تعمیراتی کام کے دوران فضائی آلودگی پر قابو پانے کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر یہ کاررروائی کی جائے گی ،یہ فیصلہ ہائی پاور کمیٹی نے کیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 12, 2026, 1:36 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
تعمیراتی کام کے دوران فضائی آلودگی پر قابو پانے کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر یہ کاررروائی کی جائے گی ،یہ فیصلہ ہائی پاور کمیٹی نے کیا ہے۔
تعمیراتی پروجیکٹوں پر کام کے دوران فضائی آلودگی پر قابو پانے کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں پر آج (پیر) سے۲۵؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔بی ایم سی کے مطابق تعمیراتی پروجیکٹوں پر سے ملبہ اور کھدائی میں نکلنے والی مٹی وغیرہ، جسے ’کنسٹرکشن اینڈ ڈیمولیشن‘ (سی اینڈ ڈی) ویسٹ بھی کہا جاتا ہے، لے جانے والے ٹرکوں اور ڈمپر میں اگر فعال (ایکٹیو) اور مستند (آتھورائزڈ) `وہیکل ٹریکنگ اینڈ مانیٹرنگ سسٹم نصب نہ پائے جانے کی صورت میں فی ٹرک۲۵؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
اسی طرح جو پروجیکٹ ممبئی ڈیبریس کنٹرول ٹریکنگ سسٹم پر لازمی رجسٹریشن کئے بغیر جاری ہوں گے اور وہاں سے گاڑیوں میں ملبہ بھی بھر کر لے جایا جارہا ہوگا تو ان پر بھی یہی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ یہ جرمانہ بی ایم سی کے’سالڈ ویسٹ مینجمنٹ‘ کے ضمنی قواعد۲۰۲۵ء اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت عائد کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے تعلق سے تعمیراتی کام انجام دینے والوں کو مطلع کرنے کیلئے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سے وابستہ اسسٹنٹ انجینئروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے وارڈ میں جاری تمام تعمیراتی پروجیکٹوں پر نوٹس بھیجیں۔
یہ بھی پڑھئے: ہائیکورٹ: کرلا ریلوے لائن کے اطراف غیر قانونی کچی آبادی کو ہٹانے کا حکم
متذکرہ فیصلہ ہائی پاور کمیٹی نے کیا ہے اور اپنے ماتحتوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہئے۔اب تک بی ایم سی کے پورٹل پر۲۲۰؍ ڈیولپر، بی ایم سی ڈیولپر، بی ایم سی کے ٹھیکیدار، ٹرانسپورٹروں نے رجسٹریشن کروایا ہے۔
غیرقانونی طور پر مینگروس، نالوں اور سڑکوں کے کنارے ملبہ وغیرہ پھینکنے سے روکنے کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ممبئی میں یومیہ۸۵؍سو ٹن تعمیراتی کچرا نکلتا ہے۔ ان میں سے کچھ افراد اس ملبے وغیرہ کو غیر قانونی طور پر مینگروس، سڑک کنارے اور نالوں میں پھینک دیتے ہیں جس سے فضائی آلودگی میں اضافہ ہوتاہے۔