۲۰۰۶ء کےاس کیس کا مدعی فوت ہوچکاہے، پولیس نے بیان درج کرانےکیلئے سابق وزیرکو نوٹس جاری کیا۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 11:36 AM IST | Agency | Lucknow
۲۰۰۶ء کےاس کیس کا مدعی فوت ہوچکاہے، پولیس نے بیان درج کرانےکیلئے سابق وزیرکو نوٹس جاری کیا۔
سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان جو طویل قیدو بند کے بعد جیل سے رہاہوئے ہیں، کو اترپردیش پولیس نے پھر پریشان کرنا شروع کردیا ہے۔ پولیس نے ۲؍دہائی پرانے ایک ملکیت کے انہدام کی تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے نوٹس جاری کیا ہے۔
یہ معاملہ۲۰۰۶ءمیں رام پور میں ایک عمارت اور کاروباری یونٹ کو مبینہ طور پر منہدم کیے جانے سے متعلق ہے۔شکایت کنندہ افضل خان نے الزام لگایا تھا کہ اس وقت ریاستی حکومت میں شہری ترقی کے وزیر اعظم خان کے کہنے پر ضلعی انتظامیہ نے بغیر پیشگی نوٹس ان کی پاپڑ بنانے کی فیکٹری، آٹا چکی اور تہہ خانے کو منہدم کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: سیٹوں پر رسہ کشی تیز،کانگریس کا ۱۳۱؍ پر دعویٰ، سماجوادی ۲۶؍ دینے کو تیار
ان کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے محمد علی جوہر یونیورسٹی کی تعمیر کیلئے ۵؍ لاکھ روپے چندہ دینے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔اس معاملے میں۲۰۰۷ءمیں اعظم خان اور اس وقت کے سب ڈویژنل مجسٹریٹ سمیت دیگر افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ تاہم پولیس نے ستمبر۲۰۰۷ءمیں ثبوتوں کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کلوزر رپورٹ داخل کر دی تھی۔ شکایت کنندہ کے بیٹے ذوالفقار کی جانب سے اس رپورٹ کو چیلنج کیے جانے کے بعد رام پور کی ایم پی-ایم ایل اے عدالت نے جنوری۲۰۲۵ء میں دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا تھا۔پولیس ٹیم اتوار کو اعظم خان کی رام پور رہائش گاہ پہنچی اور بیان ریکارڈ کرانے کے لیے نوٹس دینے کی کوشش کی، تاہم انہوں نے اسے قبول نہیں کیا۔ پولیس کے مطابق اب یہ نوٹس ان کے وکیل کے ذریعے پہنچایا جائے گا۔ شکایت کنندہ اور اس معاملے میں نامزد سابق سب ڈویژنل مجسٹریٹ کا انتقال ہوچکا ہے۔