Inquilab Logo

ایک اچھا معالج وہ ہے جو مریض کو سمجھتا ہےاور ان کیساتھ ہم آہنگی پیدا کرتا ہے

Updated: September 26, 2023, 8:02 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

۹۳؍سالہ ڈاکٹر فرخ اُدوادیا نے جے جے اسپتال کا دورہ کر کے یہاں کے طلبہ کو اپنے تجربات کی روشنی میں اہم معلومات فراہم کیں۔

Dr Farrukh Udwadia sharing his experience with medical students at JJ Hospital. Photo. INN
ڈاکٹر فرخ اُدوادیا جے جے اسپتال میں میڈیکل اسٹوڈنٹ کے ساتھ اپنا تجربہ بانٹتے ہوئے۔ تصویر:آئی این این

سرجے جے اسپتال اینڈ گرانٹ میڈیکل کالج کے ۹۳؍ سالہ پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر فرخ اُدوادیا جو ادارہ ھٰذا کے پروفیسر امیریٹس بھی ہیں ، نے جے جے اسپتال کا دورہ کر کے یہاں کے پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلبہ کیساتھ میڈیسن وارڈ نمبر ۷؍ کا دورہ کرکے اپنے تجربات کی روشنی میں جہاں ان طلبہ کو اہم معلومات فراہم کی وہیں زیرعلاج مریضوں سے بات چیت کرکے انہیں تسلی بھی دی ۔
 واضح رہے کہ جے جے اسپتال کی موجودہ ڈین ڈاکٹر پلوی ساپلے، جے جے اسپتال انتظامیہ اورسر جے جے گرانٹ میڈیکل کالج کی طرف سے ڈاکٹر فرخ اُدوادیاجیسے تجربہ کار اور باعزم سینئر ڈاکٹر کو نئی نسل کے میڈیکل کے طلبہ کوروشناس کروانے اور ان کے بے پناہ علم سے فیضیاب کرنےکیلئے مدعو کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر فرخ اُدوادیا کے دورہ کیلئے جے جے اسپتال اور بالخصو ص میڈیسین وارڈ میں خاص انتظامات کئے گئے تھے ۔ 
۵؍ویں منزلہ تک سیڑھیوں سے گئے
جے جے اسپتال کی مرکزی عمارت میں پہنچنے پر۹۳؍سال کے ہونے کے باوجود ڈاکٹر اُدوادیا لفٹ کے بجائے سیڑھیوں سےپانچویں منزل پر واقع وارڈ ۷؍ میں پہنچے۔ اپنے اس عمل سے انہوں نے طلبہ کو فٹ رہنے کا پہلا پیغام اور سبق دیا۔ ان کے ہمراہ ڈاکٹر ودیا نگر( ایچ او ڈی ، میڈیسن ڈپارٹمنٹ)، ڈاکٹر سنجے سوراسے (میڈیکل سپرنٹنڈنٹ) اور ڈاکٹر ریوت کنینڈے ( میڈیکل  آفیسر )موجود تھے۔
 دورہ کےدوران پوسٹ گریجویٹ طلبہ نے ایک ایک مریض کے کیس کےبارےمیں ڈاکٹر اُدوادیا کو بتایا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اُدوادیانے مریض کےمرض کی ہسٹری (تفصیلات) ، طبی جانچ اور مرض کی تشخیص کی اہمیت پر سیر حاصل گفتگو کی اورطلبہ کو ان مراحل کی خصوصیات سے آگاہ کیا۔ طلبہ نے ان کی ہربات بڑی توجہ اوردلچسپی سے سنی۔ انہوںنےتقریباً ڈھائی گھنٹے وارڈ میں گزارےاور طلبہ کو اپنےتجربات کی روشنی میں بہت کچھ سکھایا۔ انہوں نےیہ بھی کہا کہ طلبہ مریض کی ہسٹری حاصل کرنےکا فن بھول رہےہیں۔ انہیں پہلےطبی تحقیقات پر انحصار کئے بغیر اسے سیکھنا چاہئے۔ ایک اچھا معالج وہ ہے ، جو مریض کو سمجھتا ہےاور جو مریض کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرتا ہے ۔
ڈاکٹر پلوی ساپلےنے بتایا کہ’’ہم نے ڈاکٹر اُدوادیا سے درخواست کی ہے کہ وہ مہینے میں کم از کم ایک بار اسپتال کےطلبہ کو پڑھانے کیلئے آئیں۔ انہوں نے ڈاکٹر شر ی نواس شانباغ (۱۹۷۲ءبیچ ، گرانٹ میڈیکل کالج) کا شکریہ ادا کیا  جنہوں نے ڈاکٹر اُدوادیا کو اس دورہ کیلئے راضی کیاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK