑھائی کے سسٹم کو پسند نہیں کیاہے کیونکہ اس سے ان کے بچوں کی صحت (مثلاً آنکھ اور سردرد )کے متعدد مسائل پیدا ہو رہے ہیں جبکہ ۱۸؍ فیصد کو ایسا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہے۔
طلبہ کی یکسوئی: ۸۲؍ فیصد سرپرستوں کا کہنا ہےکہ آن لائن پڑھائی  میں طلبہ یکسوئی سے تعلیم حاصل نہیں کرپاتے اس لئے وہ آن لائن پڑھانا نہیں چاہتے بلکہ آف لائن پڑھانا چاہتےہیں ، بچے گھر کے دیگر افراد سے علاحدہ بھی بیٹھتے ہیں جبکہ ۱۸؍فیصد پوری توجہ سے لیکچر سنتے ہیں۔گھر پر اسکول جیسا ماحول نہیں مل پاتا۔
آن لائن پڑھائی کی میعاد: پرائمری اسکول کے ۵۵؍ فیصد طلبہ روزانہ ۳؍ تا ۵؍ گھنٹے  آن لائن تعلیم حاصل کرتے ہیں جبکہ سیکنڈری اسکول کے بچے ۵؍ تا ۷؍ گھنٹے آن لائن پڑھائی کرتے ہیں ۔
تکنیکی مسئلہ :۶۷؍ فیصد سرپرستوں کا کہنا ہےکہ کوئی تکنیکی مسئلہ نہیں ہوتا جبکہ ۳۳؍ فیصد کو یہ مسائل ہوتے ہیں۔
اساتذہ کی وضاحت سے اطمینان: ۵۵؍ فیصد سرپرست اساتذہ کے ذریعے آن لائن پڑھائی سے مطمئن ہیں جبکہ ۴۵؍ فیصد سرپرست مطمئن نہیں ہیں۔
آن لائن امتحانات:۷۷؍ فیصد طلبہ نے آن لائن امتحانات میں شرکت کی ہیں جبکہ ۲۳؍ فیصد ٹھیک سے نہیں شرکت نہیں پائے یا شریک ہی نہیں ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK