Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہرومضافات میں آباد مغربی بنگال کے باشندوں میں کہیں غم تو کہیں خوشی کا ماحول

Updated: May 05, 2026, 4:01 PM IST | Agency | Mumbai

ممتابنرجی کے حامیوں نے نتائج کو توقعات کے برخلاف اور حیران کن بتایا ۔ بی جے پی حامیوں نے جشن مناتے ہوئے’ جھال مڑی‘ اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔

BJP Leaders And Workers Celebrate The Victory In Borivali. Photo: Nimesh Dave
بوریولی میں بی جے پی کے لیڈران اور کارکنان جیت کا جشن مناتے ہوئے۔ تصویر: نمیش دوے
   مغربی بنگال سمیت ملک کی مختلف ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے نتائج پر جہاں پورے ملک کی نظریں مرکوز تھیں۔ ممبئی میں بھی مقیم مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ان نتائج پر گہری نظر رکھے ہوئے تھے۔ صبح سے ہی متعدد افراد ٹی وی اور موبائل فون کے ذریعے انتخابی نتائج پر نظر جمائے ہوئے دکھائی دیئے۔
مدنپورہ میں بیگ کے ایک کارخانے میں  جہاں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے کاریگرہیں، اپنے موبائل فون پر نتائج دیکھتے ہوئے بنگالی زبان میں تبصرے کرتے نظر آئے۔  اسی طرح مالدہ جیسے مسلم اکثریتی علاقوں میں بی جے پی امیدواروں کو ۳۰؍ فیصد سے زائد ووٹ ملنے پر بھی کئی افراد نے حیرت کا اظہار کیا۔ کارخانے میں ترنمول کانگریس کی فلم اداکارہ اور رکن پارلیمان سیانی گھوش کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران گایا گیا مقبول گیت بھی موبائل فون پر بلند آواز میں سنا جا رہا تھا۔  ممبئی کے ریڈ لائٹ علاقے میں مقیم بنگالی پیشہ ور خواتین میں ترنمول کانگریس کی صدر ممتا بنرجی کی پارٹی کی شکست پر غم کی لہر نظرآئی۔ بیشتر خواتین جو عام طور پر دوپہر کے بعد اپنے روزمرہ کے کام میں مصروف ہوتی ہیں، آج صبح سے ہی بیدار ہو کر انتخابی نتائج دیکھتی رہیں۔ ذرائع کے مطابق ان خواتین میں کچھ ممتا بنرجی کی حامی نظر آئیں جبکہ کچھ وزیر اعظم نریندر مودی کے حق میں خوشی کا اظہار کرتی دکھائی دیں۔ تاہم اکثریت ممتا بنرجی کی پارٹی کی شکست پر افسردہ تھی۔ ان میں سے کئی خواتین نے بتایا کہ وہ انتخابات کے دوران ایس آئی آر کے خوف کے باوجود اپنے وطن مغربی بنگال گئی تھیںجہاں انہوں نے اپنے جمہوری حق کا استعمال کیا تھا اور پھر ممبئی واپس آئیں۔   ڈولی نامی خاتون  نے بتایا کہ جب وہ انتخابی دنوں میں مغربی بنگال میں تھیں تو ہر جگہ ممتا دیدی کا غلبہ نظر آ رہا تھا  لیکن نتائج ان کی توقعات کے برخلاف اور حیران کن ثابت ہوئے۔
  تھانے  کے رابوڑی علاقے میں زیورات کی دکان کے مالک امام الملک نے بتایا کہ وہ خود ووٹ دینے کیلئے اپنے وطن  گئے تھے اور ان کے علاقے میں ترنمول کانگریس امیدوار کی پوزیشن کافی مضبوط تھی لیکن نتیجہ ان کی توقعات کے برخلاف اور ناقابل یقین رہا۔ 
  ایک طرف ممتابنرجی کی پارٹی کی شکست پر لوگ غمین تھے تو دو سری طرف بی جے پی کی شاندار کامیابی  پرممبئی میں مقیم اور برسرروزگار بنگالی باشندوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ریاست کے مقبول ناشتے ’جھال مُڑی‘ اور مٹھائیاں تقسیم کر کے جشن منایا۔ 
ممبئی کے زویری بازار اور کالبادیوی علاقوں میں بڑی تعداد میں بنگالی برادری کے افراد زیورات سازی اور دیگر پیشوں سے وابستہ ہیں۔ ان علاقوں میں جھال مُڑی بھی فروخت کی جاتی ہے۔ جیسے ہی انتخابی نتائج کا اعلان ہوا، ان علاقوں میں جشن کا ماحول دیکھنے میں آیا اور لوگوں نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلا کر مبارکباد دی۔ 
 
 
اسی طرح ملاڈ کے مالونی علاقے میں واقع کالی ماتا کے مندر کے اطراف بھی بنگالی باشندوں نے مٹھائیاں تقسیم کر کے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ کاروباری شخصیت سبھاش بوس نے بی جے پی کی کامیابی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ جیت عوام کے بدلتے رجحان کی عکاسی کرتی ہے اور انہیں یقین ہے کہ نئی قیادت بنگال کو ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ طالب علم دیبجیت رائے نے کہا کہ یہ کامیابی نوجوانوں کی امیدوں کی جیت ہے اور انہیں روزگار اور بہتر مواقع کی توقع ہے اسی  لئے اس تبدیلی کا خیرمقدم کیا جا رہا ہے۔ گھریلو خاتون سشما پال نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے تبدیلی کی خواہاں تھیں اور اب انہیں امید ہے کہ ریاست میں امن اور ترقی کا نیا دور شروع ہوگا جس سے عام لوگوں کی مشکلات کم ہوں گی۔ زیورات کے ایک کاریگر فنی بھوشن نے بھی اس کامیابی پر خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت تھی اور انہیں پہلے ہی امید تھی کہ بنگال میں حکومت تبدیل ہوگی۔ بنگالی مٹھائی فروش ابھاس چٹرجی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور امیت شاہ کی پیش گوئی درست ثابت ہوئی ہے اور حکومت کی تبدیلی سے بنگال کے عوام کو یقیناً فائدہ پہنچے گا۔ 
 
 
ممبئی میں فلمی دنیا میں قسمت آزمانے والی سربونی نامی ایک نوجوان لڑکی نے اس کامیابی کو کالی ماتا کا آشیرواد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنگال میں ہندوؤں کی جیت ہوئی ہے اور پندرہ برسوں سے لوگ ممتا بنرجی کی حکومت سے اکتاہٹ محسوس کر رہے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK