سنیچر کی شام حج ہاؤس، ممبئی میں یومِ سر سید کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔
یوم سر سید پر حج ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے شرکاء۔ تصویر: آئی این این
سنیچر کی شام حج ہاؤس، ممبئی میں یومِ سر سید کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس تقریب میں اس بات پر زور دیا گیا کہ قوموں کی تقدیر ان کے تعلیمی رویوں سے جڑتی ہے اور زبان ان کی شناخت کا بنیادی ستون ہوتی ہے، اس لئے اس جانب خصوصی توجہ دی جائے۔ اس پروگرام کا اہتمام احتساب فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام، اردو کارواں اور اے ایم یو اولڈ بوائز اسوسی ایشن، ممبئی شاخ اور رکن اسمبلی رئیس قاسم شیخ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔
اس تقریب میں مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو ساہتیہ اکیڈمی کے ۷۵؍ ایوارڈ یافتگان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کیلئے انہیں فریم شدہ اسناد اور شال پیش کی گئیں۔
’’مہاراشٹر میں اردو کی تاریخی حیثیت اور ادبی ورثہ‘‘ کے موضوع پر ہونے والے مذاکرے میں ریاست کے ممتاز اہلِ علم اور ادباء شریک ہوئے۔ اس نشست میں ڈاکٹر عبداللہ امتیاز (صدر شعبہ اردو، ممبئی یونیورسٹی)، ڈاکٹر عتیق قریشی (صدر شعبہ اردو، بدناپور، جالنہ)، معروف شاعر و ادیب عرفان جعفری اور دیگر ماہرین نے اپنی بصیرت افروز گفتگو سے حاضرین کو محظوظ کیا۔ صدر اردو کارواں فرید احمد خان نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بھی خطاب کیا۔