• Sat, 24 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میرا بھائندر میں۴۰۰؍ بستروں کا جدید سپر اسپیشلیٹیسرکاری اسپتال تعمیر ہوگا

Updated: October 24, 2026, 3:28 PM IST | Sajid Mahmood Sheikh | Mumbai

ریاستی وزیرپرتاپ سرنائک نے میونسپل کمشنر، متعلقہ افسران اور ڈیولپر کے ہمراہ مختص زمین کا تفصیلی معائنہ کیا۔

Pratap Sarnaik, the Municipal Commissioner, and others at the site designated for a government hospital. Photo: INN
سرکاری اسپتال کیلئے مختص جگہ پر پرتاپ سرنائک، میونسپل کمشنر اور دیگر افراد۔ تصویر: آئی این این

میرا بھائندر شہر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی اور ناکافی طبی سہولیات کے پیش نظر شہر کے باشندوں کیلئے    بڑی راحت کی خبر سامنے آئی ہے۔ شہر کے ریزرویشن نمبر۳۰۲؍  پر۴۰۰؍   بستروں پر مشتمل ایک جدید سپر اسپیشلیٹی سرکاری اسپتال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس اہم ترین اسپتال کا نام میرا بھائندر  کے اولین ضلع پریشد صدر اور میرابھائندر اسمبلی حلقہ انتخاب کے پہلے رکن آنجہانی گلبرگ مینڈوسا کے نام پر رکھا جائے گا۔ اس سلسلے میں ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے میونسپل کمشنر، محکمہ شہری ترقی (اربن ڈیولپمنٹ) کے متعلقہ افسران اور ڈیولپر کے ساتھ مشترکہ طور پر اسپتال کیلئے مختص زمین کا تفصیلی معائنہ کیا۔اس فلاحی پروجیکٹ کا دائرہ کار انتہائی وسیع اور جدید تقاضوں کے مطابق ہے۔ اس پروجیکٹ کی اہم خصوصیات میں ایک شاندار عمارت تعمیر کی جا رہی ہے ۔یہ عمارت بشمول تہہ خانے (بیسمنٹ)۱۳؍ منزلہ پر مشتمل ہوگی  جو تقریباً  ۳؍ لاکھ مربع فٹ رقبے پر محیط ہوگی۔ ریاستی حکومت کے توسط سے اس عظیم الشان پروجیکٹ پر۴۰۰؍  سے۵۰۰؍ کروڑ روپے کے فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔سول اسپتال کی طرز پر اس اسپتال میں کل۳۷۵؍  باقاعدہ بستر ہوں گے جن میں۲۰۰؍  بستر خواتین کیلئے اور۱۷۵؍ سپر اسپیشلیٹی بستر شامل ہوں گے۔کینسر اور آگ سے جھلسنے کے مریضوں کے علاج  کیلئے ۲۵؍ خصوصی بستر  مختص کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: کرلا تا مانخورد ریلوے لائن سے متصل ۳۷۰۰؍ جھوپڑوں کو توڑنے کےمعاملہ میں کلکٹر کو میمورنڈم

۲۰۰؍  نرسوں کی تربیت کیلئے ایک الگ ٹریننگ سینٹر اور اسی عمارت کے اندر ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے معیاری رہائش گاہیں (کوارٹرز) بھی تعمیر کی جائیں گی۔نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے دورِ وزارتِ اعلیٰ میں کنسٹرکشن ٹی ڈی آر کے توسط سے اس اسپتال کی تجویز کو منظوری دی گئی تھی۔ اگرچہ ڈیولپر کی جانب سے عدالتی چارہ جوئی بھی کی گئی، تاہم اس وقت کے میونسپل کمشنر سنجے کاٹکر کے منضبط اور سخت موقف کی بدولت میونسپل کارپوریشن کا موقف عدالت میں انتہائی مضبوط رہا۔ کمشنر دلیپ ڈھولے کے دورِ کار میں اس تجویز کو ابتدائی اور اہم منظوری ملی  جبکہ کمشنر سنجے کاٹکر کے دورِ  میں اسے حتمی قانونی و انتظامی منظوری حاصل ہوئی۔میرا بھائندر کی دن بہ دن بڑھتی ہوئی آبادی اور عام شہریوں کو علاج معالجے کیلئے درپیش مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے  یہ پروجیکٹ بہت اہم ہے۔ توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ۲۰۲۸ء  تک یہ اسپتال عوام کی خدمت کیلئے مکمل طور پر تیار اور فعال ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK