• Thu, 15 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سڑک کنارے پھینکی گئی نومولود بچی بیگ سے زندہ برآمد

Updated: January 15, 2026, 1:56 PM IST | Ali Imran | Bhandara

بھنڈارہ ضلع میں انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ،پولیس پنچ نامہ کے بعد بچی کو مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

Innocent girl recovered from bag. Picture: INN
بیگ سے برآمد ہوئی معصوم بچی۔ تصویر: آئی این این
بھنڈارہ ضلع کے لاکھنی علاقے میں دس دن کی بچی کو بیگ میں سڑک کے کنارے پھینکے جانے کا  انسانیت کو شرمسار کرنے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ اس واقعے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں نومولود بچی زندہ نظر آ رہی ہے۔ پولیس پنچ نامے کے بعد بچی کو مقامی اسپتال میں دیکھ بھال کے لئے داخل کیا گیا ہے۔ موصولہ معلومات کے مطابق یہ واقعہ لاکھنی علاقے کے پمپلگاؤں روڈ پر پیش آیا۔ منگل کی دوپہر کسی نامعلوم شخص نے تقریباً ۱۰؍ دن کی زندہ بچی کو ایک سیاہ بیگ میں رکھ کر سڑک سے لگے کھیت میں ایک درخت کے پاس پھینک دیا تھا۔ تھیلے میں حرکت ہورہی تھی جس پر سڑک پر گزرنے والوں کی نظر پڑی ۔ کچھ راہگیروں نے قریب جاکر بیگ کا معائنہ کیا۔ پھر جب انہوں نے بیگ کھولا تو انہیں بیگ میں ایک زندہ نوزائیدہ بچی نظر آئی، یہ منظر دیکھ کر شہری دنگ رہ گئے۔ جائے وقوع پر موجود لوگوں نے اس معاملے کی اطلاع پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی لاکھنی تھانے کے پولیس انسپکٹر سبھاش بارسے اپنی ٹیم کے ساتھ فوراً موقع پر پہنچے۔ پولیس نے بلاتاخیر بچی کو تشخیص کیلئے لاکھنی کے دیہی اسپتال میں داخل کرایا۔ ابتدائی جانچ کے بعد اسے مزید علاج کے لیے بھنڈارہ کے ڈسٹرکٹ جنرل اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق بچی کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ تاہم ایک زندہ بچی کو اس طرح سڑک پر چھوڑ جانے والے سنگدل والدین کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں لاکھنی پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ ملزمین کی تلاش کے لیے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔ مقامی سطح پر بھی معلومات اکٹھا کی جا رہی  ہے۔ مقامی شہریوں کا مطالبہ ہے کہ جن لوگوں نے یہ حرکت کی ہے انہیں ڈھونڈ کر سخت سزا دی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK