Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسلامی سالِ نوکےآغاز پرغلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور اور بابرکت تقریب کا انعقاد

Updated: June 26, 2025, 12:24 PM IST | Agency | Makkah Mukarramah

سعودی عرب میں نئے اسلامی سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور اور بابرکت تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی تھیں۔

The spiritual scene of the changing of the Kaaba`s shroud in the Grand Mosque. Photo: INN
مسجد حرام میں غلاف کعبہ کی تبدیلی کا روح پرورمنظر۔ تصویر: آئی این این

سعودی عرب میں نئے اسلامی سال کے آغاز پر مسجد الحرام میں غلافِ کعبہ کی تبدیلی کی روح پرور اور بابرکت تقریب کا انعقاد کیاگیا، جس کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کی گئی تھیں۔ عرب خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق غلافِ کعبہ کی تیاری اور تبدیلی کا عمل خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نیابت میں گورنر مکہ مکرمہ کی سربراہی میں انجام دیاگیا، جس میں مسجد الحرام کے ائمہ کرام، کسوہ فیکٹری کے ماہرین، اعلیٰ حکام اور خصوصی ٹیم نےشرکت کی۔ رپورٹس کے مطابق غلاف کعبہ کی تیاری کا عمل انتہائی مہارت اور عقیدت سے مکمل کیا جاتا ہے، جس میں دو سو سے زائد ماہر کاریگر اور فنکار شرکت کرتے ہیں، کسوہ فیکٹری میں ۱۱؍ ماہ کی مسلسل محنت سے تیار کیا گیا یہ نیا غلاف مجموعی طور پرایک ہزار۵۱۴؍ کلوگرام وزنی ہے۔ نیا غلاف چار بڑے ٹکڑوں کے ساتھ درمیانے اور چھوٹے۴۷؍ حصوں پر مشتمل ہے۔ غلاف میں ایک ہزارکلوگرام خالص سِلک (ریشم) استعمال کیا گیا ہے، جبکہ اس پر۱۲۰؍ کلوگرام سونے اور۱۰۰؍ کلوگرام چاندی سے تیار کردہ دھاگوں سے قرآنی آیات کی کشیدہ کاری کی گئی ہے۔ 
 رپورٹس کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب کا آغاز نمازِ عصر کے بعد پرانے غلاف کے سنہرے حصوں کو احتیاط سے ہٹانے سے ہوگا، جبکہ مکمل طور پر نیا غلاف نمازِ عشاء کے بعد کعبہ شریف پر چڑھایا جائے گا۔ اس روایت کو ہر سال یکم محرم کو ادا کیا جاتا ہے اور حرمین شریفین کی تاریخ میں اسے ایک عظیم الشان اور مقدس عمل کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ رواں برس سعودی عرب کے شہر جدہ میں اسلامی آرٹس بینالے۲۰۲۵ء کے عنوان سے اسلامی فنون کی نمائش میں پہلی بار مکہ مکرمہ سے باہر غلافِ کعبہ کی نمائش کا انعقاد کیا گیا تھا۔ یہ بے مثال ایونٹ درعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی میزبانی میں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حج ٹرمینل پر۲۵؍جنوری سے۲۵؍ مئی تک منعقد کیا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ میں کعبہ مشرفہ کے لیے ہر سال نیا غلاف تیار کیا جاتا ہے جو زردوزی اورقرآنی آیات سے کشیدہ کاری کا خوبصورت نمونہ ہوتاہے۔ درعیہ بینالے فاؤنڈیشن کی رپورٹ کے مطابق غلافِ کعبہ قرآنی آیات، اسماء حسنہ اور اسلامی طرز کی آرائش کے ساتھ اسلامی فنون کی تخلیق کی اعلیٰ ترین شکل تصور کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ تقریب نہ صرف مسلمانوں کیلئے اہمیت رکھتی ہے، بلکہ پوری دنیا میں ایک روحانی پیغام پہنچاتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK