• Sat, 20 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

انڈر۔۱۹؍ ایشیا کپ ہندوستان نے سری لنکا کو ہراکر فائنل میں قدم رکھا

Updated: December 20, 2025, 1:48 PM IST | Agency | Dubai

بارش سے متاثرہ میچ میں ٹیم انڈیا نے آل راؤنڈ کارکردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو ۸؍وکٹوں سے ہرادیا،خطاب کیلئے پاکستان سے ٹکر۔

Vihan Malhotra and Aaron George showed brilliant batting. Picture: INN
وہان ملہوترا اور ایرون جارج نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این
 انڈر۱۹؍ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل روایتی حریفوں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم نے جمعہ کو نائب کپتان وہان ملہوترا (ناقابلِ شکست ۶۱) اور ایرون جارج (ناقابلِ شکست ۵۸) کی شاندار ہاف سنچریوں کی بدولت بارش سے متاثرہ میچ میں سری لنکا کو ۸؍ وکٹوں سے شکست  دےدی۔  وہیںدوسرے سیمی فائنل میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ۸؍ وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی۔ واضح رہے کہ ہندوستان آٹھویں بار اس ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلے گا جو اتوار کو منعقد ہوگا۔
  بارش کی وجہ سے ہندوستان اور سری لنکا کایکروزہ  میچ ۲۰۔۲۰؍ اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوور میں ۸؍وکٹوں پر ۱۳۸؍رن بنا سکی۔ ایک موقع پر۲۸؍ رنوں پر۳؍ وکٹیں گرنے کے بعد کپتان ویمتھ دنسارا (۳۲) اور چمیکا ہیناٹی گالا (۴۲) نے اسکور بورڈ کو آگے بڑھایا۔ ٹیم انڈیا کی جانب سے اسپن گیندباز کنشک چوہان اور ہینل پٹیل نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں وہان ملہوترا نے ۴۵؍ گیندوں پر ۶۱؍رن اور ایرون جارج نے ۴۹؍گیندوں پر ۵۸؍ رنوں کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ہندو ستان کو ۱۸؍ ویں اوور میں فتح دلا دی۔ شروع میں آیوش مہاترے (۷) اور ویبھو سوریہ ونشی (۹) کو تیز گیند باز رسیتھ نیمسارا نے آؤٹ کر دیا تھا۔اس نازک موڑ پر  ایرون جارج اور وہان ملہوترا نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی اور تیسری وکٹ کیلئے ۱۱۴؍ رنوںکی ناقابلِ شکست شراکت قائم کی۔ایرون جارج نے ۴۹؍ گیندوں پر ۵۸؍رن (۴؍چوکے،ایک چھکا) ناٹ آؤٹ اوروہان ملہوترا نے ۴۵؍ گیندوں پر ۶۱؍ رن (۴؍ چوکے، ۲؍چھکے) ناٹ آؤٹ رن بنائے۔
ہندوستان اور پاکستان اب ۱۱؍ سال کے وقفے کے بعد اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گے۔ آخری بار جب ۲۰۱۴ء میں انڈر۔۱۹؍ایشیا کپ کے فائنل میں ہندوستان نے پاکستان کو شکست دی تھی۔ اُس  وقت ہندوستانی ٹیم میں شریاس ایر، سرفراز خان، سنجو سیمسن اور کلدیپ یادو جیسے موجودہ اسٹار کھلاڑی شامل تھے۔
پاکستان نے بنگلہ دیش کو ہرادیا
دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان  نے بنگلہ دیش کو یکطرفہ مقابلے میں ۸؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔دبئی میں آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا، جس کے باعث اسے ۲۷۔۲۷؍اوور تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم۲۶ء۳؍اوورز میں محض ۱۲۱؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔ بنگلہ دیش کے ۸؍ بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ ۱۲۱؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات اچھی نہیں تھی پھر اس نے مطلوبہ ہدف محض ۱۶ء۳؍اوورز میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK