Inquilab Logo

مہاراشٹر میں زائد اَز ۵۰۰؍ تعمیراتی پروجیکٹس پرمعطلی کی تلوار

Updated: May 10, 2023, 11:38 AM IST | Mumbai

زیادہ تر ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں  ہیں، سہ ماہی پروگریس رپورٹ پیش نہ کرنے پر مہارایرا کی جانب سے کارروائی کا اندیشہ، ۵۸۴؍ کو نوٹس

maharera has issued notices to 584 housing projects
مہاریرا نے ۵۸۴؍ ہاؤسنگ پروجیکٹس کو نوٹس جاری کیا ہے۔

مہاراشٹر میں  ۵۰۰؍ سے زائد تعمیراتی پروجیکٹس  پر معطلی کی تلوار لٹک رہی ہے کیوں کہ انہوں نے اب تک سہ ماہی پروگریس رپورٹ پیش نہیں  کی ہے۔ مہاراشٹر ریئل اسٹیٹ ریگولیٹری اتھاریٹی (مہا  ریرا) نے اس سلسلے میں  کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے  جنوری میں رجسٹرڈ ہونے والے ۵۸۴؍ ہاؤسنگ پروجیکٹس کے پروموٹرس کو نوٹس جاری  کر دیا ہے۔  اس سال جنوری میں ۷۴۶؍ پروجیکٹس کا مہا ریرا میں رجسٹریشن ہوا  جن میں  ۲۲؍ ہزار ۴۴۹؍ کروڑ روپے کی مالیت کے ۵۰؍ ہزار ۲۸۸؍ اپارٹمنٹ بنیں گے۔ جن پروجیکٹس کو نوٹس جاری کیاگیا ہے ان میں  سے زیادہ تر ممبئی میٹروپولیٹن ریجن میں ہیں۔  
کھر خریدنے والوں پر کیا اثر پڑےگا؟
 ایک بار پروجیکٹ کا رجسٹریشن معطل ہوجانے کے بعد معطلی کا حکم منسوخ ہونے تک اپنے پروجیکٹس میں موجود اپارٹمنٹ کی نہ  مارکیٹنگ اور ایڈورٹائزنگ  کرسکتاہے اور نہ ہی انہیں فروخت کرسکتاہے۔  مہاریرا کے اہلکاروں کے مطابق فی الحال یہ کارروائی صرف ان پروجیکٹس کے خلاف کی جارہی ہے جن کا رجسٹریشن  جنوری میں ہوا تھا اور۵؍ ماہ گزر جانے کے بعد بھی انہوں  نے سہ ماہی پروگریس رپورٹ داخل نہیں کی ہے۔ مہاریرا کے ضوابط کے مطابق ڈیولپرس کیلئے لازمی  ہے کہ رجسٹریشن کروانے کے بعد وہ ہر ۳؍ ماہ میں  رپورٹ داخل کرکے  بتائیں کہ پروجیٹ کہاں تک پہنچا ہے۔ چونکہ یہ کارروائی جنوری میں رجسٹرڈ ہونے والے پروجیکٹس کے خلاف کی جارہی ہے جن کے مکان بہت کم تعداد میں فروخت ہوئے ہیں اس لئے بہت کم خریدار اس کارروائی سے متاثر ہوں گے۔ 
کارروائی کی وجہ کیا ہے؟
  مہاریرا کے ذمہ داران کے مطابق وہ خریداروں  کے حقوق کے تحفظ کیلئے  چاہتے ہیں کہ ممکنہ ڈیفالٹرس کو جلد پکڑ لیا جائےتاکہ زیادہ خریدار متاثر نہ ہوں۔ 
 واضح رہے کہ ایک بار اگر مہاریرا کسی پروجیکٹ کو معطل کردیتاہے تو  اس کے تعلق سے تمام سرگرمیاں  رُک جاتی ہیں جن میں تعمیراتی کام بھی شامل  ہے۔یہی وجہ ہے کہ مذکورہ پروجیکٹس کو فنڈ فراہم کرنے والے قرض دہندگان کو بھی اس سے آگاہ کردیا جاتا ہے۔
فنڈنگ ایجنسیوں کو آگاہ کیا جائےگا
  مہا ریرا کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ’’ہم پروجیکٹس کو معطل کرنے کے بعد (انہیں قرض دینے والے ) بینکوں کو بھی آگاہ کریں گے۔‘‘ ریئل اسٹیٹ  (ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ ایکٹ)  ۲۰۱۶ء کی دفعہ ۴(۲)(ڈی) کے مطابق ایسے پروجیکٹس کے پروموٹرس کیلئے ضروری ہے کہ وہ مذکورہ پروجیکٹ کیلئے شیڈولڈ بینک میں ایک الگ  اکاؤنٹ کھولیں۔ 
سہ ماہی رپورٹ کی اہمیت
 سہ ماہی رپورٹ کی مدد سے گھر خریدنے والے افراد اس بات پر نظر رکھ سکتے ہیں کہ پروجیکٹ کس طرح  آگے بڑھ رہاہے۔ اس طرح ان کیلئے یہ طے کرنا آسان ہوجاتا ہے کہ وہ اس میں سرمایہ کاری کریں یا نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK