ایرانی صدر مسعود پزشکیان کابیان ،کہا کہ ہمیں اجتماعی جدوجہد سے اس ظلم کو ہر حال میں روکنا ہوگا۔
EPAPER
Updated: August 20, 2025, 12:27 PM IST | Agency | Tehran
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کابیان ،کہا کہ ہمیں اجتماعی جدوجہد سے اس ظلم کو ہر حال میں روکنا ہوگا۔
ایرانی صدر نے غزہ میں جاری اسرائیلی حکومت کے مظالم کو روکنے کے لئے اجتماعی کوششوں پر زور دیا ہے۔مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ چندغاصب طاقتیں، سائنس و ٹیکنالوجی میں ترقی کے بل پر غزہ اور فلسطین کے بےگناہ اور نہتے عوام پر ظلم ڈھا رہی ہیں۔ اجتماعی کوششوں کے ذریعے ان جرائم کا سلسلہ روکنا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ جو طاقتور اقوام علم کی برکتوں کو تسلط کے ہتھیار میں بدل دیتی ہیں اور نہتے عوام جیسے فلسطینیوں اور غزہ کے مظلوم بچوں پر ظلم کرتی ہیں، وہ دراصل انسانیت کے خلاف بدترین جرم کرتی ہیں۔ ہمیں اجتماعی جدوجہد سے اس ظلم کو ہر حال میں روکنا ہوگا۔
دورہ آرمینیا میں ایرانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو قومیں اپنے گرد دیواریں کھڑی کرتی ہیں، وہ ترقی اور تمدن کی دوڑ میں پیچھے رہ جاتی ہیں۔ اسلام کی تاریخ میں بھی اصل نقطۂ آغاز بعثت نہیں بلکہ ہجرت ہے، جو اجتماعی حرکت اور پیشرفت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وہی قومیں ترقی کی منازل طے کرتی ہیں جو اپنے حصار توڑ کر دوسروں کے ساتھ علمی، فنی اور تہذیبی تبادلے میں شریک ہوتی ہیں جبکہ جو معاشرے خود کو تنہا رکھتے ہیں وہ زوال کا شکار ہوجاتے ہیں۔
پزشکیان نے مزید کہا کہ حقیقی بصیرت آنکھوں سے نہیں بلکہ عقل و قلب کی روشنی سے حاصل ہوتی ہے اور اگر انسان دل و دماغ کو آلودہ رکھے تو روشن آنکھیں بھی کوئی مفید فہم و ادراک فراہم نہیں کرسکتیں۔
ایرانی صدر نے زور دیا کہ محض یہ دعوی کرتے رہنا کہ ہم سب سے بہتر اور سب سے ترقی یافتہ ہیں، کسی قوم کو آگے نہیں لے جاتا، بلکہ دوسروں کے ساتھ روابط، تجربات اور کامیابیوں کا تبادلہ ہی ترقی کا اصل راستہ ہے۔ ان کے مطابق سب سے پہلے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہئے اور پھر دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ بھی۔انہوں نے عالمی علمی و سائنسی ترقی کو مختلف قوموں اور تہذیبوں کے درمیان صدیوں پر محیط تعامل کا نتیجہ قرار دیا۔