Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسرائیلی بمباری کے جواب میں حزب اللہ کا بڑا حملہ

Updated: September 14, 2024, 1:15 PM IST | Agency | Beirut / Tel Aviv-Yafo

دعویٰ کیا کہ گیلوت ایئر بیس پر کئے گئے اس کے حملے میں ۲۲؍ سے زائد اسرائیلی فوج ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔

Smoke billows from a residential area after an Israeli rocket attack in the Syrian village of Khayyam. Photo: INN
شام کے خیام نامی گاؤں میں اسرائیلی راکٹ حملے کے بعد کی تصویر، رہائشی علاقہ سے دھواںاٹھتا ہوا۔ تصویر : آئی این این

 ایک جانب اسرائیل کی جانب سے لبنان اور شام میں  حملوں میں  تیزی آگئی ہے۔ وہیں دوسری جانب  حزب اللہ کی جانب سے بھی اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق لبنان کے جنوب میں شہر نباطیہ کے قریب واقع قصبے کفر جوز پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ایک بچہ سمیت۳؍ افراد شہید اور۳؍ زخمی ہوگئے۔ لبنان کی سرکاری ایجنسی این این اے کی خبر کے مطابق اسرائیلی فوج نے کیفر جوز قصبے میں نباطیہ شہر کی طرف جانے والی سڑک پر دو موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا۔ اس حملے میں پاس سے گزرنے والی ایک گاڑی بھی نشانہ بن گئی جس سے ایک بچہ سمیت۳؍ افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے شہر سور کے شہر شیحین پر فضائی حملہ کیا۔ حملے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کچھ اسرائیلی فوجی اہداف پر حملے کیے ہیں۔  دوسری جانب اطلاع دی گئی ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیل کے حملوں میں حزب اللہ کے۲؍ کارکنوں کی موت ہوگئی ہے۔ اس طرح۸؍ اکتوبر۲۰۲۳ء سے لبنان کے جنوب میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے حزب اللہ کے ارکان کی تعداد بڑھ کر۴۳۹؍ ہو گئی۔ 
  اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے حزب اللہ کے حملے کے بعد کہا تھا کہ لبنانی مزاحمت کی جوابی کارروائی سے چند گھنٹے قبل اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے ٹھکانوں پر پہلے سے حملہ کیا تھا اور ہزاروں راکٹوں کو تباہ کر دیا تھا۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ فضائیہ کے تقریباً ۱۰۰؍ طیاروں نے حزب اللہ کی تنصیبات اور ہتھیاروں کو تباہ کرنے کی کارروائی میں حصہ لیا۔ انہوں نے اندازہ لگایا کہ اسرائیل کو بالآخر اس حملے میں بہت کم نقصان پہنچا۔ 
لبنانی وزیر اعظم میقاتی کی بوریل سے ملاقات
  لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی نے اس بات پر زور دیا کہ ان کے ملک پر اسرائیل کے حملوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کو تیز کیا جانا چاہیے۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی این این اے کے مطابق وزیر اعظم میقاتی نے دارالحکومت بیروت میں یورپی یونین کے اعلی نمائندے برائے خارجہ امور اور سیکورٹی پالیسی جوزپ بوریل سے ملاقات کی۔ میقاتی۔ بوریل ملاقات کے دوران جنوبی لبنان پر اسرائیل کے حملوں، لبنان میں شامیوں کے موجودہ اور مستقبل کے مسائل اور لبنان اور یورپی یونین کے درمیان تعاون کو تیز کرنے کی ضرورت جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میقاتی نے لبنان پر اسرائیل کے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا:’’اس مرحلے پر جو لازمی ہے وہ لبنان پر اسرائیل کے جاری حملوں کو روکنے کے لیے بین الاقوامی دباؤ میں تیزی لانا ہے۔‘‘
 اسرائیل کے گیلوٹ بیس پر حزب اللہ کی جوابی کارروائی
  لبنانی تحریک حزب اللہ نے تل ابیب کے مضافات میں ۸۲۰۰؍ گیلوٹ انٹیلی جنس یونٹ کے اڈے کے خلاف جوابی کارروائی کی جس میں ۲۲؍ اسرائیلی فوجی ہلاک اور۷۴؍ زخمی ہوگئے۔ یہ اطلاع لبنان کے المیادین ٹی وی چینل نے اپنے یورپی سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔ حزب اللہ نے بیروت کے مضافاتی علاقے پر اگست کے آخر میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ کے سینئر کمانڈر فواد شکر کی ہلاکت کے جواب میں اسرائیلی فوجی اہداف پر بڑے پیمانے پر حملہ کیا۔ حزب اللہ کےلیڈر حسن نصر اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ جوابی حملے کا اصل ہدف تل ابیب کے مضافات میں اسرائیلی فوج کا ۸۲۰۰؍ گیلوٹ یونٹ بیس تھا۔ 
اسرائیل کے ائیر ڈیفنس بیس پر راکٹ حملہ
 غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے دوران حزب اللہ کی جانب سے شمالی اسرائیل میں ائیر ڈیفنس بیس پر راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔ غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے کئی راکٹ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے تاہم کسی جانی و مالی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آسمان پر روشنی اور دھواں پھیلا ہوا ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے اسرائیل کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے۔ 
 عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جنوبی لبنان میں کئے گئے حملے کے نتیجے میں طبی عملے کے۳؍ اہلکار ہلاک ہوئے، جس کے بعد صورتِ حال کشیدہ ہو گئی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل کے علاقے کریات شمعون کی۲؍ بستیوں پر راکٹ حملہ کیا تھا۔ حزب اللہ کے مطابق اسرائیلی بستیوں پر حملہ جنوبی لبنان میں حملے کے جواب میں کیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ اسرائیل نے جمعرات کے روز شام کے جنوب میں القنیطرہ اور دمشق کے درمیان راستے پر ڈرون طیارے کے ذریعے بم باری کی۔ الحدث / العربیہ کے نمائندے کے مطابق حملے میں خان ارنبیہ کے علاقے کے مشرق میں ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ نمائندے نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ یہ کارروائی ملک کے وسطی صوبے حمص میں ’’ملٹری سائنس ریسرچ سینٹر‘‘پر فضائی حملوں کے چند روز بعد کی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK