Inquilab Logo Happiest Places to Work

چلتی کار کنویں میں جا گری، ۹؍ افراد موقع پر ہلاک

Updated: April 04, 2026, 11:54 PM IST | Nashik

ناسک کے دنڈوری علاقے میں دلخراش حادثہ، مہلوکین میں ۶؍ بچے اور ان کے ۳؍ سرپرست شامل ہیں، فی کس ۵؍ لاکھ معائوضے کا اعلان

Minister Girish Mahajan inspected the scene
وزیر گریش مہاجن نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا

ناسک ضلع کے دنڈوری تعلقے میں ایک دلخراش سانحہ پیش آیا ہے۔ یہاںایک چلتی ہوئی کار گہرے کنویں میں جاگری۔اس میں سوار ۹؍مسافرجائے وقوعہ پر ہی دم توڑ گئے۔ مہلوکین میں ۶؍ اسکولی طلبہ تھے جبکہ ۳؍ ان کے سرپرست۔اس سانحے سے دنڈوری اور پورے ضلع ناسک میں غم واندوہ کاماحول ہے۔ریاستی حکومت کی جانب سے مہلوکین کے لواحقین کو فی کس ۵؍ لاکھ روپے دیئے جائیں گے۔ جبکہ انتظامیہ نے مذکورہ کنویں کو سیل کر دیا ہے ۔ 
 اطلاع کے مطابق جمعہ کو دونڈوری تعلقے کے اندورے گائوں میں رہنے والے درگوڈے خاندان کے کچھ بچے اور ان کے سرپرست اپنی ماروتی سوزوکی ارٹیگا گاڑی( ایم ایچ۱۵؍۔جے ایس ۱۰۵۳) میں بیٹھ کر ایک پرائیویٹ کلاسیس کے سالانہ جلسے میںشرکت کیلئے دنڈوری شہر گئے ہوئے تھے۔ وہاں سے لوٹتے وقت رات  ۹؍ اور ۱۰؍ بجے کے درمیان جب وہ شیواجی نگر علاقے میں پہنچے تو ڈرائیور کا کنٹرول گاڑی پر سے چھوٹ گیا اور گاڑی سڑک کنارے موجود  کھلے ہوئے کنویں میں جا گری۔شاہدین کے مطابق کنویں میں پانی بھرا ہوا تھا۔ آس پاس کے لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی۔ فوری طور پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ  اور پولیس کا عملہ موقع پر پہنچا  لیکن گہرے پانی اور اندھیرے کی وجہ سے گاڑی کو باہر نکالنے میں دقت پیش آ رہی تھی۔ رات تقریباً ۱۲؍ بجے گاڑی کو باہر نکالا گیا۔اس وقت تک پانی میں ڈوبنے کی وجہ سے تمام ۹؍ لوگوں کی موت ہو چکی تھی۔  
مہلوکین کے نام 
  سنیل دتاتریہ درگوڈے (۳۲) ریشما سنیل درگوڈے (۲۷)  آشا انیل درگوڈے(۳۲) شرستی انیل درگوڈے (۱۴) گوناوتی سنیل درگوڈے (۱۱)شریاس انیل درگوڈے (۱۱)شردھا انیل درگوڈے (۱۳) شراونی انیل درگوڈے(۱۱) سمردھی راجندر درگوڈے (۷) ان سب کا تعلق ایک ہی فیملی سے ہے۔  
گریش مہاجن کا جائے وقوعہ کا دورہ 
 ریاست کے وزیرآب رسانی وانتظامات برائے ہنگامی حالات گریش مہاجن نے سنیچر کی صبح دنڈوری کا دورہ کیا۔انہوں نے دورے کے بعد میڈیا سے خطاب میں کہا کہ واقعے کی مکمل وشفاف جانچ کروائی جائےگی۔اس کنویں کو سیٖل کرنے کیلئے دنڈوری میونسپل کاؤنسل کو احکامات دیئےگئے ہیں۔گریش مہاجن نے کہا کہ مہلوکین کے وارثین کو فی کس ۵؍ لاکھ روپے امداد ریاستی گورنمنٹ کی طرف سے دی جائےگی۔گریش مہاجن کے اعلان کے بعد کنویں کو سیل کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ۔ مذکورہ کنواں مقامی باشندے راجو راجے کا بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے راجو راجے کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے لیکن معاملہ درج ہونے کی خبر ملتے ہی وہ فرار ہو گیا۔ مذکورہ کنویںسڑک کنارے ہے اور حال ہی میںسڑک کی تعمیر کی وجہ سے سڑک کی سطح سے کچھ نیچے ہو گیا ہے اور سڑک سے چند فٹ دور ہونے کے سبب وہ دکھائی نہیں دیتا۔  وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بھی اس معاملے کا نوٹس لیا اور ٹویٹ کے ذریعے معصوم بچوں کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے ریاست میں اس طرح کے کنوئوں کا آڈٹ کروانے کا حکم بھی جاری کیا۔ 

nashik Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK