Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی بنگال میں مجموعی طور پر ۳۸؍ مسلم امیدوار کامیاب ہوئے

Updated: May 06, 2026, 11:43 AM IST | Agency | Kolkata

کانگریس کے دوامیدوار کامیاب ہوئے اور وہ دونوں ہی مسلم ہیں،اس کے علاوہ سی پی ایم اور اے آئی ایس ایف کو ایک ایک سیٹ ملی ہے اور وہ بھی مسلم ہیں ، ہمایوں کبیر دو جگہ سے جیتے ہیں جبکہ ٹی ایم سی کے ۸۰؍ میں سے۳۲؍ مسلم ہیں۔

Muslim Candidate.Photo:INN
کامیاب مسلم امیدوار۔ تصویر:آئی این این
 مغربی بنگال کے انتخابات پر بحث ابھی کچھ دنوں تک جاری رہے گی۔ اس دوران ایک بات یہ سامنے آئی کہ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں ایک بھی سیٹ حاصل نہ کرنے والی کانگریس کو۲؍سیٹوں پر کامیابی ملی ہے اوروہ دونوں ہی مسلمان ہیں۔اسی طرح ممتا بنرجی نے جن۸۰؍ سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے، ان میں سے۳۲؍ امیدوار مسلم ہیں۔ٹی ایم سی نے مجموعی طور پر ۴۷؍مسلمانوں کو ٹکٹ دیا تھا۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ۵۰؍ فیصد سے زائد مسلم امیدواروں  نے جیت حاصل کی ہے۔
دوسری طرف بی جے پی نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایک بھی مسلمان کو ٹکٹ نہیں دیا تھا۔ مسلمانوں کو سب سے زیادہ ٹکٹ دینے والی پارٹی کانگریس تھی، جس نے۲۹۴؍سیٹوں میں سے۷۸؍ پر مسلم امیدوار اتارے تھے۔لیفٹ نے۲۹؍ اور’ اے آئی ایس ایف‘ نے۲۴؍ مسلمانوں کو میدان میں اتارا تھا۔ اس کے علاوہ ہمایوں کبیر نے اپنی نئی پارٹی ’عام جنتا اونین پارٹی‘ (اے جے یو پی) کی جانب سے۱۸۲؍ امیدوار میدان میں اتارے تھے، ان میں سے بیشتر ٹکٹ مسلمانوں ہی کو  دیئے تھے۔
مجموعی طور پراس اسمبلی انتخابات میں تمام پارٹیوں کو ملا کر۳۸؍ مسلم امیدوار کامیاب ہوئے ہیں جو گزشتہ اسمبلی کے مقابلے ۴؍کم ہیں۔ ۲۰۲۱ء کے اسمبلی انتخابات میں کل ۴۲؍ مسلم ایم ایل ایز منتخب ہوئے تھے۔ اس مرتبہ سی پی آئی (ایم) کو بنگال میں صرف ایک سیٹ پر جیت ملی ہے اور وہ بھی مسلم امیدوار محمد مستفیض الرحمٰن کی شکل میں۔ اسی طرح اے آئی ایس ایف کو بنگال میں صرف ایک سیٹ پر جیت حاصل ہوئی ہے، وہ بھی ایک مسلم امیدوار ہی ہے اور ان کا نام محمد نوشاد صدیقی ہے۔ اس کے علاوہ ٹی ایم سی کو چھوڑ کر الگ پارٹی بنانے والے ہمایوں کبیر کو صرف۲؍ سیٹوں پر جیت حاصل ہوئی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ دونوں سیٹیں ہمایوں کبیر نے ہی جیتی ہیں، ان کی پارٹی کے دیگر امیدواروں کو کوئی سیٹ نہیں مل پائی ہے۔ مجموعی طور پر کانگریس، سی پی آئی (ایم)، اے آئی ایس ایف اور اے جے یو پی کو بنگال میں جو سیٹیں ملی ہیں وہ مسلم امیدواروں کی شکل میں ہی ملی ہیں۔
 
 
بنگال کی ’فرکا‘ اسمبلی نشست پر کانگریس کے مہتاب شیخ نے جیت حاصل کی ہے۔انہوں نے بی جےپی امیدوارسنیل چودھری کو شکست دی ہے۔ یہاں تیسرے نمبر پر ٹی ایم سی امیدوار امیر الاسلام رہے، جنہیں۴۷؍ ہزار ۲۵۶؍ ووٹ ملے۔ ’فرکا‘ اسمبلی نشست سے کل۱۲؍ امیدوار میدان میں تھے، جن میں سے۷؍ مسلمان تھے۔
 
 
کانگریس نے دوسری سیٹ رانی نگر اسمبلی جیتی ہے۔ رانی نگر ایک مسلم اکثریتی علاقہ ہے جہاں انتخابی میدان میں کل۱۵؍ امیدوار موجود تھے۔ ان میں سے۱۱؍ مسلمان تھے۔ کانگریس کے امیدوار ذوالفقار علی نے مجموعی طور پر ۷۹؍ ہزار ۴۲۳؍ ووٹ حاصل کئے۔ انہوں نے ٹی ایم سی کے مسلم امیدوار عبدالسمیع حسین کو شکست دی، جنہیں۷۶؍ ہزار ۷۲۲؍  ووٹ ملے اور وہ ۲؍ ہزار ۷۰۱؍ووٹوں کے فرق سے ہار گئے۔ اس نشست پر بی جے پی تیسرے نمبر پر رہی۔ خاص بات یہ تھی کہ اس سیٹ پر صرف بی جے پی ہی ایسی پارٹی تھی جس نے غیر مسلم امیدوار کو ٹکٹ دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ذوالفقار علی نام کے۲؍ دیگر آزاد امیدواروں نے بھی الیکشن لڑا تھا، جن میں سے ایک کو ۴۵۴؍ اور دوسرے کو۳۵۶؍ ووٹ ملے۔ترنمول کانگریس کے مسلم ایم ایل ایز میں  حامد الرحمان، محمد غلام ربانی، منہاج الآفرین آزاد، عبدالرحیم بخشی، شبینہ یاسمین، فرہاد حکیم، محمد نور عالم ، ڈاکٹر عبدالعزیز،ریاست حسین سرکار، نعمت شیخ،الیفہ احمد، جابر شیخ، احمد جاوید خان اور فیض الحق کے نام قابل ذکر ہیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK